لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت پنجاب پولیس کی ناجائز اسلحہ کے خلاف مہم جاری ہے۔ پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں سنگین وارداتوں، اسلحہ کی نمائش اور دیگر خلاف ورزیوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔ پنجاب پولیس نے رواں سال صوبہ بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے 760 کلاشنکوف،26 ہزار897 پسٹلز، 1,342 رائفلز،2,096 بندوقیں، 592 ریوالورز اور ایک لاکھ45 ہزار 764 گولیاں برآمد کیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مختلف کارروائیوں کے دوران 22 کلاشنکوف،118 رائفلز، 140 بندوقیں،4,915 پسٹلز، 108 ریوالورز اور24,331 گولیاں برآمد کی گئیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے’ اس کی نمائش کرنے اور ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے غیر قانونی اسلحہ کی خرید و فروخت اور نقل و حمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلحہ ڈیلرز کے لائسنس، اسلحہ کے سٹاک اور خرید و فروخت کے ریکارڈ کی باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے مزید ہدایت کی کہ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش اور غیر قانونی اسلحہ کی تشہیر کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
پنجاب پولیس کی ناجائز اسلحہ کیخلاف مہم جاری’بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

