All posts by Faisal Khan

’عمران خان کو حوریں اور عوام کو موت کے فرشتے نظر آ رہے ہیں‘، مریم اورنگ زیب

لاہور (ویب ڈیسک)مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب کو حوریں اور عوام کو موت کے فرشتے نظر آ رہے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھاآپ کے ستائے عوام نے فیکٹریوں کو تالے لگا کر چابیاں نالائقوں کے حوالے کر دی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سبز باغ دکھا کر عوام کو دھوکا دینے والوں کو معاشی حقیقتوں نے بے نقاب کر دیا ہے، عمران صاحب نے بہترین حالات میں بدترین کارکردگی پر کامیابی کو ناکامی میں بدل دیا ہے۔مریم اونگزیب کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے 2013 میں ذمہ داری سنبھالی تو 8.8 فیصد خسارہ تھا، اسحاق ڈار نے ترقی کی شرح 5.8 فیصد کی جسے عمران خان نے تباہ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کو ملک و قوم کی خدمت کی سزا ان پر بے بنیاد الزامات کا کیچڑ اچھال کر دی گئی، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے ان پر جھوٹے اور سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات قائم کیے۔ترجمان ن لیگ نے مزید کہا کہ عمران صاحب کی معاشی کارکردگی ملی بھگت سے لوٹ مار اور سنگدلانہ نالائقی ہے، عمران صاحب آپ اسحاق ڈار پر تہمت لگا کر معیشت کو بہتر نہیں بنا سکتے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت کی بدترین کارکردگی کے باوجود عمران خان کو حوریں لیکن عوام کو موت کے فرشتے نظر آ رہے ہیں۔

جہلم: ڈرائیور اور کنڈیکٹر کی چلتی وین میں لڑکی سے مبینہ زیادتی

ویب ڈیسک) وین ڈرائیور اور کنڈیکٹر نے چلتی گاڑی میں لڑکی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔پولیس کے مطابق عالمہ کا کورس کرنے والی 15 سالہ طالبہ 30 جنوری کو تلہ گنگ سے اپنے گھر کھاریاں جانے کے لیے وین میں بیٹھی تھی، دینہ کے اسٹاپ پر دیگر مسافروں کے اترنے کے بعد طالبہ وین میں تنہا رہ گئی تھی۔پولیس نے بتایا کہ وین دینہ سے نکلی تو پہلے کنڈیکٹر اور اس کے بعد ڈرائیور نے طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور نیم بیہوشی کی حالت میں سڑک پر پھینک کر فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں وین ڈرائیور اور کنڈیکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کیا گیا اور 24 گھنٹے میں ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو میانوالی سے گرفتار کرلیا گیا۔ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال جہلم میں متاثرہ لڑکی کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کی میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد مزید تفتیش کی جائے گی اور واقعے کے تمام کردار و حقائق ایک دو دن میں بے نقاب ہوجائیں گے۔دوسری جانب طالبہ کے اہل خانہ نے ملزمان کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

(ق) لیگ مطالبات پر ڈٹ گئی، شفقت محمود سے بات کرنے سے معذرت

لاہور(ویب ڈیسک) حکومتی جماعت تحریک انصاف اور ان کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے مابین برف نہ پگھل سکی اور ق لیگی قیادت نے وفاقی وزیرشفقت محمود سے اتحاد کے معاملے پر بات کرنے سے معذرت کرلی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی قائم کردہ رابطہ کمیٹی کے رکن وفاقی وزیر شفقت محمود نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی سے ملاقات کی، جس میں اتحادی حکومت کے تحفظات اور باہمی دلچسپی پر بات چیت کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی حکومت کے الجھے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، وفاقی وزیر شفقت محمود اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کے درمیان ملاقات میں برف نہ پگھل سکی، شفقت محمود، مسلم لیگ (ق) کی قیادت کو نئی کمیٹی سے مذاکرات کے لئے قائل نہ کرسکے، مسلم لیگ (ق) کی قیادت نے نئی حکومتی کمیٹی کے رکن شفقت محمود سے اتحاد کے معاملات پر بات چیت سے گریز کیا اور کہا کہ وفاقی وزیر کی ملاقات ذاتی حیثیت میں ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ق) اپنے مطالبے پر ڈٹ گئی ہے اور ان کی قیادت کا کہنا ہے کہ پہلے جہانگیر ترین اور پرویز خٹک کی کمیٹی میں طے شدہ معاملات پر عملدرآمد کیا جائے پھر نئی کمیٹی سے بات ہو گی، نئے سرے سے زیرو سے دوبارہ اتحاد کے معاملات پر بات نہیں کر سکتے، جہانگیر ترین کی کمیٹی میں جو طے ہوا اس پر عمل کیا جائے، شفقت محمود سے ملاقات حکومتی کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے نہیں ذاتی حیثیت میں ہوئی۔دوسری جانب ملاقات کے بعد شفقت محمود نے اکیلے ہی میڈیا سے بات کی اور ان کے ساتھ مسلم لیگ (ق) کا کوئی رہنما شریک نہ ہوا۔ وزیراعظم کی جانب سے قائم کمیٹی کے ا?ج پہلے رابطے کے حوالے سے وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا تھا کہ چودھری پرویز الہٰی سے ون ٹو ون ملاقات ہوئی ہم ان سے بہت کچھ سیکھتے ہیں اور ملاقات اعزاز کی بات ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ (ق) لیگی قیادت سے انتہائی خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، ہمارا تحریک انصاف سے ہمارا کچھ لو اور کچھ دو کا رشتہ نہیں، ہماری سوچ ایک ہے، ہمارا ساتھ اب بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گا، مسلم لیگ (ق) کے جو خدشات تھے وہ بڑی حد تک حل ہو چکے ہیں۔شفقت محمود کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) کو خدشہ تھا کہ نئی کمیٹی بنی ہے تو دوبارہ شروع سے بات ہوگی، ہماری کمیٹی کی مسلم لیگ (ق) کی کمیٹی کے ساتھ ملاقات جلد ہوگی، نئی کمیٹی بننے کا مقصد پرانے معاہدوں کو زیربحث لانا نہیں تھا، ق لیگ سے کیے گئے پرانے معاہدوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی بلکہ جو معاہدے کیے ہیں انہیں ہی ساتھ لے کر چلیں گے، جو معاملات ہیں ان پر تفصیل سے بات چیت ہو گی، کمیٹیاں جب بیٹھیں گی تو معاہدوں پر عملدرآمد پر بات ہو گی۔

ڈینمارک کے اخبار میں کورونا وائرس کا متنازع کارٹون شائع ہونے پر چین برہم

ڈینمارک (ویب ڈیسک)رواں سال کے آغاز میں چین سے شروع ہونے والے مہلک کورونا وائرس نے اگرچہ دنیا کے دیگر ممالک کو بھی متاثر کیا ہے تاہم اب بھی اس وائرس سے سب سے زیادہ چینی افراد ہی متاثر ہوئے ہیں۔چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 18 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 361 ہوچکی ہے۔چینی حکام کے مطابق 3 فروری 2020 تک چین میں کورونا وائرس کے مریضوں کی

تعداد 17 ہزار 205 جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 361 ہوچکی تھی۔جہاں کورونا وائرس سے دنیا بھر میں خوف پھیلا ہوا ہے اور امریکا، برطانیہ، جرمنی، فرانس، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت دیگر ممالک میں بھی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔وہیں دنیا بھر کی حکومتیں وائرس سے نمٹنے کے لیے خصوصی اقدامات بھی اٹھا رہی ہیں۔تاہم یورپی ملک ڈینمارک کے ایک اخبار کی جانب سے چین سے شروع ہونے والے کورونا وائرس کے حوالے سے ایک متنازع کارٹون شائع کرنے پر نیا تنازع کھڑا ہوگیا۔یہ تنازع اس وقت کھڑا ہوا جب ڈینمارک کے اخبار ’دی جٹ لینڈ پوسٹ‘ نے کورونا وائرس کے

حوالے سے ایک متنازع کارٹون شائع کیا۔برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق ڈینمارک اخبار کی جانب سے کارٹونسٹ نیلس بو بوسن کے بنائے گئے کارٹون پر چینی حکام نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کارٹونسٹ اور اخبار چینی عوام سے معافی مانگیں۔رپورٹ کے مطابق اخبار کی جانب سے شائع کیے گئے کارٹون میں چین کے قومی جھنڈے پر پیلے رنگ کے وائرس کے 5 نشانات دکھائے گئے تھے۔مذکورہ کارٹون یا تصویر کو اخبار کے اہم صفحے پر سب سے اوپر شائع کیا گیا تھا۔چین کے قومی جھنڈے پر کورونا وائرس کے نشانات شائع کرکے اسے تصویر یا کارٹون کی شکل میں اخبار میں شائع کرنے پر چینی حکومت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ڈینمارک کے اخبار میں شائع کارٹون یا تصویر پر سب سے پہلے ڈینمارک میں موجود چینی سفارتخانے نے اعتراض کیا اور کارٹونسٹ کے عمل

کی سخت مذمت کی۔چینی سفارتخانے نے ڈینمارک اخبار اور کارٹونسٹ پر تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کارٹونسٹ کو اپنے عمل پر چینی عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔چینی حکام نے کارٹون یا تصویر کو چینی عوام کی تضحیک قرار دیا اور کہا کہ اس عمل سے چینی لوگوں کو دکھ پہنچا ہے تاہم چین کے مطالبے پر ڈینمارک حکومت نے معافی مانگنے سے انکار کردیا۔بی بی سی کے مطابق ڈینمارک کی وزیر اعظم میڈی فریڈرکسن نے چینی حکام کی جانب سے معافی کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک میں اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے۔ڈینمارک کی وزیر اعظم نے چینی حکام پر واضح کیا کہ ان کے ملک کا اخبار اور کارٹونسٹ معافی نہیں مانگیں گے اور انہیں ہر طرح کا کارٹون یا تصویر شائع کرنے کا مکمل حق ہے۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ڈینمارک کے اخبار کی جانب سے کسی ملک کے خلاف کارٹون یا تصویر شائع کی گئی ہو۔اس سے قبل بھی ڈینمارک کے اخبارات میں توہین آمیز کارٹون یا تصاویر شائع ہوتی رہی ہیں۔ڈینمارک کے اخبارات میں کسی دوسرے ملک، قوم یا مذہب کے خلاف کارٹون یا تصاویر شائع کرنے کی پرانی تاریخ ہے اور اس حوالے سے دنیا بھر میں ڈینمارک کے خلاف مظاہرے بھی ہوتے رہے ہیں۔

کورونا وائرس: چین پاکستانی ڈاکٹر کی رضاکارانہ خدمات پر مشکور

(ویب ڈسک)پنجاب کے شہر جہلم سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عثمان جنجوعہ نے چین کے شہر ووہاں میں کورونا وائرس کے متاثرین کے علاج کے لیے رضاکارانہ خدمات پیش کی ہیں جس پر چین نے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔پاکستان میں قائم چینی سفارت خانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر میں ستائشی پیغام میں کہا گیا ہے کہ ‘ہم ڈاکٹر محمد عثمان جنجوعہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایک غیر ملکی ڈاکٹر کی حیثیت سے چین میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں رضاکار کے طور شمولیت اختیار کی’۔:کورونا وائرس کے پھیلاو¿ پر کئی ممالک کی حکومتیں پریشا ن ڈ اکٹر عثمان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘وہ چین کی چنگشا میڈیکل یونیورسٹی میں ایک استاد ہیں اور پاکستان کے شہر جہلم کے علاقے دینہ سے تعلق رکھتے ہیں’۔پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے بھی ڈاکٹر عثمان جنجوعہ کے جذبے کو سراہا اور ٹوئٹر میں اپنے پیغام میں کہا کہ ‘ڈاکٹر عثمان ایک ہیرو ہے’۔ڈاکٹر عثمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب پہلی مرتبہ خبر سامنے آئی تھی تو اسی وقت صورت حال کی نگرانی کا ارادہ کرلیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ‘چین نے مجھے تعلیم اور روزگار کے لیے ایک اچھا موقع فراہم کیا تھا میں چین اور چنگشا کو بھولنے کا متحمل نہیں ہوں’۔رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عثمان جنجوعہ نے ہنان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ میں 27 جنوری کو باقاعدہ طور پر غیرملکی ماہرین کی خدمات کے دفتر سے رجوع کیا تھا اور ووہاں کے شہر میں رضاکارانہ خدمات کی پیش کش کی تھی۔ڈاکٹر عثمان کا کہنا تھا کہ ‘اسٹاف نے مجھے روزانہ کی بنیاد پر بیماری کے علاج اور وائرس سے بچاوکے حوالے سے طریقہ کار سمجھایا، مجھے اپنی حفاظت کا بتایا اور میری کئی مشکلات کو آسان بنادیا’۔ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستان سے میرے اہل خانہ اور دوست چین کی صورت حال کے حوالے سے پوچھتے ہیں تو انہیں جواب دیتا ہوں کہ ‘میں بہترین ہوں اور چین کی حکومت ہمارا بہت اچھا خیال رکھتی ہے’۔چین میں کورونا وائرس کے باعث اب تک ہلاکتوں کی تعداد 300 سے تجاوز کرچکی ہے اور 14 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ چین سے باہر فلپائن میں بھی ایک ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔

مہنگائی کا سونامی پاکستان کی معیشت کھاگیا: شہباز شریف

(ویب ڈسک )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مہنگائی میں مزید اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی بڑھنا معاشی پالیسیوں کی ناکامی کی دلیل ہے اپنے ایک بیان میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا سونامی پاکستان کی معیشت کھا گیا ہے، غریب اور ان کے خواب دفن ہو کر رہ گئے ہیں، زرعی ملک کو تباہ کرنے کی پالیسی پر عمل ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مزید 18 فیصد پاکستانیوں کا غربت کی لکیر سے نیچے جانا معاشی تباہی و بربادی کے اثرات ہیں، نواز شریف نے مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے اسے آزاد کر کے آدم خور دیو میں بدل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران دور حکومت میں مافیاز مالی فائدے اٹھارہے ہیں، نالائق، نااہل اور کرپٹ ٹولے کا 11 ہزار ارب کا قرض اڑدہا بن کر معیشت اور عوام کو نگل رہا ہے، حکمران ٹولہ نا صرف ملی بھگت سے کرپشن کر رہا ہے بلکہ سنگدلی کی حد تک نالائق اور بے حس بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی اس جہنم میں قوم بالخصوص غریب ترین لوگ کیسے زندہ رہیں گے؟ غریب بجلی گیس کے بل دے تو بچوں کی فیس رہ جاتی ہے، والدین کاعلاج کرائے تو کھائے کیا؟ ظلم کی یہ انتہا قہرالٰہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔خیال رہے کہ ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ہے اور رواں سال کے پہلے مہینے میں مہنگائی کی شرح 14.6 فیصد رہی جو کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت میں سب سے زیادہ ہے۔ادارہ شماریات پاکستان کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2019 میں مہنگائی کی شرح 12.6 فیصد تھی جو جنوری 2020 میں بڑھ کر 14 اعشاریہ 6 فیصد ہو گئی جب کہ جنوری 2019 میں یہ شرح 5.6 فیصد تھی۔

چیئرمین سینیٹ کی ایم کیوایم رہنماؤں سے ملاقات؛ کابینہ میں رہ کر مسائل کے حل پر زور

(ویب ڈسک )چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایم کیو ایم رہنماو¿ں سے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا ہے کہ کابینہ میں رہ کر ہی اپنے عوام کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کراچی کے علاقے بہادر آباد میں قائم ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پہنچے جہاں انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماو¿ں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خالد مقبول صدیقی، عامر خان ،فیصل سبزواری اورامین الحق شامل تھے۔بہادرآباد آمد پر چیئرمین سینیٹ اور فیصل سبزواری کے درمیان کراچی اور اسلام آباد کے موسم کا ذکر ہوا۔ فیصل سبزواری نے چیئرمین سینیٹ کو کہا کہ کراچی میں آپ کو گرمی محسوس ہو رہی ہوگی، کراچی کی نسبت اسلام آباد میں زیادہ ٹھنڈ ہے، ہمیں تو کوئٹہ کے توسط سے ہی ٹھنڈ ملتی ہے، جس پر صادق سنجرانی نے کہا کہ کراچی کا موسم تو زبردست ہے۔چیئرمین سینیٹ سے رسمی گفتگو کے آغاز پر خالد مقبول صدیقی نے ہلکے پھلکے انداز میں شکوہ کرتے ہوئے مصرع کہا ’بڑی دیر کی مہرباں آتے آتے‘، جس پر صادق سنجرانی نے کہا کہ میں پہلے بھی آیا تھا لیکن آپ سے ملاقات نہیں ہوسکی تھی۔ ہم چاہتے ہیں آپ ہمارے ساتھ رہیں۔ جس پر فیصل سبزواری نے کہا کہ ہماری بھی یہی خواہش ہے صادق سنجرانی نے کہا کہ آپ کی کابینہ سے علیحدگی کی خبر سنی تو دلی افسوس ہوا، جس پر خالد مقبول نے کہا کہ جن عوامی مسائل کے لیے حکومت سے اتحاد کیا وہ حل ہوجائیں، وزارتیں تو آنی جانی ہیں۔چیئرمین سینیٹ سے یقین دہانی کرائی کہ آپ کے مطالبات پر حکومتی کمیٹی کام کررہی ہے جلد معاملات حل ہوں گے۔ کنوینر ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ہماری کمیٹی تو شروع سے ایک ہی ہے البتہ حکومتی کمیٹی کئی بار تبدیل ہوچکی ہے۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا بہادرآباد آنے پر شکریہ اداکرتا ہوں، جس طرح صادق سنجرانی نے سینیٹ کو چلایا یہ ان کی صلاحیتوں کا ثبوت ہے، ایم کیو ایم نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے مسائل پر آواز اٹھائی، ہر پاکستانی کو برابر کا وفادار اور حق دار سمجھا جائے، سندھ کے عوام کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔

طورخم بارڈر پر اسمگلنگ میں ملوث 2افسران سمیت 7افراد معطل

(ویب ڈسک )وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم نے آٹے کی اسمگلنگ میں ملوث دو افسران کے ساتھ ساتھ طورخم بارڈر پر اسمگلنگ میں ملوث 7افراد کو فوری طور پر معطل کر کے ان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔سیالکوٹ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 72سال سے ملک کے نظام سے فائدہ اٹھانے والا مافیا ایک طرف آ کر کھڑ ہو گیا ہے اور وہ عمران خان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جتنے بھی سیاستدان آئے انہوں نے اپنی سیاست بچانے اور مقبولیت کے لیے ایسے فیصلے کیے جس سے پاکستان کا قد نیچے جاتا رہا کیونکہ ان کی پالیسیز اپنی ذات اور سیاست کو بچانا تھا۔معاون خصوصی نے مزید بتا یا کہ ملک کے نظام میں تبدیلی اور اصلاحات مشکل ترین کام ہے اور وزیر اعظم عمران خان اپنی سیاست کو داو¿ پر لگا کر اور اپنی مقبولیت کے گراف کو وقتی طور پر پس پشت ڈالتے ہوئے اس وقت پاکستان کی فکر کر رہے ہیں اور ملک میں اصلاحات متعارف کرا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بڑے بڑے صنعت اور سرمایہ دار عوام کے درد سے ناآشنا ہیں، پاکستان کا اصل درد 5فیصد مراعات یافتہ طبقہ ہے جس نے 72سال 95فیصد طبقے کو یرغمال بنایا اور ان کے حقوق کو چھینا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے طوفان کے لیے ہمیں اس کی وجوہات کو دیکھنا چاہیے، عمران خان کو اقتدار میں آئے ہوئے 15ماہ ہوئے ہیں اور اس مہنگائی کی وجہ وہ ڈاکو ہیں جنہوں نے عوام کے حقوق کو چھینا اور پاکستان کا صفایا کر کے بمع اہل و عیال لندن میں عیاشیوں میں مصروف ہیں۔اس موقع پر انہوں نے ن لیگ کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بیماریوں کے نام پر علاج کے لیے عدالتوں سے عارضی چھٹی لی گئی اور حیران کن بات ہے کہ اتنے ماہ گزرنے کے باوجود آپ نے عوام کو پلیٹلیٹس کی داستاں نہیں سنائی کیونکہ یہ ایک ایسی پراسرار بیماری ہے جو اقتدار کے جانے سے جڑی ہوئی ہے اور اس کو آپ نے اپنے فرار کا ذریعہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ یہ عوام کے درد سے ناآشنا ہیں کیونکہ اگر اس خاندان کو عوام کا درد ہوتا تو سب سے پہلے ان کے بچے اور ان کا خاندان پاکستان کے قانون کا تابع ہوتا لیکن انہوں نے ہمیشہ پاکستان اور اس کے قانون کو اپنا تابع بنایا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آپ کی بہتری کے لیے جو پالیسیاں بنائی ہیں، وہ دن دور نہیں جب آپ کو ان کے مثبت اثرات نظر آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ آپ کو جس مافیا کے چیلنج کا سامنا ہے وہ کبھی گندم ذخیرہ کرتا ہے، کبھی آٹا مہنگا کرتا، کبھی چینی کے اسٹاک اکٹھے کر کے مصنوعی بحران پیدا کرتا ہے لیکن وزیر اعظم ان عوام دشمن سوچ کے حامل ان دونوں مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے آٹے کی اسمگلنگ میں ملوث افسران کی معطلی کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کلیکٹوریٹ میں جو آٹا افغانستان اسمگل کیا جا رہا تھا، کسٹم انٹیلی جنس کی رپورٹ پر وزیر اعظم نے ایکشن لیتے ہوئے اس کام میں ملوث دونوں ڈائریکٹرز کو معطل کرنے کے ساتھ ساتھ ایف آئی اے کو ان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کا بھی حکم دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ طورخم پر آںے والے پاکستان کے مال کی ڈیوٹی میں ہیرا پھیری ہوتی تھی اور کنٹینرز کی جانچ بھی غلط کی جاتی ہے تھی جس کی آڑ میں پاکستان میں اسمگلنگ کی بڑھتی تھی اور اسمگل شدہ اشیا پاکستان کی منڈیوں میں پہنچنے سے ہماری صنعت ڈوبتی اور لوگ روزگار سے محروم ہوتے تھے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے طورخم بارڈر پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اسمگلنگ میں ملوث دو کلیکٹرز اور اسسٹنٹ کلیکٹرز سمیت عملے کے7افراد معطل کیے ہیں اور ہم انکوائری کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچا رہے ہیں

پاکستان نےکورونا وائرس کی تشخیص کی صلاحیت حاصل کرلی

(ویب ڈسک )پاکستان نے چین سے پھیلنے والے موذی کورونا وائرس کی تشخیص کی صلاحیت حاصل کرلی۔دنیا کے 20 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں امریکا، فرانس، جاپان، جرمنی، کینیڈا، جنوبی کوریا، ویت نام، آسٹریلیا، فلپائن، بھارت اور دیگر ممالک شامل ہیں۔ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ پاکستان نے کورونا کی تشخیص کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ الحمدللہ ، آج پاکستان کورونا وائرس کی تشخیص کی صلاحیت رکھتا ہے جس کے لیے این آئی ایچ قیادت اور ٹیم کو وائرس کی تشخیص کے لیے ری ایجنٹ کو محفوظ بنانے میں محنت پر تعریف کرتاہوں۔ گزشتہ روز ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ شام تک کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیےکٹس موصول ہو جائیں گی، کٹس آنے پر پاکستان میں کورونا وائرس کی تشخیص ممکن ہو سکے گی۔

حکومتی ارکان نے سینیٹرز کی تنخواہیں بڑھانے کی مخالفت کردی

(ویب ڈسک )حکومتی ارکان نے سینیٹرز کی تنخواہوں میں 400 فیصد تک اضافے اور الاو¿نس کی بحالی کے لیے مجوزہ بل کی مخالفت کردی ہے۔وفاقی وزیر اسد عمر نے سینیٹرز کی تنخواہوں میں 400 فیصد تک اضافے کے بل سے متعلق اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ان حالات میں مناسب نہیں کہ عوامی نمائندے اپنی مراعات میں اضافہ کریں، خزانے میں گنجائش ہے تو عوام پر بوجھ کم کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی وسائل بچانے کا کہا اور خزانے کا ذاتی استعمال نہ کرنے کی ابتدا خود کی، ہم ایوان میں سینیٹرز کی تنخواہیں بڑھانے کی مخالفت کریں گے۔دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے بل کو غیر مناسب قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک ابھی معاشی بحران سے پوری طرح نہیں نکلا، ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں وقت لگے گا۔ اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے وقت مناسب نہیں ہے۔واضح رہے کہ چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین اور اراکین سینیٹ کی تنخواہوں میں 400 فیصد تک اضافے کا بل آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کر دیا گیا ہے۔ یہ بل بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر نصیب اللہ بازئی نے سینیٹ سیکرٹریٹ میں بل جمع کرایا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر اراکین کی تنخواہوں میں اضافہ چاہتے ہیں۔