All posts by Khabrain News

ویسٹ انڈیز کے خلاف وارم اَپ میچ کیلئے پاکستان شاہینز اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کیخلاف سہ روزہ وارم اَپ میچ کھیلنے والی پاکستان شاہینز اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف سہ روزہ وارم اَپ 10 جنوری سے اسلام آباد کلب میں کھیلا جائے گا، جہاں اوپنر امام الحق شاہینز کی قیادت کریں گے۔

ویسٹ انڈیز کا ٹیسٹ اسکواڈ پیر 6 جنوری کو اسلام آباد پہنچے گا جبکہ اسی روز پاکستان شاہینز کا اسکواڈ بھی جمع ہوگا۔ شاہینز 7 جنوری کو اسلام آباد کلب میں اپنی ٹریننگ شروع کریں گے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم  8 اور 9 جنوری کو دو ٹریننگ سیشنز کرے گی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 17 جنوری سے ملتان میں ہورہا ہے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دونوں میچز  ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

ٹیسٹ اسکواڈ میں موسیٰ خان بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں جنہوں نے اس سیزن میں قائداعظم ٹرافی کے 5 میچوں میں 38 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہوگا۔

پاکستان شاہین اسکواڈ:

امام الحق (کپتان)، احمد بشیر، احمد صفی عبداللہ ، علی زریاب، حسیب اللہ، حسین طلعت، کاشف علی، محمد ہریرہ، محمد رمیز جونیئر، محمد سلیمان، موسیٰ خان، عمیر بن یوسف، روحیل نذیر اور سعد خان۔

ویسٹ انڈیز ٹیسٹ اسکواڈ:

کریگ براتھ ویٹ (کپتان)،  الیک اتھانازے، کیسی کارٹی، جوشوا دا سلوا، جسٹن گریوز، کیویم ہوج، ٹیون املاچ، امیر جینگو، میکائل لوئس، گڈاکیش موتی، اینڈرسن فلپ، کیمار روچ، جیڈن سیلز، کیون سنکلیئر اور جومل واریکن۔

شہرت کے سائے میں انصاف؟بھگدڑ کیس میں سپر اسٹار اللو ارجن کو ضمانت

تامل اور تیلگو فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار الو ارجن کو ’پشپا 2‘ کے بھگدڑ کیس میں مشروط ضمانت مل گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد دکن کی مقامی عدالت میں سندھیا تھیٹر بھگدڑ کیس کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے الو ارجن کی چند شرائط کے ساتھ ضمانت قبول کرلی۔

عدالت نے الو ارجن اور پولیس کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔ اداکار کے وکیل کے مطابق، ان کے موکل کو دو مقدمات میں 50،50 ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے اور ہر اتوار پولیس اسٹیشن میں حاضری دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔

وکیل نے مزید کہا کہ عدالت نے غور و فکر کے بعد یہ ضمانت دی ہے کیونکہ معاملہ قتل کا نہیں ہے، اور عدالت کی جانب سے عائد کردہ شرائط عام نوعیت کی ہیں، جو ہر ملزم کے لیے ہوتی ہیں۔

اس کے علاوہ، وکیل نے بتایا کہ یہ معاملہ تلنگانہ ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے اور اگلی سماعت 21 جنوری کو ہوگی، جس کے لیے قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

یاد رہے کہ الو ارجن کے خلاف 4 دسمبر کو پشپا 2 کے پریمیئر کے دوران بھگدڑ میں ایک خاتون کی موت واقع ہونے پر مقدمہ درج کیا گیا اور انہیں پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔

حیدرآباد سے کراچی آنے والی 2 مسافر بسوں سمیت 4 گاڑیوں میں تصادم، ایک شخص جاں بحق 15 زخمی

حیدرآباد سے کراچی آتے ہوئے سپر ہائی وے پر دو مسافر بسوں سمیت چار گاڑیوں میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔

ایدھی حکام کے مطابق تصادم میں دو مسافر بسیں ایک واٹر ٹینکر اور ایک لوڈر ٹرک شامل ہیں واقعہ میں ایک شخص جاں بحق اور 15 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق زیادہ زخمیوں کو سپر ہائی وے پر نجی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ کئی زخمی افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ایدھی ایمبولینس اور رضاکار جائے وقوعہ پر موجود امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ جاں بحق اور زخمیوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

غزہ میں دو دن کے اندر 140 فلسطینی شہید، جنگ بندی مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کا امکان

غزہ میں دو دنوں کے اندر اسرائیلی فضائی حملوں سے تقریباً 140 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں جمعہ کے روز کم از کم 61 جبکہ جمعرات کو 77 افراد شہید ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

الجزیرا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے کہا ہے کہ عالمی ادارے نے غزہ میں 27 صحت مراکز پر 136 اسرائیلی حملے ریکارڈ کیے ہیں جن سے بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اب تک کم از کم 45,658 فلسطینی شہید اور 108,583 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ حماس کے حملوں کے دوران اسرائیل میں کم از کم 1,139 افراد ہلاک اور 200 سے زائد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دوسری جانب قطر میں مذاکرات کے دوبارہ شروع ہونے پر حماس کے سینیئر اہلکار باسم نعیم نے کہا کہ فلسطینی گروپ جنگ بندی کے معاہدے، غزہ سے اسرائیلی افواج کے انخلاء اور انکلیو کی آبادی کو ان کے گھروں کو واپس کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔

رپبلکن رہنما مائیک جانسن کو دوبارہ امریکی ایوان نمائندگان کا اسپیکر منتخب کر لیا گیا

امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت حاصل کرنے والے رپبلکن رہنما مائیک جانسن کو دوبارہ امریکی ایوان نمائندگان کا اسپیکر منتخب کر لیا گیا ہے۔

خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق جمعہ کو نئی گانگریس کے پہلے دن رپبلکن رہنما مائیک جانسن پہلے مرحلے میں 218 ووٹ لے کر انتہائی کم فرق سے ایوان نمائندگان کے اسپیکر منتخب ہو ئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مائیک جانسن کو 218 جبکہ ڈیموکریٹ رہنما حکیم جیفریز کو 215 ووٹ ملے، رپورٹ کے مطابق جانسن کے خلاف تین رپبلکن اراکین، رالف نورمن (جنوبی کیرولائنا)، کیتھ سیلف (ٹیکساس) اور تھامس میسی نے ووٹ دیا تھا۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق تمام ڈیموکریٹک اراکین نے اقلیتی رہنما حکیم جیفریز کے حق میں ووٹ دیا، رپبلکنز نے اب ایوان نمائندگان اور سینیٹ دونوں پر باضابطہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور اراکین نے حلف بھی اٹھا لیا ہے جبکہ پیر کو کانگریس کا دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی جیت کی تصدیق کی جا سکے گی۔

اداکارہ نیلم منیر کا دولہا کون؟ مہندی کے بعد نکاح کی تصاویر بھی وائرل

معروف اداکارہ نیلم منیر نے مہندی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کے بعد اب نکاح کی تصاویر شیئر کردیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

نیلم منیر کی جانب سے تین جنوری کی شام کو نکاح کی تصاویر شیئر کی گئیں وائرل تصاویر میں نیلم منیر نے سفید رنگ کا لباس زیب تن کر رکھا ہے جبکہ انہیں عرب لباس میں ملبوس شخص کے ہمراہ رومانوی فوٹوشوٹ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی تصاویر میں نیلم منیر کو شوہر کے ہمراہ دبئی کے مختلف مقامات پر خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

اس سے قبل اداکارہ نے اپنی مایوں کی تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں جن میں انہوں نے زرد رنگ کا روایتی لباس زیب تن کر رکھا تھا اور وہ تصاویر کراچی کے ایک خوبصورت مقام پر کیے گئے فوٹوشوٹ کی تھیں۔

نکاح کی تصاویر میں نیلم منیر کو ان کے شوہر کے ہمراہ دبئی کے مختلف مقامات پر فوٹوشوٹ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، تصاویر کے بیک گراؤنڈ میں دبئی کے مختلف مقامات نظر آرہے ہیں جن میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکارہ نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے نئی زندگی کا آغاز کردیا اور ساتھ ہی مداحوں سے دعاؤں میں یاد رکھنے کی اپیل بھی کی ہے تاہم انہوں نے شوہر کا نام سمیت نکاح و شادی کی تقریبات کی دیگر تفصیلات نہیں بتائیں۔

اپنے شریک حیات کے ہمراہ تصاویر شیئر کرنے کے بعد ان کے مداحوں نے شریک حیات سے متعلق کمنٹ میں سوالات بھی کیے لیکن اس حوالے سے اداکارہ کی جانب سے کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے کہیں بوندا باندی اور کہیں ہلکی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج سے شروع ہونے والی سردی کی نئی لہر ایک ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ گلشن معمار، بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد سمیت دیگر علاقوں میں رات گئے کہیں ہلکی بارش اور کہیں بوندا باندی جبکہ کراچی کے نواحی علاقے حب چوکی میں بھی ہلکی بارش ہے۔

رات گئے گرو مندر، نمائش چورنگی، ایم اے جناح روڈ، گلشن اقبال، شارع فیصل، کارساز روڈ، ڈالیما، شانتی نگر، گلستان جوہر اور اسکیم 33 میں بوندا باندی ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی رات سے ہفتہ کی صبح تک کراچی کے مختلف علاقوں میں رم جھم اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

صائم ایوب دوسرے ٹیسٹ سے باہر، فٹنس مسائل ٹیم کے لیے خطرہ؟

جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں انجری کا شکار ہونے والے نوجوان ٹیسٹ کرکٹر صائم ایوب کی زخمی ہونے کے بعد تازہ ترین تصویر تیزی سے وائرل ہونے لگی۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن دوران فیلڈنگ صائم ایوب کا ٹخنہ مڑ گیا تھا، بعدازاں اسپتال میں ایکسرے اور دیگر متعلقہ ٹیسٹ کی رپورٹس کی روشنی میں ٹیم منجمنٹ نے 22 سالہ صائم ایوب کے ان فٹ ہونے کی تصدیق کردی۔

بقیہ میچ میں ان کی عدم دستیابی پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ایک بڑا دھچکہ ہے، میچ میں زخمی ہونے کے بعد بے بسی کے انداز میں چھڑی کے سہارے جاتے صائم ایوب کی تصویر سرعت کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے

مزکورہ تصویر میں تماشائی حیرانگی کے ساتھ صائم ایوب کو جاتا دیکھ رہے ہیں۔

کپل شرما شو کی اداکارہ کا دل دہلا دینے والا تجربہ

نامور اداکارہ اپاسنا سنگھ، جو “جڑواں” اور “میں پریم کی دیوانی ہوں” جیسی فلموں اور “کپل شرما شو” میں اپنی اداکاری کے لیے مشہور ہیں، نے حال ہی میں اپنے ابتدائی کیریئر کے ایک خوفناک تجربے کا انکشاف کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک جنوبی بھارتی فلم ڈائریکٹر کے رویے نے ان کی زندگی اور کیریئر پر گہرا اثر چھوڑا۔

اپاسنا نے بتایا کہ ایک جنوبی ہدایتکار، جن کے ساتھ وہ انیل کپور کے ساتھ ایک فلم میں کام کر رہی تھیں، نے انہیں رات 11:30 بجے ایک ہوٹل میں ملاقات کے لیے بلایا۔

جب اپاسنا نے یہ درخواست ٹالنے کی کوشش کی تو ہدایتکار نے طنزیہ انداز میں کہا، “تمہیں بیٹھک کا مطلب نہیں پتا؟”

یہ جملہ ان کے لیے شدید پریشان کن تھا۔ اگلے دن، اپاسنا نے ہدایتکار کے دفتر جا کر سب کے سامنے ان کی سخت سرزنش کی۔ انہوں نے پنجابی میں غصے سے بھرپور الفاظ ادا کیے اور ان کے رویے پر سخت احتجاج کیا۔

اپاسنا نے اس واقعے کے بعد ایک ہفتے تک خود کو کمرے میں بند رکھا اور مسلسل روتی رہیں۔ انہیں یہ خوف تھا کہ یہ واقعہ ان کے کیریئر کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ لیکن اپنی والدہ کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے، انہوں نے اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کا عزم کیا۔

انہوں نے کہا، “میری ماں نے میرے خوابوں کو حقیقت بنانے کے لیے محنت کی۔ یہ سوچ کر میں نے خود کو سنبھالا اور آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔”

اڑان پاکستان کے منصوبے اور اہداف لانگ ٹرم ہیں، شہباز رانا

 تجزیہ کار شہباز رانا کا کہنا ہے کہ حکومت کے معاشی بحالی کے پانچ سالہ منصوبے اڑان پاکستان  کے وعدے ہیں، لانگ پلانز ہیں، ٹارگٹس ہیں جو اچھی بات ہے، آپ کسی اونچے ہدف کو حاصل کرنے کی کوشش کرو گے تو شاید اسے حاصل نہ کر سکو مگر اس کے قریب قریب پہنچ جاؤ گے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام دی ریویو میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کچھ ہفتے پہلے وزیرخزانہ  اور بعض اہم لوگوں نے کراچی اور لاہور میں تاجر برادری سے ملاقاتیںکی تھیں، جن میں تاجر برادری نے حکومت سے اکانومی کو کھولنے کا مطالبہ کیا تھا، پہلی سہ ماہی کے اعدادوشمار حکومت کی توقعات سے بہت نیچے ہیں، جولائی، اگست اور ستمبر کی پہلی سہ ماہی میں ترقی کی شرح محض0.92  فیصدہے جو گزشتہ سال کی 2.3 فیصد نمو کے مقابلے میں کم ہے۔

 اس کی اہم وجہ صنعت و زراعت کی کم پیداوار ہے، اہم فصلوں کی پیداوار میں 11.2فیصد کمی ہوئی ہے، چاول، کپاس، گنا، اور مکئی کی پیداوار متاثر ہوئی ہے، صنعتی شعبے میں ایک فیصد سکڑاؤہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تقریباً ختم ہو گیا ہے، لیکن یہ مینجڈ ہے، ششماہی ٹیکس ہدف حاصل نہیں کیا جاسکتا۔

 تجزیہ کار کامران یوسف نے کہا کہ سیکیورٹی کے اعتبار سے2024 بڑا مشکل سال رہا، گزشتہ سال 2014 کے بعد دہشت گردی  کے سب سے زیادہ 444واقعات ریکارڈ ہوئے، ان کا زیادہ تر فوکس بلوچستان اور خیبر پختونخوا رہا، پاکستان کا یہ ماننا ہے کہ اس کی وجہ سرحد پار افغانستان میں  دہشتگردی کے وہ ٹھکانے ہیں جس کی وجہ سے ہمیں مسئلہ پیش آ رہا ہے۔