راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سلمان غنی کی ہدایات پر راولپنڈی میں غیر قانونی تعمیرات اور بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں آر
ڈی اے کے انفورسمنٹ سکواڈ نے موضع چک جلال دین، راولپنڈی میں غیر قانونی طور پر زیر تعمیر ایک رہائشی عمارت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے مسمار کر دیا۔ مذکورہ عمارت مسمی عاشق کی جانب سے رہائشی پلاٹ پر متعلقہ ادارے سے پیشگی منظوری اور این او سی حاصل کیے بغیر تعمیر کی جا رہی تھی، جو آر ڈی اے کے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز کی خلاف ورزی تھی۔ چنانچہ متعلقہ قانونی ضوابط کے تحت غیر قانونی تعمیر کو مسمار کر دیا گیا۔ یہ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر آرڈی اے پلاننگ محمد داد کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی، جس میں بلڈنگ سپرنٹنڈنٹ ارسلان شوکت، بلڈنگ سرویر عامر محمود ملک اور عاصم نواز کھو کھر، آر ڈی اے کے دیگر عملے اور تھانہ دھمیال کی پولیس نے حصہ لیا۔ کمشنر راولپنڈی نے آر ڈی اے کے میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی ہے کہ منظم شہری ترقی کو یقینی بنایا جائے اور پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور آر ڈی اے کے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آر ڈی اے کے زیر کنٹرول علاقے میں غیر قانونی تعمیرات، غیر مجاز ترقیاتی سرگرمیوں اور غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔ کمشنر راولپنڈی نے جائیداد مالکان اور ڈویلپرز کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی قسم کی تعمیر شروع کرنے سے قبل منظوری حاصل کریں اور منظور شدہ نقشہ جات اور مروجہ قوانین پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور فیلڈ ٹیموں کو غیر قانونی تعمیرات اور دیگر خلاف ورزیوں کی مثر نگرانی جاری رکھنے اور قانون کے مطابق فوری کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ آر ڈی اے نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہاسنگ سکیم یا تعمیراتی منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے سے قبل اس کی قانونی حیثیت اور متعلقہ منظوریوں کی تصدیق ضرور کریں۔
