All posts by Khabrain News

چیمپئینز ٹرافی؛ آئی سی سی کا وفد اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کرے گا

پاکستان میں شیڈول چیمپئینز ٹرافی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے وفد کا دورہ اگلے ہفتے ہونے کا امکان ہے تاہم حمتی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے درمیان اس حوالے سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔

چیمپئینز ٹرافی 2025 پاکستان میں 1996 کے بعد ملک میں ہونیوالا آئی سی سی کا پہلا بڑا ایونٹ ہے۔

بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) کے درمیان چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے آج بات چیت متوقع ہے، دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تناؤ کی وجہ سے ٹورنامنٹ کا مستقبل غیر یقینی ہے۔

پی ٹی آئی احتجاج: مظاہرین کا مرچوں والے پانی اور پھینٹی سے استقبال کا منصوبہ

پی ٹی آئی احتجاج کے سلسلے میں پولیس نے اپنی دلچسپ حکمت عملی تیار کی ہے، جس کے ذریعے مظاہرین کا استقبال مرچوں والے پانی اور پھینٹی سے کرنے کا پلان بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی احتجاج سے نمٹنے کیلیے وفاقی پولیس کی نئی حکمت عملی سامنے آگئی، جس میں وفاقی پولیس نے مظاہرین کو “بھگو بھگو کر مارنے” کا منصوبہ بنایا ہے۔

وفاقی پولیس نے مظاہرین سے نمٹنے اور انہیں منتشر کرنے کے لیے پہلے ان پر پانی پھینکنے اور اس کے بعد پھینٹی لگانے کا پروگرام زیر غور ہے۔

پی ٹی آئی کارکنوں کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے پولیس افسران کی جانب سے واٹر کینن کے پانی میں مرچیں ڈالنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کے پاس اپنی 2 واٹر کیننز ہیں جب کہ 2 واٹر کیننز پنجاب سے منگوائی گئی ہیں۔

واٹر کیننز کے علاوہ سی ڈی اے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی استعمال کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے 24 نومبر کو اسلام آباد احتجاج کی تیاریاں جاری ہیں دوسری طرف حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے اسے روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ؛ فائر وال کی تنصیب، انٹرنیٹ کی سُست روی کیخلاف درخواست سماعت کیلیے مقرر

فائر وال کی تنصیب اور انٹرنیٹ کی سُست روی کے خلاف دائر درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست 29 جنوری 2025 کو سماعت کے لیے مقرر کی، 14 نومبر کو چیف جسٹس عامر فاروق نے وقت کی کمی کے باعث کیس لیفٹ اوور کر دیا تھا۔

 درخواست پر آخری سماعت 26 اگست کو ہوئی تھی جس کے بعد 3 ستمبر کو چیف جسٹس عامر فاروق کی عدم دستیابی کے باعث سماعت نہ ہو سکی تھی۔

ستمبر کے آخری ہفتے میں کیس جلد مقرر کرنے کی متفرق درخواست منظور کی گئی تھی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے کیس 14 نومبر کو مقرر کیا تھا لیکن 14 نومبر کو کیس کی سماعت عدالتی وقت کی کمی کے باعث نہ ہو سکی تھی۔

پی ٹی آئی احتجاج: اسلام آباد، پختونخوا اور پنجاب میں انٹرنیٹ و موبائل سروس جزوی معطل کرنیکا فیصلہ

پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر خیبر پختونخوا اور پنجاب میں انٹرنیٹ کے ساتھ موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج اور ملک بھر سے کارکنوں کے اس میں شریک ہونے کی ہدایات کے بعد حکومت نے احتجاج سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کرنا شروع کر دیے ہیں۔

پی ٹی آئی احتجاج اور اسلام آباد پر چڑھائی کو روکنے کے لیے جڑواں شہروں میں کنٹینرز بھی پہنچا دیے گئے ہیں جب کہ وفاقی دارالحکومت میں 2 ماہ کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ بھی کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں بھی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

دریں اثنا، اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کو روکنے کے لیے سکیورٹی اداروں کی بھاری نفری بھی طلب کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے اپنے کارکنوں، رہنماؤں اور ارکان اسمبلی کو زیادہ سے زیادہ افراد کو احتجاج میں شریک کرنے کی تاکید کی گئی ہے اور اسی کے پیش نظر حکومت اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کا پاور شو روکنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر 23 نومبر (ہفتے کے روز) ہی سے اسلام آباد، پختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں انٹرنیٹ کے ساتھ موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل کی جا سکتی ہے۔

اسی سلسلے میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے 22 نومبر ہی سے موبائل انٹرنیٹ پر فائر وال بھی ایکٹو کر دی جائے گی۔ فائر وال ایکٹیو ہونے سے انٹرنیٹ سروس سست جب کہ سوشل میڈیا ایپس پر وڈیوز، آڈیو وغیرہ بھی ڈاؤن لوڈ نہیں ہو سکیں گی۔

دوسری جانب ترجمان پی ٹی اے کی جانب سے وضاحت بھی جاری کی گئی ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو تاحال انٹرنیٹ بند کرنے کے حوالے سے کوئی ہدایات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

پی ٹی آئی احتجاج کو روکنے کے اقدامات کے سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے کسی بھی وقت مخصوص مقامات پر انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 24 نومبر کو بھرپور احتجاج کی کال دی گئی ہے اور پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات منظور نہیں کر لیے جاتے، احتجاج جاری رہے گا۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی سخت بیانات دیے تھے۔ دوسری جانب احتجاج روکنے کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے حکومت کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات کی خبریں بھی میڈیا میں سامنے آ رہی ہیں۔

توہین الیکشن کمیشن: عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کے کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 17 دسمبر کو ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

ممبر سندھ کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

دوران سماعت ممبر سندھ نے کہا کہ حکام نے تحریری جواب دیا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک سے حاضری کا بندوبست ہو جائے گا۔ ممبر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی تو کل ضمانت ہوگئی تھی۔

وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ کسی اور کیس میں گرفتاری ڈال دی گئی ہے۔ شواہد ریکارڈ کرنے کے لیے ملزم کی حاضری ضروری ہوتی ہے۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت 17 دسمبر کو سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک سے حاضری یقینی بنائی جائے۔ آئندہ سماعت پر شواہد و گواہوں کے بیان ریکارڈ کیے جائیں گے۔

باکسر محمد وسیم کی 2 اہم فائٹس کب ہیں؟

پاکستانی باکسر محمد وسیم جنوری اور اپریل میں 2 اہم فائٹس میں حصہ لیں گے۔

ایکپسریس نیوز کے مارننگ شو ایکسپریسو میں بات کرتے ہوئے 15 میں سے 13 پروفینشل باکسنگ مقابلے جتینے والے محمد وسیم کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں ویزا ایشو کی وجہ سے کافی پریشانی میں رہا تاہم مالٹامیں ورلڈ ٹائٹل فائٹ جیت کربہت خوشی ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اگلے ہفتے وہ انگلینڈ جارہے ہیں، جہاں وہ لیور پول میں ان ورلڈ ٹائٹل فائٹس کی تیاری کریں گے۔

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے محمد وسیم نے بتایا کہ ان کا باکسنگ رنگ میں مزاج جارحانہ ہوتا ہے مگر عام زندگی میں بہت پرسکون رہنے کی کوشش کرتا ہوں، اگر ایک باکسر عام زندگی میں رنگ جیسا رویہ اپنائے گاتو پھر ماحول خراب ہوسکتا ہے۔

محمد وسیم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سوشل میڈیا کی وجہ سے نئے باکسرز کو بہت زیادہ پرموشن مل رہی ہے، ماضی میں ہمارے امیچورز باکسرز بہت زیادہ بہتر تھے مگر کوریج کو ترستے رہے۔

کرکٹ کے بعد اب ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے سے حکومت اور دوسروں لوگوں کا رجحان دوسری کھیلوں کی طرف بھی ہوا ہے جو پاکستانی اسپورٹس کے لیے بہت اچھا ہے۔

پی ٹی آئی احتجاج کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست

پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے شہری جلال الدین کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کو احتجاج سے روکا جائے۔

عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی احتجاج میں صوبائی وسائل استعمال ہو رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے گزشتہ احتجاج میں میں بھی سرکاری افسران گرفتار ہوئے تھے۔ صوبائی حکومت کو عوام نے صوبے میں امن و امان کے لیے ووٹ دیا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت احتجاج اور اسلام آباد پر چڑھائی میں مصروف ہے لہٰذا عدالت پی ٹی آئی کو احتجاج سے روکے۔

درخواست میں صوبائی حکومت اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

لاہور؛ دبئی سے آنیوالے مسافر سے ایک کلو سونے کے زیورات اور کروڑوں کا سامان برآمد

دبئی سے آنے والے ایک مسافر سے ایک کلو سونے کے زیورات اور کروڑوں روپے مالیت کا سامان برآمد کر لیا گیا۔

 کلیکٹر کسٹمز طیبہ کیانی کی خفیہ اطلاع پر علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ لاہور پر کسٹمز نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا سونا، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والے ایک مسافر سے ایک کلو 28 گرام سونے کے زیورات، 06 عدد ڈائمنڈ پیجز اور 05 عدد مو بائل فونز پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

ملزم آصف کو موقع پر گرفتار کر کے برآمد ہونے والا سامان بحق سرکار ضبط کر لیا گیا، جس کی کل مالیت تقریباً 3کروڑ 22 لاکھ بنتی ہے۔ دبئی سے لاہور آنے والی ایئر بلیو انٹرنیشنل کی فلائٹ نمبر 417-PA سے ملزم نے سونے کے زیورات، ڈائمنڈ اور موبائل فونز زیر تن کپڑوں کے نیچے خفیہ طور پر چھپا رکھے تھے، جسے محکمہ کسٹمز کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا۔

ملزم کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

کرکٹ ڈپلومیسی؛ بھارت کا کوئی وزیراعظم پاکستان کیوں نہیں آیا؟

آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کو ہائبرڈ ماڈل پر پاکستان کو منانے کیلئے بھارت نے ایک مرتبہ پھر کرکٹ ڈپلومیسی کا اشارہ دیدیا۔

اگلے برس فروری مارچ میں شیڈول چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی سے محض چند ماہ قبل انکار کرنیوالے بھارتی بورڈ نے سیکیورٹی کا بہانہ بناکر ایک مرتبہ پھر ایونٹ کھیلنے سے انکار کردیا ہے جبکہ ٹورنامنٹ کو ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروانے کیلئے بورڈ ممبرز اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر دباؤ بڑھا رہا ہے۔

تاہم ایک بھارتی صحافی نے گزشتہ دنوں کرکٹ ڈپلومیسی کا ذکر کیا تھا کہ اس کو اپناتے ہوئے ہوسکتا ہے بھارت پاکستان کو ایک مرتبہ پھر ہائبرڈ ماڈل کیلئے قائل کرلے تاہم حقیقت یہ ہے کہ ”کرکٹ ڈپلومیسی” پر کبھی ہندوستان نے پہل نہیں کی۔

2023 ون ڈے ورلڈکپ کیلئے بھارت نے پاکستان کی میزبانی کی اور یقین دلایا تھا کہ چیمپئینز ٹرافی کیلئے اپنی ٹیم بھیجے گا تاہم بی سی سی آئی نے ایک مرتبہ پھر لال جھنڈی دکھاتے ہوئے پاکستان آنے سے انکار کردیا جس کے باعث ٹورنامنٹ کا شیڈول تاخیر کا شکار ہے اور براڈ کاسٹنگ کمپنی کو اربوں کا نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے۔

آئی سی سی کا ماننا ہے کہ بھارت کے بغیر ایونٹ پھیکا پڑسکتا ہے تاہم یہ پہلی بار ہورہا ہے کہ تمام ٹیمیں ٹورنامنٹ کیلئے میزبان ملک جانے کو تیار ہیں لیکن ایک ٹیم کی وجہ سے ٹورنامنٹ کا مستقبل تاریک دکھائی دے رہا ہے ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔

کرکٹ ڈپلومیسی کے تحت پاکستان کے کتنے وزیراعظم بھارت گئے؟

پاکستان کے تین وزیراعظم کرکٹ ڈپلومیسی کے تحت بھارت میچز دیکھنے جاچکے ہیں تاکہ پڑوسی ملک کیساتھ حالات معمول پر لائے جاسکیں لیکن ہندوستان کی جانب سے ایسا کبھی کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

1987 میں جے پور ٹیسٹ میچ میں ضیا الحق نے انتہائی برے حالات میں بھارت کا رخ کیا تھا اسوقت راجیو گاندھی ہندوستان کے وزیراعظم تھے۔

2005 میں سابق صدر پرویز مشرف ون ڈے میچ دیکھنے کیلئے بھارت گئے تھے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ حالات کو بہتر کیا جاسکے لیکن ایسا نہ ہوا۔

2011 میں بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کے دوران سیمی فائنل کیلئے یوسف رضا گیلانی نے دورہ کیا اور پھر 2012 میں قومی ٹیم نے انڈیا میں تین میچز کی سیریز کھیلی اور ایم او یو سائن ہوا کہ اب دونوں ممالک کرکٹ کے ذریعے معاملات کو صحیح کریں لیکن بھارت نے دوبارہ پاکستان آکر کھیلنے سے انکار کردیا۔

لاہور آج پھر آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، ایس او پیز پر عملدرآمد میں سختی

صوبائی دارالحکومت آج پھر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سرفہرست ہے جب کہ حکومت کی طرف سے ایس او پیز پر عمل درآمد میں سختی بھی کی جا رہی ہے۔

پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں آج پھر لاہور پہلے نمبر پر آ گیا، جہاں ایئرکوالٹی انڈیکس 500 سے تجاوز کرگیا۔ پولو گراؤنڈ کینٹ میں ایئر کوالتی انڈیکس 876 تک پہنچ گیا۔ اسی طرح ڈی ایچ اے فیز 8 میں 864، شملہ پہاڑی 840، سید مراتب علی روڈ 684، پاکستان انجینئرنگ سروسز روڈ ر ایئر کوالٹی انڈیکس  64 9 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز پنجاب میں اسموگ میں کمی آنے کے بعد تعلیمی سرگرمیاں بحال کردی گئی تھیں۔ اسی سلسلےمیں اسکول، کالج اور جامعات میں طلبہ نے آنا شروع کردیا ہے تاہم انہیں ماسک کا استعمال لازمی کرنے کے لیے آگاہی مہم کا سلسلہ جاری ہے۔

دریں اثنا لاہور میں تعمیراتی کاموں پر 24 نومبر تک پابندی عائد ہے۔ اسی طرح تمام تفریحی مقامات اور پارکوں میں بھی شہریوں کا داخلہ بند ہے۔ شہر کی تمام مارکیٹیں، شاپنگ مالز، پلازے رات 8 بجے بند ہوں گے۔ ریسٹورنٹس کو بند کرنے کے لیے رات 10 بجے کا وقت مقرر ہے۔

ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے اسموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب صوبائی حکومت اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے احتیاط اور اسموگ سے بچاؤ کی تدابیر پر لازمی عمل کی اپیل کی جا رہی ہے۔ ہواؤں کا رخ ایک بار پھر تبدیل ہونے کی وجہ سے بیماریوں کے خدشات بھی پیدا ہوگئے ہیں، جس پر شہریوں کو ماسک کا استعمال لازمی کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اجتماعی کاوشوں سے ہی ہر شہری کی زندگی کا تحفظ کر سکتے ہیں۔ حکومت پنجاب عوام کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔۔

دریں اثنا محکمہ تحفظ ماحول نے صبح کے اوقات میں تعلیمی اداروں  میں چھاپے  مارے اور ایس او پیز پر عمل درآمد کی خلاف ورزی پر کئی مقامات پر نوٹسز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں اسموگ رولز کی خلاف ورزی پرڈی جی خان میں 2 ،لودھراں میں 2،جھنگ میں 3 ،وہاڑی میں3اور ملتان میں ایک نان زگ زیگ بھٹوں کو گرا دیا گیا ہے۔

گزشتہ 24گھنٹوں میں لاہور میں 12 انڈسٹریل یونٹس سیل جب کہ 3فیکٹریوں کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کی گئی ہیں۔