لاہور( این این آئی)ملک بھر میں 800سے زائد ایل پی جی بائوزرز غیر معیاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ایل پی جی کی نئی پالیسی گائیڈ لائنز کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔ وزارت پیٹرولیم کی دستاویزات کے مطابق ملک بھر میں تقریباً دو ہزار ایل پی جی بائوزرز کام کر رہے ہیں جن میں سے 800سے زائد غیر معیاری ہیں۔ درآمدی ایل پی جی کا معیار جانچنے کے لیے انٹری پوائنٹس پر ہائیڈروکاربن ٹیسٹنگ کا نظام قائم کیا جائے گا۔ یہ نظام 30جون 2027ء تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔ اوگرا لائسنس یافتہ کمپنیوں کی فروخت، ذخیرہ کرنے کی سہولتوں، سلنڈرز اور فلنگ صلاحیت کا باقاعدہ آڈٹ بھی کرے گا۔ایل پی جی کے ذخیرے اور درآمدی سہولتوں میں اضافے کا منصوبہ بھی نئی پالیسی میں شامل ہے۔ پورٹ قاسم پر چالیس ہزار میٹرک ٹن گنجائش کا نیا ایل پی جی ٹرمینل قائم کرنے کی تجویز ہے۔ پہلے مرحلے میں دس سے بارہ ہزار میٹرک ٹن ذخیرہ کرنے کی سہولت بنائی جائے گی۔ منصوبے کے لیے زمین اور برتھ مختص کی جائے گی۔نئے ٹرمینل کو ایس ایس جی سی کی جیٹی تک رسائی دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ پچیس ہزار ڈیڈ ویٹ ٹن صلاحیت کے جہازوں کی آمد ممکن بنانے کے لیے سمندری راستے کی ڈریجنگ کا جائزہ لیا جائے گا۔
