اسلام آباد(ویب ڈیسک ) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 25کروڑ ڈالر کے قرض کی
منظوری دے دی۔اے ڈی بی نے پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی)کے نظام کو مضبوط بنانے اور ایسے قابلِ عمل اور پائیدار منصوبوں کی تیاری میں معاونت کے لیے 25 کروڑ ڈالر کے پالیسی بیسڈ قرض کی منظوری دے دی ہے، جس سے نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ملکی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق اس مالی معاونت کے تحت حکومت کو بالخصوص معیاری اور کم لاگت بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو سرمایہ کاری کے لیے تیار کرنے، منصوبوں کی جانچ پڑتال کے عمل کو بہتر بنانے اور مالیاتی خطرات کے موثر انتظام میں معاونت فراہم کی جائے گی۔پاکستان میں اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا ہے کہ منصوبوں کی جامع جانچ پڑتال، شفاف معلومات کی فراہمی اور مالیاتی خطرات کا موثر انتظام پاکستان کے پی پی پی منصوبوں کو پائیدار بنیادی ڈھانچے کی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے لیے ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام حکومت پاکستان کی عوامی سرمایہ کاری اور مالیاتی انتظام کو مضبوط بنانے،بنیادی ڈھانچے کی ترقی بہتر بنانے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نجی شعبے کی زیادہ سرمایہ کاری حاصل کرنے کے لیے اے ڈی بی کے عزم کا عکاس ہے۔ پروموٹنگ سسٹین ایبل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس پروگرام کا دوسرا مرحلہ 2024 میں منظور کیے گئے پہلے مرحلے کا تسلسل ہے، جس میں پی پی پی کے قانونی اور پالیسی فریم ورک کو مضبوط بنایا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے کے تحت حکومت نے وفاقی سطح پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجکاری کے امور کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم کے تحت لانے کے لیے اقدامات کیے ہیں، جبکہ 4وفاقی وزارتوں اور اداروں میں خصوصی پی پی پی یونٹس کے قیام اور پی پی پی سے متعلق مالیاتی واجبات کی نگرانی اور معلومات کی فراہمی کے لیے قومی فریم ورک کی بھی معاونت کی جا رہی ہے۔اے ڈی بی کے تعاون سے حکومت نے 2026سے 2030تک کے لیے درمیانی مدت کے پی پی پی منصوبوں کی فہرست بھی منظور کرلی ہے۔نیشنل پی پی پی اینڈ انویسٹمنٹ نالج ہب وفاقی اداروں کو تربیت اور ضروری وسائل فراہم کرے گاجبکہ صوبائی حکومتیں بھی اس کے علمی وسائل اور باہمی تجربات سے استفادے کے مواقع حاصل کرسکیں گی۔پروگرام میں پی پی پی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور خریداری کے عمل میں شمولیت اور موسمیاتی و دیگر خطرات کے مقابلے کی صلاحیت کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔ اس پروگرام کے لیے اے ڈی بی کے ٹیکنیکل اسسٹنس اسپیشل فنڈ سے 11 لاکھ ڈالر جبکہ ایشیا پیسیفک پراجیکٹ پریپریشن فیسلٹی سے 9 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے وفاقی سطح پر پی پی پی منصوبوں کی تیاری اور ادارہ جاتی استعداد بڑھانے، پیشہ ورانہ سرٹیفکیشن، تجربات کے تبادلے اور مالیاتی خطرات کے جائزے کے آلات کی تیاری میں مدد ملی ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بنک

