ریاض،صنعا(نیوز ایجنسیاں )سعودی قیادت میں اتحاد نے دارالحکومت ریاض اور مملکت کے جنوبی علاقے کی جانب داغے گئے 2کروز میزائل تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے ، ریاض میں سعودی آرامکو کی ایک انتظامی عمارت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم گرنے والے ملبے کے باعث عمارت کو معمولی نقصان پہنچا ، یمنی حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے زیرِ انتظا م علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سعودی حملوں میں 83 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کا کہنا ہے حوثی ملیشیاکی طرف سے ریاض کی جانب داغے گئے 2بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کیے جس کے بعد سعودی دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ فوجی اتحاد کی جانب سے 24گھنٹوں کے دوران پسپا کیے جانے والا یہ دوسرا حملہ ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکوں سے کچھ دیر پہلے سعودی سول ڈیفنس نے ریاض کے علاقے میں ہنگامی الرٹ جاری کیا تھا۔ حکام نے بعد میں اعلان کیا کہ خطرے کی صورتِ حال ختم ہو گئی ہے۔ دوسری جانب یمن میں حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے فضائی حملوں میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 83 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔حوثیوں سے وابستہ ذرائع ابلاغ کے مطابق حالیہ حملوں میں تقریباً 50افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ سعودی حکام نے کہا ہے کہ وہ ان اطلاعات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ادھر یمن کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن فجر الیمن کے تحت حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر 875حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں 130حوثی باغی اور کمانڈرز ہلاک یا غیر موثر ہوگئے، جبکہ 50فوجی گاڑیاں اور عسکری تنصیبات تباہ یا ناکارہ بنا دی گئیں۔یمنی فوج کے ترجمان کے مطابق کارروائیوں میں حوثی ٹھکانوں، جنگجوؤں کے اجتماعات، کمک پہنچانے والے دستوں، میزائل داغنے کے مقامات اور جنگی سازوسامان کو نشانہ بنایا گیا، ان حملوں میں لڑاکا طیاروں، ڈرونز اور توپ خانے کی مدد حاصل رہی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ تعز میں حکومتی فورسز اور عوامی مزاحمتی گروپ نے مختلف محاذوں پر حوثی حملے پسپا کیے اور ان کی نقل و حرکت کو نشانہ بنایا، مارب اور الجوف میں ہنگامی دستوں، نیشنز شیلڈ فورسز اور دیگر فوجی یونٹوں نے عوامی مزاحمتی فورسز کے تعاون سے حوثیوں کے اجتماعات اور کمک پر کارروائیاں کیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یمن کے جنوبی اور مغربی محاذوں پر بھی نیشنز شیلڈ، جائنٹس بریگیڈز اور نیشنل ریزسٹنس فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں۔دریں اثناء سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ منورہ کی گورنریٹ ینبع کے تمام تعلیمی اداروں کی بندش اور صرف آن لائن کلاسوں کی مدت میں 12نومبر تک کا اضافہ کردیا گیا ہے۔امارتِ مدینہ منورہ کی جانب سے جاری کردہ اعلان کے مطابق ینبع گورنریٹ کے تمام متعلقہ طلبہ و طالبات کو گھروں سے تعلیم حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس فیصلے کا اطلاق صرف طلبہ تک محدود نہیں بلکہ سکولوں کے تدریسی اور انتظامی عملے پر بھی ہوگا۔اعلان میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام طلبہ اور طالبات آن لائن کلاسز میں شرکت کریں گے۔دریں اثناء سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے، جن میں خطے کی تازہ صورتحال، بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی اور امن و استحکام کے فروغ کیلئے سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیلسٹک میزائل
