واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں )نومبر کے دوران منتخب عالمی حصص بازاروں میں چوتھی بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹ بن گئی، جس نے مقامی کرنسی میں ماہانہ بنیادوں پر 7.3فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔بلوم برگ کے 25نومبر تک مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ نے کئی بڑی عالمی منڈیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔اعداد و شمار کے مطابق نومبر میں بھارت کی سٹاک مارکیٹ 12.6فیصد اضافے کے ساتھ سرفہرست رہی، جبکہ دبئی کی مارکیٹ میں 10.2فیصد اور قطر کی مارکیٹ میں 9.8فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ پاکستان 7.3فیصد اضافے کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا، جبکہ سری لنکا کی سٹاک مارکیٹ نے 5.5فیصد بہتری دکھائی۔اس کے برعکس ایشیا کی کئی بڑی سٹاک مارکیٹوں میں نمایاں مندی دیکھی گئی۔ جنوبی کوریا کی مارکیٹ 17.5فیصد، تائیوان 16فیصد، جاپان 10.2فیصد اور سنگاپور 8فیصد تنزلی کا شکار ہوئے، جبکہ سلوواکیہ کی سٹاک مارکیٹ میں بھی 7.1فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔نومبر 2026کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا، تاہم مجموعی طور پر مارکیٹ نے مثبت کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔اسی ماہ کے ابتدائی حصے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بہتر ہونے سے مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔ 13نومبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100انڈیکس 3ہزار 987.19پوائنٹس یعنی 2.3فیصد اضافے کے بعد ایک لاکھ 77ہزار 873.88پوائنٹس پر بند ہوا ۔ اس تیزی کی بنیادی وجوہات میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی مضبوط آمد شامل تھیں، جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔تاہم مختلف عوامل کے باعث مثبت رجحان کو بار بار چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، جس سے مارکیٹ میں نمایاں اتار چڑھا رہا۔ 20نومبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے میں کے ایس ای 100انڈیکس معمولی کمی کے ساتھ بند ہوا، کیونکہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے مجوزہ ریفرنڈم سے متعلق ملکی سیاسی غیر یقینی صورتحال نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا اور عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے مثبت اثرات زائل ہوگئے۔اس کے بعد کے کاروباری سیشنز میں بھی اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا۔ مثال کے طور پر، 25 نومبر کو مارکیٹ میں وسیع پیمانے پر تیزی دیکھی گئی اور عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 1,068.42 پوائنٹس بڑھ گیا۔ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ محدود دائرے میں اتار چڑھا کا شکار رہ سکتی ہے، ان کے نزدیک عالمی جغرافیائی و سیاسی صورتحال اور بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتیں سرمایہ کاروں کے رجحانات اور مارکیٹ کی سمت کا تعین کرنے والے اہم عوامل رہیں گی۔
سٹاک مارکیٹ
