ریاض(نیوز ایجنسیاں) سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کے علاقے کی جانب آنے والے دو بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیے، تاہم ان کا ملبہ علاقے کے دو مقامات پر گرا۔برطانوی خبر رساں ادارے
کے مطابق سعودی سول ڈیفنس نے بتایا کہ میزائلوں کو روکنے کے بعد ان کا ملبہ مکہ مکرمہ کے نواحی علاقوں میں گرا۔سعودی سرکاری ٹیلی وژن نے ان مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ ایک مقام صبوحہ گائوں ہے، جو مسجد الحرام سے تقریباً 35کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے، جبکہ دوسرا مقام وادی المغمس ہے، جو مسجد الحرام سے تقریبا ً21 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔سعودی سول ڈیفنس کے مطابق میزائل مکہ مکرمہ کے علاقے کی جانب داغے گئے تھے، جنہیں فضائی دفاعی نظام نے روک کر تباہ کردیا۔ادارے نے جمعرات کی علی الصبح جاری بیان میں اس واقعے کا الزام حوثی ملیشیا پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ شہری مقامات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ حوثیوں کے خطرناک جارحانہ رویے کی عکاسی کرتا ہے۔تاحال میزائل داغے جانے کے ذمہ داروں سے متعلق سعودی عرب کے اس الزام پر حوثیوں کا ردعمل یا واقعے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
مسجد الحرام
