پشاور/کراچی/اسلام آباد (این این آئی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبہ بچانے کے لیے اگر ایمرجنسی لگانا پڑی تو ضرور لگائیں گے، اور اگر ایمرجنسی لگتی ہے تو پی ٹی آئی کے لیے میں اکیلا ہی کافی ہوں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ جب صوبے کی صورتحال ایسی ہو جاتی ہے تو صدر، وزیراعظم اور دیگر ادارے سمجھیں تو ایمرجنسی لگنے کی گنجائش ہوتی ہے۔انہوںنے کہاکہ صوبہ بچانے کے لیے اگر ایمرجنسی لگانا پڑی تو ضرور لگائیں گے، اگر ایمرجنسی وغیرہ لگ جاتی ہے تو میں اکیلا ہی ان کے لیے کافی ہوں، ابھی یہ چھپ رہے ہیں، گرفتاریاں دے رہے ہیں، میں ان کی طرح بھڑکیں نہیں مارتا، جب میدان لگے گا پھرمیں ان کو دیکھ لوں گا۔فیصل کریم کنڈی نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ ہو رہا ہے؟ کیا پشاور میں کچھ ہو رہا ہے،کوئی کارنر میٹنگ ہوئی،کوئی بینر دیکھا، لانگ مارچ میں ہم نے صرف خود ساختہ گرفتاریاں اور روپوشیاں دیکھیں۔
