لاہور (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے
کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں وکلاء سے ہونے والی ملاقاتوں کا تعلق مجوزہ 28ویں ترمیم، چھوٹے صوبوں کی تشکیل اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج سے ہو سکتا ہے،چھوٹے صوبوں کی تشکیل کیلئے تمام نمائندہ سیاسی جماعتوں کو بلا تفریق و پارلیمانی حجم آزادانہ ماحول میں مل بیٹھ کر لائحہ عمل مرتب کرنے کی سہولت دی جائے ،پاکستان کو اگر واقعتا آگے بڑھانا مقصود ہے تو سیاسی قوتوں ، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کو بغیر کسی دبائو آزادانہ ماحول میں مستقبل کے پاکستان کے خدوخال تشکیل دینا ہوں گے ، ایک نیا میثاقِ پاکستان وقت کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ جیل میں عمران خان کی انکی مقید اہلیہ اور انکے وکلاء کی ملاقاتیں اچھی بات ہیں ، نہ صرف انکی قید ِ تنہائی ختم ہونی چاہیے بلکہ اگر وہ چاہئیں تو سٹیک ہولڈرز کو ماضی کی تلخیوں سے آگے بڑھ کر انکی جماعت کے لئے بھی پر امن سیاست کا ماحول پیدا کرنا چاہیے ۔
جیل میں عمران کی اہلیہ اور انکے وکلاء کی ملاقاتیں اچھی بات ‘ انکی قید ِ تنہائی ختم ہونی چاہیے:خواجہ سعد رفیق

