اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)الیکشن کمیشن آف پاکستان میں گوجرانوالہ کے ضمنی انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہیلی کاپٹر پر حلقے کے دورے اور عوامی اجتماع سے خطاب پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اس کیس کی سماعت کی، اس دوران الیکشن کمیشن کے سپیشل سیکرٹری نے موقف پیش کیا کہ وزیر اطلاعات نے انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق اور الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے، جس پر کمیشن قوانین کے تحت دو سال تک کی سزا سنا سکتا ہے۔سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے وزیر اطلاعات کی ذاتی حیثیت میں پیش نہ ہونے پر بھی سوال اٹھایا، جس پر عطا تارڑ کے وکیل سجیل سواتی نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی وزیر اس وقت ایک سرکاری غیر ملکی دورے پر ہیں ۔ سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے انتخابی مہم کے دوران ہیلی کاپٹر پر حلقے کا دورہ کیا اور عوامی اجتماع سے خطاب کیا، وزیر اطلاعات نے الیکشن ایکٹ اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی،الیکشن کمیشن دو سال تک کی سزا سنا سکتا ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن وزیراعظم اور حکومت کو احکامات جاری کر سکتا ہے، حکومت الیکشن کمیشن کو ہدایات نہیں دے سکتی، وفاقی حکومت اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کیلئے سنجیدہ نظر نہیں آ رہی، واضح کر دوں کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ضرور ہوں گے۔چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دئیے کہ وزیراعظم نے کیسے حکم دے دیا کہ ٹیچرز کی الیکشن ڈیوٹیز نہیں لگائی جائیں گی، الیکشن کمیشن کہاں سے عملہ لے کر آئے گا۔چیف الیکشن کمشنر نے اراکین پنجاب اسمبلی کی سرزنش کی، پارلیمانی سیکرٹری صحت اسما عباسی کے دوران سماعت مسکرانے پر چیف الیکشن کمشنر نے اظہار برہمی کیا اور کہا کہ آپ کی پنجاب اسمبلی کی نشست بھی جا سکتی ہے، مسکرا کر آپ کو توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری ہو سکتا ہے، وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کیوں ہیلی کاپٹر پر دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے کہا کہ وزیر اطلاعات نے کنٹونمنٹ بورڈ کا دورہ کیا جو ہمارے تحت نہیں ہے، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ جائیں اور قانون پڑھ کر آئیں، سپیشل سیکرٹری نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دو سال تک سزا ہو سکتی ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ مرتب کر لی ہے، ڈی آر او، ڈی ایم او اور آر او فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پر تحریری جواب جمع کروائیں، وزیر اطلاعات کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا وہ کہاں ہیں؟ عطا تارڑ کے وکیل سجیل سواتی نے جواب دیا کہ وزیر اطلاعات سرکاری غیر ملکی دورے پر ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دئیے کہ وزیر اطلاعات نے دورے میں صرف میڈیا کوریج ہی کرنی ہے اور کیا کرنا ہے، آئندہ سماعت پر تمام فریقین ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔الیکشن کمیشن نے سی پی او گوجرانوالہ کو بھی طلب کر لیا، الیکشن کمیشن نے سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی۔
عطا تارڑ
