واہ کینٹ( نمائندہ خبریں)واہ کینٹ و ٹیکسلا کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشی اور فحاشی کے اڈوں کا مکروہ دھندہ عروج پر پہنچ گیا ہے جس کے باعث پرامن ماحول شدید متاثر ہو رہا ہے اور نوجوان نسل تیزی سے تباہی کے دہانے پر جا پہنچی ہے عوامی و سماجی حلقوں کے مطابق محلہ مشرقی آباد، ریلوے اسٹیشن کشمیر کالونی، جمیل آباد، بیریئر نمبر 2 سے ملحقہ علاقوں، بستی اور لالہ زار سمیت کئی گنجان آباد آبادیوں میں فحاشی کے اڈے کھلے عام کام کر رہے ہیں جبکہ شہر کے متعدد پوش علاقوں میں خفیہ نائٹ کلب بھی قائم کیے جا چکے ہیں جہاں غیر اخلاقی سرگرمیاں بلا روک ٹوک جاری ہیں دوسری جانب پوری تحصیل ٹیکسلا میں آئس اور دیگر مہلک منشیات کی سرعام خرید و فروخت نے والدین اور شہریوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں مگر اس سنگین صورتحال کے باوجود مقامی پولیس کی کارکردگی صفر دکھائی دیتی ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مبینہ چشم پوشی اور عدم دلچسپی کے باعث منشیات فروشوں اور سماج دشمن عناصر کے حوصلے بلند ہو چکے ہیں جس سے علاقے میں دیگر جرائم کی شرح میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے واہ کینٹ اور ٹیکسلا کے سماجی مذہبی اور شہری حلقوں نے اس ابتر صورتحال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے نو تعینات سی پی او راولپنڈی سردار غیاث گل خان سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا سخت نوٹس لیں شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں سرگرم منشیات کے سوداگروں فحاشی کے اڈوں اور نائٹ کلبوں کے خلاف بلاامتیاز گرینڈ آپریشن کیا جائے اور غفلت کے مرتکب پولیس افسران و اہلکاروں کا بھی کڑا احتساب عمل میں لایا جائے تاکہ نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے
