کراچی (این این آئی) پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے آئل مارکیٹنگ کمپنی تبدیل کرنے کے لیے موجودہ کمپنی سے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) کی شرط عائد کرنے سے متعلق اوگرا کے نوٹیفکیشن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ سینیٹر رانا محمود الحسن کو خطوط ارسال کر دیے ہیں، جن میں معاملے میں مداخلت، نوٹیفکیشن پر نظرثانی اور تمام متعلقہ فریقین کا فوری اجلاس بلانے کی اپیل کی گئی ہے۔چیئرمین پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ملک خدا بخش نے خط میں کہا ہے کہ اوگرا کی جانب سے 5 اگست کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے تحت لیز معاہدہ ختم ہونے کے بعد کسی دوسری آئل مارکیٹنگ کمپنی سے منسلک ہونے کے لیے موجودہ کمپنی سے این او سی لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
