سیالکوٹ(آئی این پی ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ پاکستان میں بھی انتظامی یونٹس بنائے جائیں۔ ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ صوبوں کی تجویزپچھلے دوماہ سے موضوع بحث ہے، میرا خیال ہے کہ پاکستان میں بھی انتظامی یونٹس بنائے جائیں، ساری دنیا میں ایساہوتا ہے، اگر 12 کی تجویز ہے تو 12 کرلیں لیکن یہ زبان، نسل یا سیاسی مفادات کومدنظر رکھ کرنہ بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آبادی بڑھ گئی ہے، لوگوں کوسہولیات میسر ہونی چاہئیں، افغانستان نے 8، 10صوبے تھے جن کو30، 32 صوبوں میں تقسیم کردیاگیا، صوبائی دارالحکومتوں کے اختیارات انتظامی یونٹس کومنتقل ہوں، طاقت کا ارتکاز لاہور،کراچی،کوئٹہ اور پشاور میں نہ ہو۔خواجہ آصف نے کہا کہ مرکز سے منتقل کیے جانیوالے فنڈز صوبائی حکومتوں کے رحم و کرم پر رہ جاتے ہیں، دراصل ان فنڈز کی منزل بلدیاتی ادارے ہوتے ہیں، بلدیاتی اداریصوبائی حکومتوں کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ سیاستدانوں کو یہ سوچنا چاہیے کہ یہ طاقت عوام کی امانت ہے، ہم سیاستدانوں کا نقط نظرہے کہ ساری طاقت خوداستعمال کرناچاہتے ہیں۔

