واہ کینٹ (نامہ نگار) واہ کینٹونمنٹ بورڈ کا غیر قانونی اسپیڈ بریکرز کے خلاف آپریشن متعدد اسپیڈ بریکرز ختم کر دیے گئے عوامی حلقوں کی جانب سے کینٹ بورڈ کے اقدام کو زبردست خراجِ تحسین آپریشن دیگر علاقوں تک بڑھانے کا مطالبہ کینٹ بورڈ واہ کے انکروچمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی اور خود ساختہ اسپیڈ بریکرز کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے ابتدائی مرحلے میں آفیسرز کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اسپیڈ بریکرز ختم کیے جا رہے ہیں تفصیلات کے مطابق رہائشی علاقوں میں بعض رہائشیوں کی جانب سے اپنی مرضی سے سڑکوں پر تعمیر کیے گئے اسپیڈ بریکرز نہ صرف گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے تکلیف اور نقصان کا باعث بن رہے تھے بلکہ پیدل چلنے والے شہریوں کے لیے بھی شدید اذیت کا سبب تھے ان خود ساختہ اسپیڈ بریکرز کی وجہ سے سڑکوں پر جگہ جگہ بارش اور گھروں سے بہنے والا پانی کھڑا رہتا تھا جس کے باعث پیدل چلنے والوں سائیکل سواروں اور موٹر سائیکل پر سفر کرنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا سڑکوں پر جمع پانی سے شہریوں کے کپڑے خراب ہونے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کو نقصان پہنچتا تھا اور پانی کی مسلسل موجودگی کے باعث سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی تھیں عوامی شکایات کے بعد کینٹ بورڈ واہ کے انکروچمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے اس مسئلے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا آغاز کیا ہے اطلاعات کے مطابق اس آپریشن کو آفیسرز کالونی کے بعد واہ کینٹ کے دیگر رہائشی علاقوں تک بھی وسعت دی جائے گی تاکہ غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے اسپیڈ بریکرز کا خاتمہ کیا جا سکے عوامی حلقوں نے کینٹ بورڈ حکام کو اس اقدام پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ یہ آپریشن صرف غیر قانونی اور بلا ضرورت تعمیر کیے گئے اسپیڈ بریکرز کے خاتمے تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اپنی مقررہ حدود سے تجاوز کرکے سرکاری سڑکوں اور عوامی گزرگاہوں پر تعمیر کیے گئے ریمپز کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے شہریوں کا کہنا ہے کہ واہ کینٹ کے تمام رہائشی علاقوں میں یکساں پالیسی کے تحت آپریشن کیا جائے تاکہ سڑکوں کی اصل حالت بحال ہو، نکاسی آب کے مسائل حل ہوں عوامی گزرگاہیں تجاوزات سے پاک ہوں اور شہریوں کو آمدورفت کے لیے بہتر محفوظ اور صاف ستھرا ماحول میسر آ سکے #
