لاہور (ویب ڈیسک)یکم نومبر کو سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت کے پیش نظر تحریک انصاف نے حکومت مخالف دھرنے کی تاریخ کا ازسرنوجائزہ لینے کیلئے سرجڑ لئے جبکہ مختلف جماعتوں کی احتجاج میں شمولیت سے روکنے کیلئے حکومت بھی متحرک ہوچکی ہے، مذاکرات کیلئے سعدرفیق،پرویزرشید اورمیر حاصل خان بزنجو پر مشتمل تین رکنی کمیٹی نے کام شروع کردیا۔گزشتہ روز بنی گالہ میں کور کمیٹی کے اجلاس میں یکم نومبر کو سپریم کورٹ میں سماعت کے حوالے سے غور کیا گیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان نے لیڈرشپ سے پوچھا کہ کیا ہمیں اپنا دھرنا موخر کرنا چاہئے یا نہیں،جس پر شاہ محمود قریشی، جہانگیرترین سمیت دیگر مرکزی رہنماﺅں نے رائے دی کہ دو نومبر کے احتجاج کے حوالے سے تحریک انصاف کی تیاریاں مکمل ہیں مگراس آپشن پر مزید غور کی ضرورت ہے،کیونکہ عدالت سے اگر وزیراعظم یا ان کے خاندان کے دیگر افراد کے حوالے سے کوئی آرڈر جاری ہوگیا تو اسلام آباد بند کرنے کا جواز باقی نہیں رہے گا۔ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ق)اچانک پی ٹی آئی احتجاج میں شرکت کے اعلان کے بعد حکومت دیگر جماعتوں کو روکنے کیلئے متحرک ہوئی ہے۔حکومت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے پر غور کررہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اگلے دو سے تین روز میں تحریک انصاف اسلام آباد بند کرنے کے حوالے سے فیصلہ کرےگی۔قوی امکان ہے کہ دھرنا دونومبر کو ہی دیا جائیگا۔
All posts by Daily Khabrain
افغان طالبان کی پاکستانی حکام سے ملاقات
اسلام آباد( ویب ڈیسک ) پاکستان میں تعینات افغان سفیر عمرزخیل وال نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان طالبان نےرواں ہفتے پاکستانی حکام سے ملاقات کی اور انہیں قطر میں ہونے والے امن مذاکرات سے آگاہ کیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان طالبان نے رواں ہفتے پاکستانی حکام سے ملاقات کی ہے اور قطر میں ہونے والے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان امن مذاکرات کے حوالے سے آگاہ کیا، طالبان اور افغان حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں سینئر امریکی سفیراور افغانستان کی خفیہ ایجنسی کےسربراہ بھی شامل تھے۔پاکستان میں تعینات افغانی سفیر عمر زخیل وال نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی حکام اور طالبان کے درمیان ہونے والی ملاقات کا پہلے ہی سے علم تھا۔خبر ایجنسی کے مطابق افغان طالبان وفد نےامن مذاکرات کےسلسلےمیں پاکستان کادورہ کیا، جبکہ پاکستان میں آنے والے طالبان کا 3 رکنی وفد ملاسلام حنیفی ، ملاجان محمد اور مولوی شہاب الدین دلاور پر مشتمل تھا۔
2 نومبر کو اسلام آباد نہیں تحریک انصاف کی سیاست بند ہو گی
لاہور (ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ تبدیلی کی دھمکیاں دینا جمہوریت نہیں ، پی ٹی آئی والے سپریم کورٹ کی کنپٹی پر رکھ کر اپنی مرضی کے فیصلے چاہتے ہیں ، دو نومبر کو اسلام آباد بند نہیں ہو گا پی ٹی آئی بند ہو جائے گی ۔گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی طرز سیاست میں ہمیں دو تہائی اکثریت مل رہی ہے ، تبدیلی بلٹ سے نہیں بیلٹ سے آتی ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کی بھی آف شور کمپنیاں ہیں ، 2 نومبر کو اسلام آباد بند نہیں ہو گا ۔احسن اقبال نے موجودہ حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی پیک پاکستان کے لیے گیم چینجر ہے ۔ پاکستان کو اب عالمی میڈیا بہتر معیشت قرار دے رہا ہے تین سال سے پاکستان کی انڈسٹری کو متواتر بجلی مل رہی ہے، جو کرپٹ حکومت ہو اس کے خزانے بھرتے نہیں خالی ہوتے ہیں ۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ کے بہتر استعمال سے طلباء ترقی کی نئی منزلیں حاصل کر سکتے ہیں ، تقریب میں 11 سو طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے ۔عابد شیر علی کا بھی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ خود احتساب سے بھاگ رہے ہیں ، خواجہ آصف کے سوالات کا جواب کیوں نہیں دیتے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بند گلی میں داخل ہو چکے ہیں ، اب بھاگنے نہیں دیں گے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد اور ریاست پر کسی کو حملہ آور نہیں ہونے دیں گے ۔
پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 452 رنز بنا کر آؤٹ
ابو ظہبی( ویب ڈیسک) ابو ظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 452 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 304 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو مصباح الحق 90 اور نائٹ واچ مین یاسر شاہ بغیر کھاتا کھولے وکٹ پر موجود تھے، یاسر شاہ 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان مصباح الحق نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 96 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، سرفراز احمد نے 56 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ محمد نواز نے 25 اور سہیل خان نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گیبریل نے 5 اور جیسن ہولڈ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ روندرا بشو اور کریگ بریتھ ویٹ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔کھیل کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اظہر علی اور سمیع اسلم نے کیا تاہم ڈے اینڈ نائٹ میچ میں ٹرپل سنچری بناکر تاریخ رقم کرنے والے اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے جب کہ سمیع اسلم بھی صرف 6 رنز ہی بناسکے جس کے بعد اسد شفیق نے ٰڈینگی سے فائٹ کرکے ٹیم میں واپس آنے والے یونس خان کے ساتھ مل کر 87 رنز جوڑے اور 68 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔یونس خان وکٹ پر ڈٹے رہے اور کپتان مصباح الحق کے ہمراہ 175 رنز کی شراکت داری قائم کی، اس دوران تجربہ کاربیٹسمین نے اپنے کیرئیر کی 33 ویں سنچری اسکور کی لیکن وہ پہلے دن کے اختتام سے کچھ اوور پہلے ہی 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ مصباح الحق 90 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان 4 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنا لئے تھے۔
ملک میں تمام سیکٹرز، فیکٹرز اور ایکٹرزکا احتساب ہونا چاہئے
ملتان( ویب ڈیسک ) پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات قمرزمان کائرہ کا کہنا ہے کہ پاناما کیس کی سماعت ملک میں احتساب کی ابتدا ہے جب کہ آل سیکٹرز،آل فیکٹرز،آل ایکٹرز کااحتساب ہونا چاہئے۔ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران قمرزمان کائرہ نے کہا کہ پاناما اسکینڈل کی تفتیش کا مطالبہ جائزہے، پاناماپیپرز میں آنے والی تفصیلات پر دنیا بھر میں کسی نے اعتراض نہیں کیا ، وزیراعظم کے بچوں نے بھی پاناما میں اپنی کمپنیوں کوقبول کیا، ہم کہتے ہیں کہ آل سیکٹرز،آل فیکٹرز،آل ایکٹرز کااحتساب ہونا چاہئےاور اس کا آغاز پاناما پیپرز سے کیا جائے ، ہم ہر گز یہ نہیں کہہ رہے کہ پاناما پر تحقیقات کےاختیارات ہمیں دیےجائیں، عدالت خود قانون نہیں بنا سکتی، ہم عدالت کو بااختیار کرنے کی بات کررہے ہیں۔ اگرحکومت کےہاتھ صاف ہیں تومان جائیں اس میں انہی کافائدہ ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاناما معاملے پر تلخی میں اضافہ ہو رہا ہے، اس کی بڑی وجہ حکمران ہیں، وزیراعظم نے خود کو احتساب کےلئے پیش کیا لیکن تحقیقات کو مشروط کیا جاتا رہا، وزیراعظم نے جلسوں اور پارلیمنٹ میں اپنی پوزیشن واضح کرنے کی کوشش کی، اور وزیراعظم بتدریج اپنے لئے نئے گڑھے کھودتے رہے اور وضاحتیں وزیراعظم کےلیے مزید مشکلات کھڑی کرتی رہیں، وزیراعظم کی ٹیم اعتراض کرتی رہی کہ پاناما لیکس میں وزیراعظم کانام نہیں ہے، پاناما لیکس کے ٹی او آر پر اپوزیشن نے حکومتی مطالبہ مانا مگر اپوزیشن کا مطالبہ نہ ماناگیا اور ہمارے بل کے مقابلے میں حکومت بھی بل لے آئی۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ملک کی تمام اپوزیشن کو اکھٹے لے کر چل رہی ہے، ہمیں حکومت گرانے میں کوئی دلچسپی نہیں اور نا ہی ہماری شہروں کو بند کرنے کی پالیسی ہے، نواز شریف کو عدالتوں سے انصاف مل ہی جاتا ہے اور ہمیں قربانیاں دینے کے باوجود اپنی وفاداری کا ثبوت دینا پڑتا ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت مزدور اور کسان قاتل پالیسی لے کرچل رہی ہے، حکومت کا ہٹلر والا رویہ اور پالیسی نہیں چلے گی، ہم جبرکی بنیاد پر کسی بھی فیصلے کو مسلط کرنے کےخلاف ہیں، ہمیں کہا جاتاہےکہ ہم سی پیک میں رکاوٹیں ڈال رہےہیں،الگ صوبہ بنانےکی بات کریں توکہتے ہیں پنجاب کی تقسیم کرناچاہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پرصحیح طریقےسےکام نہں ہورہا، پیپلزپارٹی دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے، پیپلزپارٹی دہشت گردی کےخلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔
عمران کو سیاست اور نواز کو حکومت نہیں آتی ۔۔۔۔ اہم لیڈر کے بیان سے ہلچل
سکھر( ویب ڈیسک ) اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کا کہنا تھا کہ احتجاج ہر کسی کا جمہوری حق ہے لیکن شہربند کرنا غیر قانونی ہے جب کہ عمران خان کو سیاست اور نوازشریف کو حکومت کرنی نہیں آتی۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے دھڑوں میں کشمکش کوئی عام بات نہیں انہیں روکنا ہوگا، ایم کیوایم لندن پر پابندی لگنے تک انہیں روکا نہیں جاسکتا جب کہ ملک دشمنی کا نعرہ لگانے والے دوبارہ متحرک ہو رہے ہیں اور اس بات کو آسان نہ سمجھا جائے، ملک دشمن عناصر سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کے حوالے سے اپوزیشن لیڈرکا کہنا تھا کہ احتجاج ہرکسی کا جمہوری حق ہے لیکن اسلام آباد بند کرنا غیر آئینی ہے، جموریت ریاست کومضبوط بناتی ہے لیکن عمران خان کو سیاست اورنوازشریف کوحکومت کرنی نہیں آتی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں پر دشمن موجود ہیں اور ایسے حالات میں اندرونی جنگ کسی صورت میں سیاستدانوں کے حق میں نہیں۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت معاشی پالیسی بنانے ميں ناکام رہی ہے، اور اب تک 7 ہزار200 ارب روپے قرض لے چکی ہے، موٹرووے اورپورٹ قاسم گروی ہوچکا ہے جب کہ ڈرہے کہ پاکستان کو ہی گروی نہ رکھ دیا جائے پھر ہم سب ڈگڈگی بجاتے رہیں گے۔
وسیم اختر نے بھی بانی ایم کیو ایم کو ملک کا غدار قرار دیدیا
کراچی(ویب ڈیسک ) سربراہ ایم کیو ایم فاروق ستار اور پی ایس پی رہنما مصطفیٰ کمال کے بعد ناظم کراچی وسیم اختر نے بھی بانی ایم کیو ایم کو ملک کا غدار قرار دے دیا ہے۔ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق 12 مئی سے قبل بانی ایم کیو ایم نے حکومتی اداروں کے خلاف تقریر کی اور اس حوالے سے نائن زیرو پر بہت اجلاس ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 12 مئی سے قبل الرٹ جاری کر دیا تھا اور اس وقت سیکیورٹی امور کا انچارج میں تھا اور کراچی میں پیش آنے والے سانحے پر افسوس ہے۔ انہوں نے سانحہ 12 مئی کے حوالے سے پولیس کو اختیارات نہ دینے سے متلعق پوچھے گئے سوالات کا جواب دینے گریز کیا۔ جے آئی ٹی رپورٹ میں وسیم اختر نے بانی ایم کیو ایم کو ملک کا غدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ کہا کہ 22 اگست کو پاکستان مخالف تقریر کے بعد بانی ایم کیو ایم کی ’را‘ کے ساتھ روابط کے حوالے سے تشویش ہوئی۔
دھرنے سے نمٹنے کیلئے حکومت کے پارلیمانی جماعتوں سے رابطے شروع
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ ) تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے سے نمٹنے کیلئے حکومت نے پارلیمانی جماعتوں سے فوری رابطے شروع کردیئے ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے دو نومبر کے دھرنے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پارلیمانی جماعتوں سے رابطے شروع کردیئے ۔ جمعہ کے روز وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزراء پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے کمٹی میں پرویز رشید ، خواجہ سعد رفیق اور حاصل بزنجو شامل ہیں حکومتی کمیٹی اپوزیشن سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں سے رابطے کرے گی اور تحریک انصاف کے دو نومبر کے دھرنے سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی پر پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لے گی تین رکنی حکومتی کمیٹی تحریک انصاف کو ممکنہ غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام سے باز رکھنے کیلئے پارلیمانی جماعتوں کو مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کو کہے گی اور اسلام آباد کو بند کرنے سے باز رکھنے کاراستے نکالنے کے معاملے پر بھی پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کرے گی۔
پی ٹی آئی دھرنا ، پولیس کی تعیناتی پر 40کروڑ روپے کا خرچہ آئیگا
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے محکمہ پولیس نے حکومت سے پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کے انتظامات پورا کرنے کیلئے چار سو ملین روپے کی گرانٹ مانگ لی ہے ۔ میڈیا رپورٹس میں اعلیٰ پولیس افسران کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ مطالبہ وزارت داخلہ کو بھیج دیا گیاہے جو صرف دس دن کی پولیس اور پیرا ملٹری فورس کی تعیناتی کے حوالے سے ہے مطالبے میں کہا گیا ہے کہ اگر دھرنا طویل ہوا تواضافی فنڈز کی ضرورت ہوگی یہ خط سنٹرل پولیس آفس سے جاری کیا گیا ہے اور وزارت داخلہ کو ارسال کیا گیا ہے جس میں 460.719 ملین روپے گرانٹ کی درخواست کی گئی ہے رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ وزارت خزانہ سے اضافی فنڈز کےلئے رجوع کرتی ہے واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔
اگلے دس دن ملک کیلئے انتہائی اہم ہیں
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اگلے دس دن ملک کے لئے بہت اہم ہیں، وزیراعظم نوازشریف ملک کو شدید لڑائی کی جانب لے جا رہے ہیں جو ملک کیلئے اور خود ان کے لئے بہتر نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار سینئر تجزیہ کار نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران کیا۔ تجزیہ کار نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کی خلاف ورزی کی گئی لیکن اب تک کوئی ایکشن نہیں لیا گی۔ متنازع خبر لیک کرنے کے ذمہ دار اسلام آباد میں کھلے عام پھر رہے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کو بڑے بحرانوں کا سامنا ہے اور وہ کمزور وکٹ پر کھیل رہے ہیں۔ اگلے دس دن ملک کی سیاست کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ دفاعی تجزیہ کار جنرل (ر) غلام مصطفی نے کہا کہ متنازعہ خبر کے معاملہ کو 15 دن گزر گئے لین کوئی گرفتاری نہیں کی گئی جو حیران کن ہے۔ اس معاملہ میں تاخیر سے فوج میں بے چینی پھیل رہی ہے۔ فوج نے دہشتگردوں کیخلاف اور ملک دشمنوں کے خلاف لڑائی لڑنا ہوتی ہے اس کا زہن مکمل طور پر کلیئر ہونا ضروری ہے کہ حکومت اس کے ساتھ کھڑی ہے بصورت دیگر مورال گر جاتا ہے۔ حکومت کا غیرسنجیدہ رویہ سمجھ سے باہر ہے۔