All posts by Faisal Khan

ڈوبتے کراچی پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی سندھ حکومت پر شدید تنقید

(ویب ڈیسک)بارش میں ڈوبتے کراچی کو دیکھ کر پی ٹی آئی قیادت نے حکومت سندھ کو آڑے ہاتھوں لیا اور  وفاقی وزرا نے سوشل میڈیا پر بیانات کی بھر مار کر دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کراچی ڈوبا ہوا ہے اور نیرو اپنی سالگرہ منا رہا ہے، پیپلز پارٹی تیسری بار اقتدار میں لانے والے ووٹرز سے انتقام لے رہی ہے۔وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ 12 سال سے زائد عرصے سے اقتدار میں رہنے والی پیپلز پارٹی کراچی کے برساتی نالوں اور گٹر کی صفائی کا انتظام بھی نہیں کر سکی۔ بلاول پر تنقید کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ  سیاستدان ہونے کا ڈھونگ رچانے والا ایک بگڑا لاڈلا ٹی وی پر بیٹھ کر ہر کسی کو ہر برائی کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے، یہ مجرمانہ غفلت کی انتہا ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو  اپنے پیاروں کی لاشیں نکالتے دیکھ کر دل غمگین ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم شاہراہوں پر پانی جمع ہو نے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،  بارش کے باعث کرنٹ لگنے سمیت مختلف واقعات میں 5 افراد بھی جاں بحق ہوئے۔

معروف امریکی اداکارہ اولیویا ڈی ہیوی لینڈ 104 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

(ویب ڈیسک)مشہور ہالی ووڈ فلم ‘گون ود دا ونڈ’سے شہرت پانے والی امریکی اداکارہ اولیویا ڈی ہیوی لینڈ پیرس میں انتقال کر گئیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق معروف امریکی اداکارہ اولیویا ڈی ہیوی لینڈ  کی عمر 104 برس تھی۔1939 کی فلم ‘گون ود دا ونڈ’ ہالی ووڈ کے سنہری دور کی یادگار ترین فلم تھی جس میں اداکارہ اولیویا ڈی ہیوی لینڈ ملینی کا کردار ادا کر کے نمایاں ہوئیں تھیں۔ اولیویا ڈی ہیوی لینڈ  مشہور اداکارہ جین فونٹین کی بہن تھیں مگر فلمی دنیا میں ان کا اپنی بہن سے تنازع بھی رہا۔ اولیویا نے 2 اکیڈمی ایوارڈ بھی حاصل کیے، یہ 2 ایوارڈ انہیں ‘ٹو ایچ یس اون’  اور ‘دی ہیئرس’ جیسی فلموں میں اداکاری پر ملے تھے۔اداکارہ اولیویا ڈی ہیوی لینڈ 1953 سے پیرس میں مقیم تھیں، وہ دوسری عالمی جنگ سے پہلے کے فلمی دور کی آخری بڑی اداکارہ تھیں۔

پاکستان نے بھارت کے لیے جاسوسی کرنے والے کواڈ کاپٹر کو مار گرایا

راولپنڈی(ویب ڈیسک  )پاکستان نے بھارت کے لیے جاسوسی کرنے والے کواڈ کاپٹر کو مار گرایا ۔ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے ٹوئٹر پر بھارت کے مار گرائے گئے کواڈ کاپٹر کی تصویر شیئر کی اور بتا یا کہ لائن آف کنٹروول کے پانڈو سیکٹر میں پاک فوج کے جوانوں نے بھارتی کوارڈ کاپٹر کو نشانہ بنا یا جو کہ پاکستانی حدود میں 200میٹر اندر آ چکا تھا ۔رواں سال اب تک پاک فوج کے جوانوں نے دس بھارتی کوارڈ کاپٹروں کو نشانہ بنایا ہے ۔

سہیل تنویر اور آصف علی کو کیریبین لیگ کیلئے این او سی جاری

ویب ڈیسک : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹر سہیل تنویر  اور آصف علی کو کیربین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کھیلنے کی  اجازت دے دی۔

کرکٹر سہیل تنویر اور آصف علی کیربین پریمیئر لیگ میں شرکت کریں گے جس کے لیے پی سی بی کی جانب سے دونوں کرکٹرز کو این او سی جاری کر دیے گئے ہیں۔

سہیل تنویز آج شب براستہ انگلینڈ ویسٹ انڈیز روانہ ہوں گے اور وہ بارباڈوس میں قرنطینہ اور پریکٹس کریں گے جب کہ آصف علی 29 جولائی کو براستہ امریکا ویسٹ انڈیز جائیں گے جہاں وہ سینٹ لوشیا میں 14 روز کا قرنطینہ اور پریکٹس کریں گے۔

خیال رہے کہ سی پی ایل کے لیے پاکستان کے 2 ہی کرکٹرز کے معاہدے ہیں

‘ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور ایشیا کپ نہ ہونے سے پاکستان کو بہت نقصان ہو گا’

ویب ڈیسک : ایشین  کرکٹ کونسل نے پہلے ایشیا کپ 2020 ملتوی کرنے کا اعلان کیا تو پھر گزشتہ ہفتے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے اس برس آسٹریلیا میں ہونے والا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بھی ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

دونوں ایونٹس کووڈ-19 کی وجہ سے التوا کا شکار ہو ئے جب کہ اس کے علاوہ کئی باہمی سیریز بھی کووڈ-19 کی وجہ سے ممکن نہیں ہو سکی ہیں۔

‏ سابق ٹسیٹ کرکٹر مدثر نذر نے موجودہ صورتحال پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے بڑی مشکل قرار دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ان ایونٹس کے نہ ہونے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا مالی طور پر بہت نقصان ہو گا اور اس کے اثرات ڈویلپمنٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ پر نظر آئیں گے۔

‏ مدثر نذر کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اور اے سی سی کی جانب سے جو بھی فنڈز ملتے ہیں وہ ڈویلپمنٹ کے لیے ملتے ہیں اور یہ فنڈز ایونٹس کے انعقاد کے بعد ملتے ہیں اب جب کہ ایونٹس ہی نہیں ہو ں گے تو پھر فنڈز بھی یا تو ملیں گے نہیں یا کم ملیں گے۔

مدثر نذر نے کہا کہ یہ فنڈز کرکٹ بورڈز کے علاوہ ایمرجنگ ممالک کو بھی ملتے ہیں، اگر پاکستان کی بات کی جائے تو میں سمجھتا ہوں کہ فنڈز نہ ملنے سے پی سی بی کا بہت نقصان ہو گا اور اس کے پاکستان کرکٹ پر منفی اثرات پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے ایک برس تو صوبائی سطح کی کرکٹ کرا لی اور اس پر خطیر رقم بھی صرف کر دی، اب نچلی سطح پر بھی تو کرکٹ کرانا ہے وہ کیسے کرائی جائے گی، اسپانسرز تو پہلے ہی نہیں ملے تھے، اب صورتحال ایسی ہے کہ اسپانسرز ملیں گے بھی نہیں۔ اس طرح جب گورننگ باڈیز سے پیسہ نہیں ملے گا تو پھر ڈویلپمنٹ پر خرچ کہاں سے ہو گا۔

‏ سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے مالی طور پر مسائل پیدا ہوں گے، ڈویلپمنٹ کام میں پہلے ہی تسلسل نہیں ہے اور جتنا بھی کام ہوا ہے وہ کم ہوا ہے، اب اس صورتحال میں کام مزید رک جائے گا اور نتیجتاً اس کا نقصان کرکٹ کو ہو گا۔

وزیراعلیٰ بزدار نے عید کے موقع پر صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی منظوری دیدی

لاہور: (ویب ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب نے عید کے موقع پر صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی منظوری دیدی، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز عید سے دو، تین روز قبل بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب کہتے ہیں کورونا سے بچاؤ کیلئے عید سے قبل اسمارٹ لاک ڈاؤن مجبوری ہے، سول سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن تیار کر لیا، کسی وقت بھی جاری ہو سکتا ہے۔

اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران مویشی منڈیاں، یوٹیلیٹی اسٹورز، دودھ، دہی، تندور اور میڈیکل اسٹور کھلے رہیں گے۔ مویشی منڈیوں میں ایس او پیز اور سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دریں اثنا عیدالاضحیٰ کی نماز کے لیے پنجاب حکومت کی طرف سے ایس او پیز جاری کر دیئے گئے ہیں جن پر عمل درآمد کی ذمہ داری ضلعی حکام کے ساتھ ساتھ مساجد کمیٹیوں پر عائد ہو گی۔ خلاف ورزی سامنے آنے پر قواعد کے مطابق کارروائی بھی کی جائے گی۔

پی آئی اے نے بڑی عید پر کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا

اسلام آباد سے کراچی پروازوں کا یکطرفہ کرایہ 8ہزار652 روپے کردیا گیا جبکہ کراچی سے پشاور جانے والی پروازوں کا کرایہ11ہزار714مقرر

کراچی (ویب ڈیسک ) : پی آئی اے نے بڑی عید پر کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن نے بڑی عید کے موقع پر کرائیوں میں بڑی کمی کرد ہے۔ اسلام آباد سے کراچی پروازوں کا یکطرفہ کرایہ 8ہزار652 روپے کردیا گیا جبکہ کراچی سے پشاور جانے والی پروازوں کا کرایہ11ہزار714مقرر کردیا گیا ہے۔عید کے موقع پر مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پی آئی اے نے کراچی سے کوئٹہ جانے والی پرواز کا کرایہ11ہزار535کر دیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرایوں میں کمی 25جولائی سے عید الاضحیٰ تک رہے گی۔ قومی ایئرلائن کے مذکورہ اقدام سے مسافروں کو کرائے کی ادائیگی میں سہولت ملے گی، اور شہری عیدالضحیٰ کے موقع پر اپنے پیاروں سے ملنے کم کرایوں میں ایک شہر سے دوسرے شہر جاسکیں گے۔

دوسری جانب کرونا وائرس اور برطانیہ، یورپی یونین اور امریکا کے لیے آپریشن کی بندش سے قومی ایئر لائن کو رواں سال 100 ارب روپے سے زائد کے نقصان کا اندیشہ ہے۔ پی آئی اے کو امریکا میں آپریشن کی بندش کی وجہ سے 5 پروازوں پر 28 کروڑ روپے سے زائد کے نقصان کا سامنا ہے۔ دوسری جانب ملک میں شدید بارشوں کے باعث فلائٹ آپریشن بھی شدید متاثر ہوا ہے اور کئی پروازوں کا رخ موڑنا پڑ گیا ہے جبکہ کئی پروازوں کو اڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے جس کی وجہ سے مسافر ہوائی اڈے پر ی پھنس گئے ہیں۔

ایف اے ٹی ایف بل کی منظوری پر اپوزیشن نے نیب بل کی منظوری کی شرط رکھی ہے، شبلی فراز کا انکشاف

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) : ایف اے ٹی ایف بل کی منظوری پر اپوزیشن نے نیب بل کی منظوری کی شرط رکھی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے انکشاف کیا ہے کہ اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف بل کی منظوری پر نیب بل کی منظوری کی شرط رکھی دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نیب قوانین سے متعلق اپوزیشن صرف اپنے لیے بات کررہی ہے تاکہ بچت کا راستہ نکل سکے۔شبلی فراز نے بتایا ہے کہ خود کمیٹی کا ممبر ہوں جس میں اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے ایف اے ٹی ایف بل کی منظوری کے لیے نیب بل کی شرط رکھی، دراصل فنانشل ایکشن ٹاسک فورس بل پر اپوزیشن ڈیل کرکے نیب بل بھی منظور کروانا چاہتی ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن نےملک میں رہ کر اداروں کو کمزور کیا،سرکاری اداروں میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں،ہمیں بھارت سے لڑنےکی ضرورت نہیں،اپوزیشن ہی کافی ہے کیونکہ اُس نے ہمارےاداروں کو اندرونی طور پر تباہ کردیا ہے،ہم نے حکومت سنبھالی تو معیشت دیوالیہ ہونے کےقریب تھی،روپےکی قدر سہارے پر تھی،موجودہ حکومت کے اقدامات کے بعد صورت حال بہتر ہوئی ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ بلاول بھٹو جو سوالات ہم سےکر رہے ہیں وہ اپنے والد سے ہی پوچھ لیں،وہ زرداری سے پوچھیں سرے محل کس کا تھا،جعلی اکاؤنٹس کی کیاکہانی ہے، پاکستان میں مسٹرٹین پرسنٹ کس کو کہا جاتا تھا، پیپلزپارٹی کے چیئرمین ان باتوں کا جواب بھی قوم کو دیں کیونکہ عمران خان اپنی پوری منی ٹریل سپریم کورٹ میں پیش کرچکے ہیں اور عدالت نے ہی انہیں صادق و امین قرار دیا، افسوس اب پیپلزپارٹی آصف زرداری کی جماعت ہوگئی،قمرزمان کائرہ اور چوہدری منظورجیسے نظریاتی لوگ آج بھی بھٹو کے نظریے اور ویژن پر چل رہے ہیں،مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی نے مک مکا کر کے ملک اور قوم کو لوٹا ہے۔

پاکستان کیخلاف افغان سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے، افغان وزیر خارجہ

ویب ڈیسک : افغانستان کے قائم مقام وزیرخارجہ حنیف اتمر کا کہنا ہے کہ  افغان سرزمین کسی صورت  پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

افغانستان کے قائم مقام وزیرخارجہ حنیف اتمر  کا پاکستان سے متعلق اہم بیان میں کہنا تھا کہ  پاکستان کےساتھ بات چیت کے بارے میں کچھ بتانا چاہتا ہوں۔

قائم مقام وزیرخارجہ نے کہا کہ  پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کا استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ ریاستی وغیرریاستی عناصرکوپاکستان کونقصان پہنچانےکی اجازت نہیں دیں گے۔

حنیف اتمر نے کہا کہ  امیدہےبدلےمیں پاکستانی سرزمین بھی افغانستان  کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔خطے میں امن وسلامتی کے مشترکہ ہدف  کے لیے یہی واحد راستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اورافغانستان اسی طرح مشترکہ خطرے سےنمٹ سکتے ہیں۔

پاکستان میں اسلام کو ٹک ٹاک سے کو ئی خطرہ نہیں ہے

ویب ڈیسک : وفاقی وزیر فواد چو ہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اسلام کو نہ ٹک ٹاک سے خطرہ ہے، نہ ہی کتابوں سے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ  پاکستان میں اسلام کو نہ ٹک ٹاک سے خطرہ ہے، نہ ہی کتابوں سے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمیں فرقہ ورانہ بنیادوں پر تقسیم سے خطرہ ہے اور شدت پسندی سے خطرہ ہے، محلوں میں مقید حضرات احتیاط کریں، ایسی آگ کو ہوا نہ دیں کہ خود جل جائیں۔

انہوں نے پنجاب اسمبلی میں پاس کیے جانے والے قانون کے حوالے سے کہا کہ میں نے یہ قانون نہیں پڑھا لیکن اس وقت پارلیمان خصوصاً پنجاب میں ایسا ماحول بنا دیا گیا ہے کہ ہر رکن روزانہ ایک نئی تحریک لے کر آتا ہے اور بتایا جاتا ہے اگر یہ نہ ہوا تو اسلام خطرے میں ہے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ یہ خطرناک رویہ ہے اس سے ہم فرقہ ورانہ اور مذہبی شدت پسندی کے گرداب میں دھنستے جائیں گے۔