اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت پاکستانی نوجوانوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ پاکستان نے پہلی بار ورلڈ سکلز مقابلے میں شرکت کرتے ہوئے شنگھائی میں مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔پاکستان کی جانب سے پہلی مرتبہ ورلڈ سکلز مقابلے میں شرکت کرنے والے تین نوجوانوں، مدثر حسین نے الیکٹریکل انسٹالیشنز، محید محبوب نے کوکنگ جبکہ نبیل عارفین میمن نے گرافک ڈیزائن ٹیکنالوجی کے مقابلے میں حصہ لیا۔پاکستانی نوجوانوں نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے مختلف مراحل کے قومی ہنر مندی کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ورلڈ سکلز مقابلے تک رسائی حاصل کی۔ اس طویل اور مشکل مرحلے میں زونل، ریجنل، صوبائی اور قومی سطح کے مقابلے شامل تھے۔ چیئرمین NAVTTC انجینئر قمر الاسلام راجہ نے پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے شنگھائی میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی اور مقابلے کے مختلف مراحل میں ان کے ساتھ موجود رہے۔ ورلڈ سکلز مقابلے میں 70 سے زائد ممالک اور خطوں کے نوجوان ہنرمندوں نے شرکت کی، جہاں پاکستان کے نوجوانوں نے محدود وسائل اور مختصر تربیتی مدت کے باوجود بھرپور اعتماد کے ساتھ عالمی سطح کے ماہر نوجوانوں کا مقابلہ کیا اور نمایاں اسکور حاصل کیے۔ پاکستانی نوجوانوں کی یہ کارکردگی اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ باصلاحیت پاکستانی نوجوان عالمی معیار کے ہنر اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔ پہلی مرتبہ عالمی سطح کے اس بڑے مقابلے میں شرکت پاکستان کے لیے ایک اہم سنگِ میل اور مستقبل کے لیے ایک مضبوط بنیاد ہے۔اس موقع پر چیئرمین NAVTTC انجینئر قمر الاسلام راجہ نے پاکستانی نوجوانوں کی محنت اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے ہنر مند نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔ محدود وسائل کے باوجود نوجوانوں نے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی بھرپور انداز میں کی اور ملک کا نام روشن کیا۔
