تازہ تر ین

پارٹی صدارت سے فوری استعفیٰ

اسلام آبا د(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان دوسروں کو تو بڑی شرم دلاتے ہیں، آپ کی اپنی شرم گم ہو گئی ہے۔ عائشہ گلالئی نے آپ پر جو الزامات لگائے وہ معمولی نہیں، آپ کو اصولی طور پر پارٹی کی صدارت سے مستعفی ہو کر خود کو تحقیقات کیلئے پیش کرنا چاہئے۔ اپنے اندر موجود لڑکپن اور لڑکے کو اس عمر میں ختم کر دیں، مسلم لیگ (ن) نے عائشہ گلالئی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت نہیں دی، امیر مقام کے فون کا افسانہ بنایا گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جو عمران خان کے ساتھ ہو رہا ہے اس پر خوشی نہیں لیکن یہ مکافات عمل ہے اور جو دوسروں کی پگڑیاں اچھالتا ہے، اللہ کا نظام ضرور حرکت میں آتا ہے۔ عمران خان نے جو نفرت کے بیج اور فصل بوئی ہے یہ اس کا شاخسانہ ہے۔ آپ پر وہ الزامات لگے ہیں وہ پاکستان کی کسی پارٹی کے سربراہ پر نہیں لگے۔ ہر مرتبہ ملبہ مسلم لیگ (ن) پر لگا دیتے ہیں، آپ دوسروں کو تو بڑی شرم دلاتے ہیں لیکن آپ کی اپنی شرم گم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ انصاف اب بھی ہونا چاہئے۔ عائشہ گلالئی باوقار رکن اسمبلی کے طور پر جانی جاتی ہیں، ان کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہئے اور عمران خان کو اصولی طور پر پارٹی کی صدارت سے استعفی دے کر خود کو تحقیقات کیلئے پیش کرنا چاہئے تاکہ اگر آپ بے گناہ ہیں تو آپ کی بے گناہی ثابت ہو اور اگر آپ نے واقعی یہ کارروائی کی ہے تو پھر اس کی سزا ملنی چاہئے۔ ہم اپنے سے بڑوں کو بھی باپ کی نظر سے دیکھتے ہیں اور سامنے آنے والی اس کارروائی پر بہت افسوس ہوا ہے جس کے باعث سیاست کے شعبے کو نقصان اور سیاسی کارکنوں کو دکھ پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا محترمہ کے الزامات کی تفتیش نہیں ہونی چاہئے، کیا آپ کو اس کے بغیر جانے دیا جائے، اس ملک کی سول سوسائٹی، آزاد میڈیا اور نظام عدل کو حرکت میں آنا چاہئے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے چاہئیں۔وزیر ریلوے نے کہا کہ پانامہ کیس میں نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ نے جو فیصلہ دیا ہے اس پر نظرثانی میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کے نامور قانون دان یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ عدلیہ کی آزادی کا مطلب سپریم کورٹ کی آزادی نہیں بلکہ نچلی عدالتوں کی بھی آزادی ہے۔ عاصمہ جہانگیر، علی احمد کرد اور سپریم کورٹ بار کے سابق صدور اور ممتاز قانون دان اس معاملے کو اٹھا رہے ہیں جس پر میں بھی فاضل عدالت سے درخواست اور استدعا کرنا چاہتا ہوں کہ ہمیں انصاف کیلئے غیر جانبدار پلیٹ فارم مہیا کیا جائے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے قائد نواز شریف کی قیادت میں اپنا سفر جاری رکھے گی۔ نواز شریف فارغ نہیں بیٹھیں گے اور میدان سیاست میں پہلے سے بڑا کردار ادا کریں گے، یہ تکلیف اور کرب جو ملا ہے اس سے کامیابی کی نئی کرنیں طلوع ہوں گی۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain