لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے )سابق وزیراعلی پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز شریف نے بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں پرکاش گرپورب کے موقع پر ننکانہ صاحب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دنیا بھر سے تشریف لانے والے سکھ یاتریوں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہا اور پرکاش پرب کی دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے قائد مسلم لیگ(ن) محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے بھی سکھ برادری کو اس مبارک دن پر خصوصی تہنیتی پیغام اور مبارکباد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ بابا گرو نانک دیو جی کا پیغام پوری دنیا کے لیے محبت، برابری، سیوا اور انسانیت کی خدمت کا آفاقی پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابا جی نے "نام جپو، کِرت کرو اور ونڈ چھکو” کے تین سنہری اصولوں میں انسانیت دوستی کے پورے فلسفے کو کوزے میں بند کر دیا ہے۔ آج دنیا جس تیزی سے دوڑ رہی ہے، اس میں بھی محبت اور بھائی چارے کا پیغام ہی سب سے بڑا پیغام ہے۔ انہوں نے مذہبی رواداری اور مشترکہ انسانی اقدار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بابا گرو نانک دیو جی نے انسانیت سے محبت اور اپنی کمائی دوسروں پر خرچ کرنے کا درس دیا، وہیں ہمارا دین اور قرآنِ پاک بھی یہی تعلیم دیتا ہے کہ جس نے ایک انسان کو ناحق قتل کیا اس نے گویا پوری انسانیت کا قتل کیا، اور جس نے ایک انسان کی جان بچائی اس نے گویا پوری انسانیت کی جان بچائی۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ اقتدار اور بڑے مناصب سے بڑھ کر اصل سکون اور دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضمانت بابا جی کے فلسفہ "ونڈ چھکو” پر عمل کرنے میں ہے، جس کا درس یہ ہے کہ انسان اپنی کمائی، عزت اور دولت کو لوگوں کے ساتھ بانٹے، بھوکوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھائے اور یتیموں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھے۔ موجودہ عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے باعث پوری دنیا جنگ کے اثرات، مہنگائی اور بے روزگاری کے نتائج بھگت رہی ہے، اور عالمی سطح پر معاملات کو مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے طے کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نفرتوں اور تنازعات سے بھرے اس دور میں بابا گرو نانک دیو جی کی امن، رواداری اور انسانیت دوستی کی تعلیمات پوری دنیا کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
