اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ
پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تعلقات اخوت، باہمی اعتماد اور غیر مشروط یکجہتی کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، دونوں برادر ممالک نے ہر عالمی فورم پر ایک دوسرے کے اصولی موقف کی ہمیشہ غیر متزلزل حمایت کی ہے اور یہ تاریخی رشتے اب تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور بالخصوص ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے جدید میدانوں میں ایک فعال شراکت داری کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔وہ بدھ کو اسلام آباد میں جمہوریہ آذربائیجان کے یوم فتح کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ پروقار تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہی تھیں۔ آذربائیجان کے سفیر عرفان دائودوف کی میزبانی میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل سرفراز، وفاقی کابینہ کے ارکان، اراکین پارلیمنٹ، دوست ممالک کے سفیروں، سینئر عسکری و سول حکام اور ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے حکومت اور عوام پاکستان کی جانب سے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، آذری حکومت اور عوام کو یوم فتح پر دلی مبارکباد پیش کی اور نو تعینات سفیر عرفان دائودوف کو پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر خوش آمدید کہا۔شزا فاطمہ خواجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر مشروط حمایت کی ہے جبکہ باکو نے بھی عالمی فورمز پر مقبوضہ کشمیر کے تنازع سمیت ہر بین الاقوامی معاملے میں پاکستان کے موقف کی بھرپور تائید کی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی باکو میں یوم فتح کی پریڈ میں تاریخی شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے ترانوں کی گونج اور افواج کے اشتراک نے دنیا پر باہمی اتحاد ثابت کیا۔
پاکستان اور آذربائیجان کی دوستی باہمی اعتماد’ یکجہتی کا مظہر ہے: شزا فاطمہ خواجہ

