انطالیہ(ویب ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف کی کوپ 31 کانفرنس کے موقع پر ترکیہ، سوڈان، فن لینڈ اور عراق کے صدور سے ملاقاتیں ہوئیں ، ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، توانائی اور علاقائی روابط کے فروغ سمیت دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں شہباز شریف وطن واپس روانہ ہوگئے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان انطالیہ میں کوپ 31کے سربراہی اجلاس کے موقع پر دوطرفہ ملاقات ہوئی۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، توانائی اور علاقائی روابط کے فروغ سمیت دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماں نے جاری اقدامات پر عملدرآمد تیز کرنے اور اقتصادی روابط مزید مستحکم بنانے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں رہنماں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت پر بھی گفتگو کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے علاقائی ممالک، بالخصوص معاہدہ مکہ کے رکن ممالک کی جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے تعمیری کردار اور ان سفارتی کوششوں کو سراہا جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔وزیراعظم نے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کے دوران مستقل حمایت اور قریبی رابطہ کاری پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کے قیام کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت تمام فریقین کی جانب سے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات میں دونوں ممالک نے قومی مفاد کے بنیادی امور پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور برادرانہ تعلقات، امن و خوشحالی کے مشترکہ وژن کی بنیاد پر سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے سوڈان، فن لینڈ اور عراق کے صدور سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سوڈان کی عبوری خودمختار کونسل کے صدر جنرل عبدالفتاح البرہان سے ملاقات میں وزیراعظم نے سوڈان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور سوڈانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔دونوں رہنماں نے مختلف شعبوں میں تعاون اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی رابطوں کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب سے ملاقات میں وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں فن لینڈ کی کمپنیوں کی موجودگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹیلی کمیونیکیشن، جدید مینوفیکچرنگ، ماحول دوست ٹیکنالوجی اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ملاقات میں سیلاب کی پیشگی اطلاع، آبی وسائل کے انتظام، گلیشیئرز کی نگرانی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے فن لینڈ کی تکنیکی مہارت سے استفادہ کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فن لینڈ کے صدر نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور ثالثی میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے انہیں پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔عراق کے صدر نزار محمد سعید الامیدی سے ملاقات میں وزیراعظم نے عراق میں کامیاب پارلیمانی انتخابات اور نئی حکومت کی تشکیل پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، افرادی قوت، تعمیرِ نو، زراعت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی۔وزیراعظم نے عراق کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا جبکہ پاکستانی زائرین کو سہولیات فراہم کرنے پر عراقی حکومت کے تعاون کو سراہا۔ دونوں رہنماں نے اعلی سطح کے روابط جاری رکھنے اور باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔بعد ازاں وزیراعظم انطالیہ سے وطن واپس روانہ ہوگئے، جمہوریہ ترکیہ کے نائب وزیر ماحولیات حسن سوور نے وزیراعظم کو انطالیہ ایئرپورٹ پر الوداع کیا۔
شہباز شریف
