اٹک (بیورو رپورٹ ) ڈپٹی ڈائریکٹر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام محمد ہا شم چھینہ کی جانب سے کرپشن مافیا کے خلاف بڑا ایکشن ، تین ایجنٹس مستقل طور پر بلیک لسٹ، تفصیلات کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کی امدادی رقوم میں غیر قانونی کٹوتیاں کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی ، ڈپٹی ڈائریکٹر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام محمد ہا شم چھینہ نے غیر قانونی کٹوتیوں میں ملوث تین ایجنٹس کو مستقل طور پر بلیک لسٹ کر دیا ، اس موقع پر محمد ہا شم چھینہ نے میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ مستحقین کی امدادی رقوم میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی کٹوتی برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ بھی اگر کوئی ایجنٹ مستحقین کی رقم سے کٹوتی کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، محمد ہا شم چھینہ نے بینیفشریز سے بھی اپیل کی کہ اگر کسی ایجنٹ یا دکاندار کی جانب سے ان کی امدادی رقم میں سے کٹوتی کی جائے تو خاموش رہنے کے بجائے فوری طور پر متعلقہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر، ایچ بی ایل یا پروگرام کی ہیلپ لائن پر شکایت درج کروائیں تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جا سکے، ڈپٹی ڈائریکٹر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستحقین کو ان کی مکمل امدادی رقم کی فراہمی یقینی بنانے اور کرپشن کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
