اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) جاپان کے سفارت خانے کے زیر اہتمام جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز کے قیام کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد میں پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی نمائندگی کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی اور ان کی اہلیہ یومیکو اکاماتسو نے استقبالیہ تقریب کی میزبانی کی۔ تقریب میں جاپانی سفارت خانے کے دفاعی اتاشی کرنل تویوڈا تاکیشی نے جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز کی نمائندگی کی۔ اس موقع پر جاپان اور پاکستان کے قومی ترانے پیش کیے گئے، جس کے بعد جاپانی سفیر، وفاقی وزیر دفاع اور دیگر مہمانوں نے یادگاری کیک کاٹا۔ تقریب میں جاپان کے وزیر دفاع کوئزومی شن جیرو کا ویڈیو پیغام بھی دکھایا گیا۔استقبالیہ میں اعلیٰ عسکری حکام، وفاقی وزرائ، ارکان پارلیمنٹ، سرکاری افسران، سفارتی نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے کہا کہ جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز کی تاریخ دراصل جاپان کے امن کے عزم کی عکاس ہے۔ جاپان کی دفاعی افواج آج بھی امن پسندی اور صرف دفاعی حکمت عملی کے اصولوں پر کاربند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاپان جس امن کا خواہاں ہے وہ خاموشی کے بجائے مکالمے، تقسیم کے بجائے تعاون اور طاقت کے بجائے قانون کی حکمرانی پر مبنی ہے۔جاپانی سفیر نے کہا کہ امن کا تحفظ صرف عسکری طاقت کے مظاہرے سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے مسلسل سفارتی روابط، مکالمے اور ایک دوسرے کے درمیان اعتماد کے پل تعمیر کرنا ضروری ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی سفارتی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنازعات کو مذاکرات میں تبدیل کرنے کی پاکستان کی غیر معمولی سفارتی مہارت عالمی برادری کی جانب سے اعلی سطح پر پذیرائی کی مستحق ہے۔اکاماتسو شوئیچی نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دفاعی تعاون کی مختلف مثالوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جاپان کی زمینی دفاعی افواج کے فوجی تربیتی ادارے فوجی سکول میں بین الاقوامی طلبہ کو تعلیم و تربیت فراہم کی گئی۔ اسی طرح 2010 میں شمال مغربی پاکستان میں آنے والے سیلاب کے دوران جاپانی زمینی دفاعی افواج کے ہیلی کاپٹر یونٹ نے امدادی کارروائیوں میں معاونت فراہم کی تھی۔انہوں نے مزید بتایا کہ جاپان کی بحری دفاعی افواج کے جنگی جہاز مراسامے نے کثیرالقومی بحری مشق امن 2025 میں بھی شرکت کی، جو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور بحری تعاون کی ایک اہم مثال ہے۔جاپانی سفیر نے امید ظاہر کی کہ یہ تقریب جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز کے کردار اور ذمہ داریوں کو سمجھنے کا موقع فراہم کرے گی اور پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔واضح رہے کہ جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز یکم جولائی 1954 کو قائم کی گئی تھیں، جبکہ یکم نومبر کو ان کے دن کے طور پر منانے کی روایت اختیار کی گئی تاکہ قدرتی آفات، خصوصا سمندری طوفانوں کے دوران امدادی کارروائیوں میں ان کے کردار کو بھی اجاگر کیا جا سکے۔ رواں برس جاپان کی دفاعی افواج کے قیام کو 72 برس مکمل ہو گئے ہیں۔جاپان نے دوسری جنگ عظیم کے بعد سے خود کو ایک امن پسند ملک کے طور پر آگے بڑھانے اور ایشیا بحرالکاہل سمیت عالمی برادری میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کام کرنے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے، جبکہ اس کی قومی سلامتی کی حکمت عملی بھی اسی اصول پر استوار ہے۔سرینا ہوٹل میں منعقدہ جاپان سیلف ڈیفنس فورسز ڈے (جاپان کی خود دفاعی افواج کے دن)کی 72 ویں سالگرہ کے موقع پر، مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے دفاع خواجہ محمد آصف، رکن قومی اسمبلی اور پاکستان کے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، پاکستان میں جاپان کے سفیر جناب اکاماتسو شوئیچی، اکاماتسو یومیکو، اور جاپانی سفارت خانے میں ڈیفنس اتاشی کرنل تویوڈا تاکیشی نے دیگر معزز مہمانوں کے ہمراہ کیک کاٹا۔
