لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1437 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 787 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 876 معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ ان حادثات میں زیادہ تر تعداد( 82 فیصد) موٹر سائیکلز حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 907 ڈرائیوز،77 کم عمر ڈرائیور، 585 مسافر اور 187 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 228 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی دارالحکومت283 متاثرین کے ساتھ پہلے’ ملتان 109حادثات میں 121 متاثرین کے ساتھ دوسر ے’ فیصل آباد91 حادثات میں 102متاثرین کے سا تھ تیسرے نمبر پر رہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل1679 متاثرین میں 1256مرد اور 423 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں 348 افراد کی اوسط عمر 18سال سے کم 850 افراد کی اوسط عمر 18سے 40 سال کے درمیان جبکہ481 زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے۔ ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1503موٹرسائیکلز، 112 آٹو رکشے، 162 کاریں، 36 وین، 14 مسافر بسیں، 50 ٹرک اور 58 دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔
