اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے، بھارت نے پانی روکا تو اسے جنگی اقدام تصور کیا جائے گا، پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے نہیں دیں گے۔
یہ بات انہوں نے مالدیپ کے صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے اور 20 مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔سرکاری میڈیا کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے درمیان آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی اور بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح وفود کی سطح پر اجلاس بھی ہوا۔شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس آمد پر مالدیپ کے صدر کا استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر کی تقریب منعقد کی۔ صدر معیزو نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور وزیراعظم ہاؤس میں یادگار کے طور پر پودا بھی لگایا۔مذاکرات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مالدیپ کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پانی ہماری ریڈلائن، روکنے کی کوئی بھی کوشش جنگی اقدام تصور ہوگی: وزیراعظم شہباز شریف

