اٹک،فتح جنگ ( بیورو رپو رٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ نیزہ بازی پنجاب خصوصاً پوٹھوہار کے خطے کی قدیم ثقافتی اور روایتی کھیلوں میں نمایاں مقام رکھتی ہے، نوجوانوں کو منشیات اور دوسری منفی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے کھیلوں جیسی صحت مند سرگرمیوں کا فروغ بہت اہم ہے، روایتی کھیلوں کا نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ہے، اس طرح کے مقابلوں کے انعقاد سے ہماری ثقافتی روایات کو زندہ رکھا جا سکتا ہے، ان خیالات کا اظہا ر انہو ں نے تحصیل فتح جنگ میں نیزہ بازی کے مقابلے میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر تے ہوئے کیا ، اس موقع علاقہ معززین، سیاسی و سماجی شخصیات، نیزہ بازی کے شائقین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد بھی موجود تھی،سردار سلیم حیدر خان نے نیزہ بازی کے مقابلوں میں حصہ لینے والے گھڑ سواروں کی مہارت، جذبے اور بہترین کارکردگی کو سراہاتے ہوئے کہا کہ گھڑ سواری اور نیزہ بازی کے مقابلے نوجوان نسل کو اپنے تاریخی ورثے اور روایتی کھیلوں سے روشناس کرانے کا اہم ذریعہ ہیں، روایتی کھیلوں کا مقامی ثقافت اور علاقائی روایات کے تحفظ میں بھی اہم کردار ہے،آخر میں گورنر پنجاب نے مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور نیزہ بازی کے مقابلے کے کامیاب انعقاد پر منتظم ملک عاقب خان سمیت دیگر کو مبارکباد دی۔
