فتح جنگ (بیورو رپورٹ) پیٹرولیم مصنوعات سستی، ٹرانسپورٹ کرائے پھر بھی مہنگے، عوام لٹنے لگے، انتظامیہ خاموش پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کے باوجود فتح جنگ کے عوام کو ریلیف نہ مل سکا۔ ضلعی انتظامیہ اور سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کی مبینہ غفلت اور نااہلی کے باعث ٹرانسپورٹروں نے کرائے کم کرنے کے بجائے مزید بڑھا دیئے ہیں، جس سے غریب مسافروں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی تھی۔ توقع تھی کہ اس کمی کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی آئے گی اور مہنگائی کا بوجھ کچھ کم ہو گا، لیکن فتح جنگ میں صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے۔ یہاں ٹرانسپورٹ مافیا نے اپنی من مانی کا بازار گرم کر رکھا ہے اور پوچھنے والا کوئی نہیں۔3/4 کلومیٹر کا کرایہ 70 سے 80 روپے فتح جنگ شہر سے ملحقہ دیہات، جن کا فاصلہ شہر سے صرف 3 سے 4 کلومیٹر ہے، وہاں کا کرایہ 70 سے 80 روپے تک وصول کیا جا رہا ہے۔ان دیہات میں اجووالہ، بھال سیداں، ڈھوکڑی، کھڑالہ، ڈھوک سیداں، ماجھیا، تاجہ بارہ، گڑھی حسو خان وغیرہ شامل ہیں روزانہ شہر آنے والے مزدوروں، طلبائ، مریضوں اور ملازمین کا کہنا ہے کہ اتنے کم فاصلے کے لیے اتنا زیادہ کرایہ سراسر ظلم اور زیادتی ہے۔ ایک مزدور جو دن بھر کی مزدوری کر کے 800 سے 1000 روپے کماتا ہے، اس میں سے 160 روپے صرف آنے جانے کے کرائے میں خرچ ہو جاتے ہیں۔ طلباء کے والدین بھی پریشان ہیں کہ وہ بچوں کے تعلیمی اخراجات کے ساتھ بھاری کرایہ کہاں سے ادا کریں۔مسافروں کا کہنا ہے کہ جب پیٹرول مہنگا تھا تو کرایہ بڑھایا گیا، اب جب پیٹرول سستا ہو گیا ہے تو کرایہ کم کیوں نہیں کیا جا رہا؟گلی جاگیر اور ملال کی طرف چلنے والی کیری وین بھی فی سواری 150 روپے وصول کر رہی ہیں۔ مسافروں کے مطابق ان وینوں میں گنجائش سے زیادہ سواریاں بٹھائی جاتی ہیں، چھتوں پر بھی سواریاں بٹھائی جاتی ہیں اور پھر بھی پورا کرایہ لیا جاتا ہے۔ کوئی روکنے ٹوکنے والا نہیں۔صرف مضافاتی روٹس ہی نہیں، بلکہ فتح جنگ سے اٹک، راولپنڈی، جنڈ، حسن ابدال اور پنڈی گھیب جانے والی گاڑیوں کا کرایہ بھی کئی گنا زیادہ وصول کیا جا رہا ہے۔کسی اڈے پر سرکاری کرایہ نامہ آویزاں نہیں ہے۔ ڈرائیور اور کنڈیکٹر اپنی مرضی کا کرایہ مانگتے ہیں اور انکار پر مسافروں سے بدتمیزی اور بحث تکرار پر اتر آتے ہیں۔ خواتین اور بزرگ مسافر سب سے زیادہ پریشان ہیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور آر ٹی اے کا کام ہے کہ وہ کرایہ نامہ جاری کرے، اس پر عملدرآمد کروائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے، لیکن فتح جنگ میں کہیں بھی چیکنگ نظر نہیں آتی۔ نہ کوئی ٹیم اڈوں پر جاتی ہے، نہ کوئی جرمانہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں۔عوامی، سماجی، سیاسی اور تاجر حلقوں نے ضلعی انتظامیہ بالخصوص سیکرٹری آر ٹی اے سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے تناسب سے فوری طور پر نئے کرایہ نامے جاری کیے جائیں۔ تمام اڈوں اور ہر گاڑی میں کرایہ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کروایا جائے۔ روزانہ کی بنیاد پر اڈوں پر چیکنگ ٹیمیں تعینات کی جائیں۔ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانے، گاڑیاں بند کرنے اور روٹ پرمٹ منسوخ کرنے جیسی سخت کارروائی کی جائے۔ مسافروں کی شکایات کے لیے ہیلپ لائن نمبر مشتہر کیا جائے۔عوامی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری ایکشن نہ لیا گیا تو عوام احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر ہو گی۔
