اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معدنی شعبے
میں دیرپا شراکت داری کے عزم پر عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد قابل تحسین ہے،پاکستان کا مقصد صرف معدنیات نکال کر خام شکل میں برآمد کرنا نہیں، بلکہ پاکستان کی پوری معدنی ویلیو چین کو ترقی دینا ہے ۔پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں شریک مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہیں، فورم 2026 کا انعقاد معدنی شعبے کی ترقی کے لیے خوش آئند اور بیرونی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ مباحثے میں تمام رہنماؤں نے اپنے خیالات میں اتحاد اور واضح موقف کا اظہار کیا، پورے پاکستان کی قیادت کے خیالات میں آہنگی اور یکجہتی قابل تحسین ہے، قیادت کے خیالات میں ہم آہنگی دیکھ کر خوشی ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ معدنی شعبے میں دیرپا شراکت داری کے عزم پر عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد قابل تحسین ہے، وزیراعظم اور حکومت کی طرف سے فورم کے انعقاد کا خیرمقدم کرتا ہوں، معدنی صلاحیتوں کو متعارف کرانے میں وزارت خارجہ و سفارتی مشنز نے اہم کردار ادا کیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان صاف توانائی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور صنعتی پیداوار کے عالمی شعبوں میں فعال کردار چاہتا ہے، پاکستان اپنی معاشی ترقی کے اہم مرحلے پر کھڑا ہے، مالیاتی نظم و ضبط، اصلاحات اور احتیاطی مالیاتی انتظام سے معاشی استحکام میں اہم پیشرفت کی۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے میکرو لیول سٹاک کیلئے کافی کام کیا گیا ہے، معدنی وسائل کی ترقی پاکستان کی معاشی تبدیلی کے اگلے مرحلے کا اہم حصہ ہے، پاکستان کا مقصد صرف معدنیات نکال کر خام شکل میں برآمد کرنا نہیں، پاکستان کی پوری معدنی ویلیو چین کو ترقی دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ معدنیات پراسسینگ، صفائی و مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت بتدریج بڑھانا چاہتے ہیں، معدنی شعبے میں کن کنی، ٹیکنالوجی، پراسیسنگ اور توانائی میں سرمایہ کاری درکار ہے، معدنی ترقی سے انجینئرنگ، آٹومیشن، خدمات اور مصنوعات تیاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا منرلز کا مستقبل ہے، کلین انرجی اور الیکٹرک گاڑیوں کے باعث تانبے اور دیگر معدنیات کی طلب بڑھ گئی، عالمی سطح پر عدم فراہمی کے ذرائع میں تنوع اور مضبوط سپلائی چین کیلئے کوشاں ہیں۔ فورم سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سرمایہ کار خیبر پختونخوا میں منرلز کی تلاش میں سرمایہ کاری کریں۔انہوں نے پاکستان میں آنے والے تمام سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سب سے بڑی ترجیح سرمایہ کاروں کو سکیورٹی فراہم کرنا ہے، ہم سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن دینگے۔گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں کان کنی کا فروغ چاہتے ہیں، تاہم سرمایہ کار خیبر پختونخوا میں منرلز کی تلاش میں سرمایہ کاری کریں، خیبر پختوا گیس پیداوار میں دوسرا بڑا صوبہ ہے۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں توانائی اور صنعتی شعبوں کے فروغ کے ذریعے ترقی کی کوششیں جاری ہیں اور کان کنی کے عمل میں نجی شعبے کو آگے لایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تھر کے کوئلے کے ذخائر دنیا کے چھٹے بڑے ذخائر میں شامل ہیں اور ان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں متعدد اقسام کی معدنیات پائی جاتی ہیں، کان کنی کے لیے موثر فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے جبکہ عالمی سرمایہ کاری کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی ممکن بنائی جا رہی ہے، سندھ عالمی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جہاں معدنیات کے علاوہ تیل اور گیس کی تلاش کے بھی مواقع موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کو کان کنی کے شعبے میں آگے آنا چاہیے، صوبائی حکومت انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے، جبکہ بلوچستان میں سرمایہ کاروں کی سکیورٹی یقینی بنائی جا رہی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ منرل کوریڈور کے لیے الگ سکیورٹی ڈویژن قائم کیا گیا ہے اور آج کا بلوچستان پہلے سے مختلف ہے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مختلف قیمتی دھاتوں اور پتھروں کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، تاہم علاقے کا ایک بڑا مسئلہ رابطہ کاری اور کنکٹیویٹی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی نے کہا کہ سیمنٹ، کوئلے اور باکسائٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان اور دنیا بھر کے سرمایہ کار اس سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی وسائل اور قیمتی معدنی ذخائر سے مالا مال ہے، جہاں یاقوت کے بڑے ذخائر موجود ہیں، جبکہ گرینائٹ، ٹورملین اور پکھراج جیسے قیمتی پتھر بھی پائے جاتے ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں سیمنٹ کی صنعت، کوئلے اور باکسائٹ کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، معدنیات سے متعلق قوانین کو ملک کے دیگر حصوں میں رائج قوانین سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دیگر صوبوں میں سرمایہ کاروں کے لیے یکساں قوانین اور مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
اسحق ڈار
