اسلا م آباد (نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پہلی بار سکوک اجرا کا 10کھرب روپے کا سنگ میل عبور ہوا ،حکومت اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں 10کھرب روپے کے ڈومیسٹک ساورن سکوک اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک ساورن سکوک اجرا اسلامی مالیاتی نظام کی بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ 10 کھرب روپے کا اجرا معیشت کیلئے مثبت پیش رفت ہے، اسلامی بینکاری اور سکوک مارکیٹ مستحکم ہو رہی ہے، حکومت اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، پاکستان میں اسلامی فنانس کو فروغ مل رہا ہے۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ سکوک سے قرضوں کی مدت میں توسیع اور لاگت میں کمی میں مدد ملی، سکوک مارکیٹنگ ایکو سسٹم کیلئے متعلقہ اداروں نے مل کر کام کرنا ہے، سکوک اجرا کے حوالے سے آغاز اچھا ہے، مثبت رجحان کو برقرار رکھنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شرعی اصولوں کے مطابق سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان میں اسلامی بینکاری مسلسل فروغ پا رہی ہے، پاکستان میں سکوک کی مارکیٹ مستحکم ہو رہی ہے، مالیاتی شعبے کے لیے ریگولیٹرز کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ بہتر ریگولیشن کیلئے سٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی کو مزید فعال بنا رہے ہیں، معاشی ترقی کے حصول کے لیے جدید طریقہ کار اپنا رہے ہیں، حکومت شرعی اصولوں کے مطابق اسلامی بینکاری کو جدید بنا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اسلامی بینکاری کی پروڈکٹس پر اعتماد بڑھ رہا ہے، اسلامی بینکاری ملک میں جدید بینکاری سے ہم آہنگ ہو رہی ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ مولانا تقی عثمانی نے اسلامی بینکاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے اسلامی بینکاری کو جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرنے میں معاونت کی، اسلامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومت ہر سطح پر کوششیں کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ
