اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کے لسٹڈ کارپوریٹ سیکٹر کے
منافع میں جنوری سے ستمبر 2026 کے دوران سالانہ بنیادوں پر 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ تین سال کے دوران نو ماہ کی مدت میں سب سے زیادہ شرح نمو ہے،ملک میں معاشی استحکام، کاروباری ماحول میں بہتری اور مختلف شعبوں میں جاری اصلاحات کے نتیجے میں کمپنیوں کی مالی کارکردگی بہتر ہو رہی ہے۔جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں خرم شہزاد نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران لسٹڈ کمپنیوں کے منافع میں سالانہ بنیادوں پر 18 فیصد جبکہ مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی کے دوران 23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،آخری سہ ماہی میں بینکوں کے علاوہ دیگر کمپنیوں کے منافع میں 37 فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ توانائی کے شعبے میں تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کرنے والی کمپنیوں کے منافع میں 43 فیصد جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے منافع میں 144 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح انجینئرنگ کمپنیوں کے منافع میں 304 فیصد، آٹوموبائل کمپنیوں میں 19 فیصد اور سیمنٹ کمپنیوں کے منافع میں 13 فیصد اضافہ ہوا ۔ خرم شہزاد کے مطابق ٹیکنالوجی کے شعبے میں کمپنیوں کے منافع میں 31 فیصد، ادویہ سازی کے شعبے میں 14 فیصد اور کھاد بنانے والی کمپنیوں کے منافع میں 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کارپوریٹ سیکٹر کے منافع میں 9 ماہ کے دوران 25فیصد اضافہ ہوا، مشیر خزانہ

