مستونگ، پشاور( مانیٹرنگ ڈیسک) مستونگ میں بارود سے بھری گاڑی کا حملہ ناکام، 3دہشت گرد ہلاک، 2شہری شہید ہوگئے، لکی مروت میں فتن الخوارج کے ہاتھوں شہری اغوا، پولیس، سی ٹی ڈی کی کارروائی میں دو دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے، خیبر میں پولیس کارروائی کے دوران اہم دہشتگرد کمانڈر سیف اللہ مارا گیا۔ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ این 25پر کنڈاوا پوسٹ پر دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 3دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دھماکے کے نتیجے میں 2شہری شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ابتدائی تفصیلات کے مطابق فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے سکیورٹی پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، دھماکے سے قریبی مکانات اور ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا۔واقعے میں شہید ہونے والے شہریوں کی شناخت کلیم اللہ ولد عبداللہ اور بی بی لائبہ دختر دل مراد کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ 3ایف سی اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔زخمی شہریوں میں 63سالہ عبد الحق، 21سالہ محمد اکرام، 35 سالہ محمد رمضان، 3سالہ محمد سنان، 21سالہ تانیہ، 23سالہ منزہ، 25سالہ بی بی حسینہ، 45سالہ زاہدہ، 18سالہ فائزہ گل، 35سالہ شاہینہ، 12سالہ شہلیزہ، 22سالہ معراج اور 36سالہ بی بی سیدہ شامل ہیں۔زخمیوں کو طبی امداد کے لیے متعلقہ طبی مراکز منتقل کردیا گیا ہے ۔ سکیورٹی فورسز کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی بڑی کارروائی کے عزائم ناکام بنا دیے گئے۔ واقعے سے متعلق موقف میں کہا گیا ہے کہ اس حملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشتگردوں کا بلوچستان کے عوام سے کوئی تعلق نہیں۔سکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ادھر پشاور کے علاقے غزنی خیل کی حدود خیرو خیل پکہ میں ایک چرواہے کو فتن الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے اغوا کرکے پہاڑی علاقے کی طرف لے جانے کی اطلاع پر پولیس، سی ٹی ڈی اور مقامی امن کمیٹیوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا تعاقب کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق ڈی پی او لکی مروت سجاد احمد صاحبزادہ کی قیادت مقامی پولیس، سی ٹی ڈی، مقامی امن کمیٹیوں اوراے پی سیز نے مشترکہ طور پر کارروائی میں حصہ لیا، تعاقب کے دوران پولیس اور سی ٹی ڈی کا دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہیواد اور سہیل سکنہ خیرو خیل ہلاک ہوگئے۔پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں خیرو خیل پکہ کا ایک شہری بھی زخمی ہوگیا، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔مزید بتایا گیا کہ پولیس نے ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں تحویل میں لے کر ضروری کارروائی شروع کردی ہے، علاقے میں دہشت گردوں کے ممکنہ ٹھکانوں اور دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ڈی پی او لکی مروت سجاد احمد صاحبزادہ کا کہنا تھا کہ لکی مروت پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔دریں اثناء خیبر کے علاقے باڑہ میں پولیس کارروائی کے دوران اہم دہشتگرد کمانڈر سیف اللہ ہلاک ہوگیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد کے مطابق تھانہ باڑہ کی حدود شیخان پل میں دہشتگرد کمانڈر کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی، اس دوران پولیس اور دہشتگرد کمانڈر کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں کمانڈر سیف اللہ مارا گیا۔ڈی پی او نے بتایا کہ ہلاک دہشتگرد ضلع خیبر میں تھانہ علی مسجد کے حدود میں متعدد بم دھماکوں اور پولیس چیک پوسٹوں پر حملوں کے مقدمات میں نامزد اور سی ٹی ڈی کو مطلوب تھا۔ڈی پی او کے مطابق ہلاک کمانڈر حال ہی میں افغانستان سے ضلع خیبر منتقل ہوا تھا اور آج باڑہ سے پشاور منتقلی کی کوشش میں مارا گیا۔
دہشت گرد
