سری نگر (این این آئی)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انتظامیہ نے ضلع کولگام میں بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک ٹیم پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے کے بہانے سری نگر اور وادی کشمیر کے دیگر حصوں میں پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔حملے میں تین اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پیرا ملٹری اور پولیس دستوں نے گرمائی دارالحکومت سرینگر ، کولگام ، اسلام آباد ، شوپیاں ، رام بن اور دیگر علاقوں میں کے اہم مقامات پر مزید چوکیاں قائم کر دی ہیں جن پر مسافروں اور گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے اور شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، حساس مقامات پر اضافی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ سرینگر جموں شاہراہ سمیت سڑکوں پر چوکسی اور گشت کا سلسلہ بھی تیز کر دیا گیا ہے ۔ بازاروں وغیرہ میں اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) اور دیگر فورسز اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ۔مبصرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ہر واقعے کے بعد کشمیری عوام کو اجتماعی سزا کے طور پر پابندیوں، محاصروں، تلاشی اور ہراسانی کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جبکہ مزاحمت کی اصل وجہ یعنی بھارت کا غیر قانونی قبضہ اور حقِ خود ارادیت سے انکار کو نئی دہلی کی جانب سے مسلسل نظر انداز کیا جارہاہے۔
