ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب عسکری اتحاد کی فضائی دفاعی فورسز نے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی سمت داغے گئے تین دھماکہ خیز ڈرونز کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے فضا میں ہی مار گرایا۔ عسکری اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ حوثی عسکریت پسندوں نے مکہ مکرمہ کے علاقے کو نشانہ بنانے کے لیے دو ڈرون جبکہ مدینہ منورہ کی جانب ایک ڈرون بھیجا، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے انتہائی چوکسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں ڈرونز کو اپنے اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے مقدس مقامات اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کی یہ مذموم کوششیں بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ سعودی وزارتِ دفاع نے عزم ظاہر کیا کہ مملکت کی سرزمین اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری دفاعی اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
ڈرون حملے
