اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی )وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ کی مداخلت سے پاکستان ریلو ے نے سر گودھا اور ملتان کے درمیان چلنے والی ریلوے ٹرین ساندل ایکسپریس طویل عرصے کے بعد دوبارہ بحال کردی ہے جس سے علاقے کے لاکھوں عوام کو
فائدہ ہواہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے سرگودھا اور ملتان کے درمیان چلنے والی ٹرین کچھ عرصہ قبل بند کردی تھی جس سے عوام الناس بالخصوص طلبا ،ملازم پیشہ اور کاروباری افراد کو روزمرہ کے سفر کے لئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔ علاقے کے عوام ریلوے سے اس ٹرین کو بحال کرنے کی درخواستیں کرتے رہے لیکن شنوائی نہ ہو ئی۔24 مئی کو سلانوالی کے ایک رہائشی محمدرمضان نے سرگودھا میں وفاقی محتسب کے علاقائی دفتر میں ٹرین کی بحالی کے لئے درخواست دی۔ علا قائی دفتر کے انچارج خواجہ سیف الرحمان نے راولپنڈی اور ملتان سے ریلو ے حکام کو طلب کر کے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران محکمہ ٹرین بند کرنے کے بارے میں کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا، تاہم ریلوے حکام نے سماعت کے دوران موقف اختیار کیا کہ ٹرین کی بحالی پاکستان ریلو ے ہیڈکوارٹرز لا ہور میں ریلوے ٹریفک کے دفتر کا اختیار ہے چنانچہ معاملہ ریلوے ہیڈکوارٹرز میں اٹھایا گیا۔ کیس کی سماعت اور خط و کتابت کے بعد وفاقی محتسب نے اپنے فیصلے میں ساندل ایکسپریس کو بحال کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔ اب پا کستان ریلوے نے وفاقی محتسب کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ملتان اور سرگودھا کے درمیان ساندل ایکسپریس کو بحال کردیا ہے۔ 21اگست 2026 کو ساندل ایکسپریس ملتان سے مسافروں کو لے کر سرگودھا پہنچی تو عوام الناس میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، علاقے کے عوام نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ دفتر نہ ہو تا تو ہماری کہیں شنوائی نہ ہوتی۔ ہم طویل عرصے سے ریلوے کے مختلف دفاتر کے چکر کاٹتے رہے لیکن کوئی ریلیف نہ ملا۔ وفاقی محتسب نے تین ماہ سے بھی کم عرصے میں ٹرین کو دوبارہ چلوا دیا ہے۔ ٹرین کی بحالی سے ملتان اور سرگودھا کے درمیان سینکڑوں قصبوں اور دیہات کے لاکھوں عوام کو فائدہ ہوا ہے۔
