چکوال(بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا 17نومبر کا شیڈول دورہ چکوال کھٹائی میں پڑنے کا امکان ہے، گزشتہ روز چکوال میں وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ چکوال کھٹائی میں پڑنے کی افواہیں پھیلائی جا رہی تھیں اس سلسلہ میںروزنامہ پبلک آئی نے موثر ذرائع سے تصدیق کی تو معلوم ہوا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی مصروفیات کی زیادتی کے باعث
ان کا دورہ کچھ دن لیٹ ہو سکتاہے،تاہم وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ چکوال کو کچھ روز کیلئے ملتوی کرنے کا ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، وہ 17نومبر کو دورہ پر آ بھی سکتی ہیں اس بے یقینی صورتحال کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ اور مختلف محکموں کی جاری دوڑ دھوپ کو قدرے بریک لگ گئی ہے،چکوال شہر میں وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد کی تیاریوں کے حوالے سے لیپاپوتی کا جو سلسلہ شروع تھا اسے بریک لگ گئی ہے اور تیاریوں کے سلسلہ میں استعمال کیے گئے غیر معیاری رنگ و روغن ایک موسلادھار بارش اپنے ساتھ بہا کر لے جائے گی اور لیپاپوتی کرنیوالوں کو دوبارہ تردد کرنا پڑے گا،لیپا پوتی کرنیوالے دورہ پر آنیوالے اخراجات سے کہیں زیادہ اپنی جیب میں ڈالیں گے اورمرضی کیمطابق بل بنالیں گے ، دورہ ملتوی ہونے پر دوبارہ اتنا خرچہ بھی آئے گا اور مختلف حیلے بہانوں سے مجموعی خرچہ ضلعی عوام کی جیبوں سے نکال لیا جائیگا،وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ چکوال ملتوی ہونے کو طرح طرح کے رنگ دئیے جا رہے ہیں ، جتنے منہ اتنی باتوں کے مصداق بعض حلقے یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ پنجاب میں شروع ہونیوالی سیاسی ہلچل کی وجہ سے دورہ چکوال موخر کرنا پڑا،حالانکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی مصروفیات کے باعث ان کا دورہ چکوال کچھ روز کے لئے لیٹ کیا گیا ہے
