پاکستان کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے صاحبزادہ فرحان کو ٹی20 فارمیٹ میں کپتان برقرار رکھنے کی حمایت کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی سری لنکا کے خلاف آئندہ تین ٹی20 میچز کی سیریز میں فرحان کو کپتانی دینے پر غور کر رہا ہے۔
صاحبزادہ فرحان اس وقت ایشین گیمز میں پاکستان کی ٹی20 ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ مائیک ہیسن نے کہا تھا کہ ایشین گیمز فرحان کے لیے قیادت کا تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ مستقبل کی کپتانی کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی اور پی سی بی چیئرمین کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق اگر فیصلہ فرحان کے حق میں ہوا تو وہ سلمان علی آغا کی جگہ پاکستان کے ٹی20 کپتان بن سکتے ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی20 میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں شیڈول ہیں۔
ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ 2028 کے ٹی20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے اور کھلاڑیوں کا وسیع پول تیار کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔ تاہم کپتانی کے حوالے سے حتمی فیصلہ ایشین گیمز کے بعد متوقع ہے۔

