All posts by Khabrain News

پیپلز پارٹی لیبر ونگ کی 6 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی لیبر ونگ کی 6 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دے دی۔
کمیٹی میں رضا ربانی، چودھری منظور، سعید غنی، خیبرپختونخوا سے حاجی طلحہ محمود اور جنوبی پنجاب سے ملک عاشق بھٹہ شامل ہیں۔
بلوچستان سے اقبال شاہ کو بھی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی کی ہدایت پر کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

عمران خان کی بنائی کمیٹی سے کوئی مذاکرات نہیں کر رہا: خواجہ سعد رفیق

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نو مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے، واقعات کے بعد پی ٹی آئی سے مذاکرات کا ماحول نہیں ہے۔
جناح ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جب مذاکرات کا وقت تھا تب ہم نے بات کی، پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم سے یہ بات طے ہو گئی تھی کہ ایک ہی روز پورے ملک میں انتخابات کرانے ہیں جو سب کا مطالبہ ہے لیکن پی ٹی آئی کی ٹیم واپس گئی تو عمران خان نے کہا مذاکرات بند کر دو۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے مزید کہا کہ میں حکومت کی مذاکراتی ٹیم کا حصہ تھا، ہم نے گالیاں کھا کر بھی مذاکرات کا ماحول پیدا کیا تو وہ آپ نے ناکام بنا دیا، اب یہ نہیں ہو سکتا ہے کہ آپ ملکی دفاعی تنصیبات اور املاک پر حملہ، غنڈہ گردی کریں اور جب ناکام ہو جائیں تو کہیں کہ آئیں مذاکرات کریں، عمران خان نے مذاکرات کیلئے جو کمیٹی بنائی اس سے کوئی مذاکرات نہیں کر رہا۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ تو سیاسی جماعتوں کو چور اور غدار کہتے تھے حالانکہ انہوں نے جو کام کیا ہے وہ غداروں والا ہے، یہ مذاکرات کا ماحول نہیں ہے، سیاست کور کمانڈر ہاؤس پر حملے اور جی ایچ کیو پر دھاوا بولنے کا نام نہیں، یہ دہشت گردوں کا کام ہے، اس سے پہلے جی ایچ کیو پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جن سے ریاست مقابلہ کر رہی ہے، پی ٹی آئی نے بھی وہی کام کیا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم پوری طرح سے نگرانی کر رہے ہیں کہ کسی بے گناہ کو سزا نہ ملے اور کوئی ذمہ دار سزا سے نہ بچے، جناح ہاؤس میں لگی آگ پٹرول سے نہیں بلکہ کسی کیمیکل سے لگائی گئی، وہ کیمیکل کس نے فراہم کیا، کہاں سے آیا؟، پی ٹی آئی نے پڑھے لکھے نوجوانوں، ڈاکٹروں، انجینئرز کے ذہنوں میں زہر بھرا، ان کو پوری قوم اور افواجِ پاکستان سے معافی مانگنی چاہیے۔
وفاقی وزیر سعد رفیق نے مزید کہا ہے کہ اپنی غلطی تسلیم کرنی چاہیے کیونکہ یہ احتجاج نہیں بلکہ حملہ اور دہشت گردی ہے، تخریب کاری اور شرپسندی ہے، ہم بھی جیلوں میں گئے، ہنستے ہنستے گئے اور سال ڈیڑھ کے بعد واپس آئے، اس وقت بھی اتنی گرمی تھی، ملک پر نقاب پوش مارشل لاء لگا ہوا تھا، دنیا کی کوئی قوم اپنی فوج کو شرمندہ نہیں کر سکتی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ پاکستان کی فوج ملک کے اندر اور ملک سے باہر بھی جنگ لڑ رہی ہے، جو فوج حالتِ جنگ میں ہو آپ اس کے ساتھ ایسا کیسے کر سکتے ہیں، پوری سیاسی جدوجہد کے دوران اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمارا کئی بار اختلاف ہوا لیکن ہمیں کبھی بھی کسی فوجی تنصیب کے سامنے احتجاج کرنے کا خیال نہیں آیا، ہم نے کبھی فوجی تنصیبات کے سامنے احتجاج کرنے کا تصور بھی نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں ہم روز احتجاج کیا کرتے تھے لیکن کبھی بھی ہم نے کسی چھاؤنی کے علاقوں کی حدود کو مجروح نہیں کیا، کسی ایک فوجی نے بھی کہا کہ یہاں سے نہ گزریں تو ہم وہاں سے نہیں گزرے۔

جناح ہاؤس حملہ کیس: پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ سمیت 3 خواتین کی شناخت پریڈ مکمل

لاہور: (ویب ڈیسک) جناح ہاؤس پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں تحریک انصاف کی خواتین رہنماؤں عالیہ حمزہ، صبوحی انعام اور مریم مزاری کی شناخت پریڈ مکمل کر لی گئی۔
7 روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس جناح ہاؤس پر حملہ کیس میں شناخت پریڈ مکمل ہونے کے بعد عالیہ حمزہ، صبوحی انعام اور مریم مزاری کو کل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرے گی، گزشتہ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے شناخت پریڈ کیلئے عدالت سے مزید وقت مانگا تھا۔
تفتیشی افسر نے عدالت میں موقف اپنایا تھا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی مصروفیت کے باعث شناخت پریڈ نہیں ہو سکی، تینوں خواتین کے جیل وارنٹ عدالت میں پیش کئے گئے، عالیہ حمزہ اور دیگر کو جناح ہاؤس پر حملے کے الزام میں خصوصی عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا تھا۔

فوج اور سلامتی کے اداروں کو نشانہ بنانے والے ملک کے خیرخواہ نہیں: طاہر اشرفی

گوجرانوالہ: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی طاہر محمود اشرفی نے آرمی چیف اور وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن لوگوں نے شہدا کی یادگاروں، جناح ہاؤس اور جی ایچ کیو پر حملہ کیا یہ دہشت گرد ہیں اور قوم ان کی مدعی ہے، ان کے خلاف فوری مقدمات درج کیے جائیں۔
گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ملک کی فوج ہماری ریڈ لائن ہے، کسی کیلئے لیڈر ہو گا، کسی کیلئے مکان، کسی کیلئے کچھ اور ریڈ لائن ہو گا، میرا فوجی کسی بھی میدان پر کھڑا ہے وہ رات کو اللہ سے شہادت مانگتا ہے پیسے نہیں مانگتا، ہمیں شخصیات سے اختلاف ہو سکتا ہے، پاکستان کی فوج اور سلامتی کے اداروں کو نشانہ بنانے والے ملک کے خیرخواہ نہیں ہیں۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا ہے کہ ایک ٹارگٹ کر کے پاک فوج اور سلامتی کے اداروں کو 9 مئی کو نشانہ بنایا گیا، کسی گناہ گار کو چھوڑا نہیں جانا چاہیے اور بے گناہ کو سزا نہیں ہونی چاہیے، نظام عدل کا جو حشر نشر ہو رہا ہے اس کو ہم دیکھ رہے ہیں، یہ کونسا قانون ہے کہ جی ایچ کیو، جناح ہاؤس اور دیگر تنصیبات پر حملہ آور ہوا جائے، سہولت کاری کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔
طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ جو لوگ حملہ آوروں کیلئے نرمی کا لفظ استعمال کرتے ہیں ان کا پتہ کرنا چاہیے، زلمے خلیل زاد کو 9 مئی کے واقعے کے بعد روز پاکستان کی یاد آتی ہے، ان کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا جائے، امریکا کے 50 سینیٹرز کو ہماری خواتین یاد آتی ہیں، تمہیں خواتین کی فکر ہے لیکن تمہیں کبھی عافیہ صدیقی کی یاد نہیں آئی، اتنی فکر ہے تو عافیہ صدیقی کو واپس پاکستان بھیجا جائے۔

پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں جتھہ ہے، اس پر پابندی لگنی چاہیے: رانا تنویر

نارنگ منڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اب سیاسی جماعت نہیں جتھہ ہے، اس پر پابندی لگنی چاہیے، مذاکراتی ٹیم ہی چند روز بعد پی ٹی آئی چھوڑ گئی تو مذاکرات کس سے کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ مذاکرات جمہوری عمل کا حصہ ہیں مگر دہشت گردوں سے مذاکرات نہیں ہوں گے، عمران خان ایک بلبلا تھا جو چند ورغلائے افراد کا شو تھا، 28 مئی سنہری جبکہ 9 مئی یوم سیاہ بن چکا ہے، پی ٹی آئی شرپسند جماعت اور عمران خان سیاست کا ڈراؤنا خواب بن چکا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے معاملات افسوسناک ہیں، آڈیو لیکس میں جن پر الزامات ہیں وہی منصف بنے بیٹھے ہیں، کڑی شرائط تسلیم کرنے کے باوجود آئی ایم ایف کا پیکج منظور نہ کرنا بین الاقوامی ایجنڈے کا حصہ ہے، بجٹ میں سرکاری ملازمین کو گنجائش سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا۔

سابق معاون خصوصی اوورسیز پاکستانی طارق محمود الحسن نے تحریک انصاف چھوڑ دی

لندن: (ویب ڈیسک) عمران خان کے دور حکومت میں سابق معاون خصوصی اوورسیز پاکستانی سید طارق محمود الحسن نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید طارق محمود الحسن نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات کو روکنے میں پی ٹی آئی کی قیادت بری طرح ناکام ہوئی۔
تحریک انصاف کے رہنما اور سابق معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی طارق محمود الحسن نے مزید کہا ہے کہ میں پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔

سندھ : دو مختلف واقعات میں 6 بچے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق

کراچی : (ویب ڈیسک) سندھ کے ضلع خیرپوراور تھرپارکر میں 6 بچے تالاب میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گئے ۔
افسوس ناک واقعہ ضلع خیرپور تھانہ ٹنڈومستی کی حدود میں گوٹھ وارث اجن میں پیش آیا جہاں تالاب میں نہاتے ہوئے 4 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ دو بچوں کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی ، پولیس کاکہنا ہے کہ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت چاروں بچوں کی لاشوں کو تالاب سے نکال لیا جبکہ زندہ بچ جانے والے بچوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
علاقہ مکینوں کاکہنا ہے کہ چاروں بچے گرمی سے بچنے کے لئے مچھلی کے تالاب میں نہا رہے تھے۔
ایک اور واقعہ تھرپارکر ڈیپلو کے قریب گاؤں رانی ویرو میں پیش آیا جہاں پانی کے تالاب میں ڈوب کر دو بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔
ورثا کا کہنا ہے کہ بچے کھیلتے ہوئے اچانک پانی کے تالاب میں گر کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔
اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور بچوں کی لاشیں پانی سے باہر نکال کر ڈیپلو ہسپتال منتقل کردیں۔

ایشیا کپ کی میزبانی سے متعلق اہم فیصلہ آج بھارت میں متوقع

کراچی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے عہدیدار کے مطابق آج انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے فائنل میچ کے موقع پر سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان بورڈز کے عہدیداران سے بات چیت میں کسی نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کریں گے۔
روزنامہ ایکسپریس کے مطابق بی سی سی آئی عہدیدار نے بتایا ہے کہ بات چیت کرنے کے بہت سارے معاملات ہیں۔ آج کی میٹنگ میں ایشیا کپ باضابطہ طور پر ایجنڈے کا حصہ نہیں لیکن ایشیا کپ کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیدار کے مطابق ایشیا کپ کے ہائبرڈ ماڈل کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو کچھ ایشیائی ممالک کی حمایت حاصل ہے۔ بی سی سی آئی بھی مشروط منظوری دینے کیلئے تیار ہوگا۔

عمران این آر اوکیلئے انٹرنیشنل لابی سے رابطے میں ہیں ، فرار نہیں ہونے دینگے : شرجیل میمن

کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر شرجیل میمن کاکہنا ہے عمران خان انٹرنیشنل لابی سےرابطے میں ہیں اور این آراوحاصل کرنا چاہتے ہیں، ان کو ملک سے فرار ہونے نہیں دینگے ۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیوایم اپنی پارٹی کے اختلافات کی وجہ سے سندھ حکومت پر تنقید نہ کرے بلکہ اپنے اختلافات پارٹی کے اندر نمٹائے، جب وزیراعلیٰ سندھ نے مردم شماری کا مسئلہ اٹھایا تھا اس وقت یہ لوگ سورہے تھے۔
رہنما پی پی پی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے پورے سندھ کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی، اور سب سے زیادہ ترقیاتی فنڈز کراچی کیلئے جاری ہوئے، اس شہر میں علاج کی بہترین سہولیات موجود ہیں، سندھ بھر سے لوگ علاج کرانے یہاں آتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے وفاقی حکومت سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی ہے، جب کہ ان کی مذاکراتی کمیٹی روپوش ہے، بلاول بھٹوزرداری کہہ چکے ہیں کہ عمران خان پہلے قوم سے معافی مانگیں پھر مذاکرات ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان پہلے تو کہتے تھے مر جاؤں گا ڈاکوؤں سے مذاکرات نہیں کروں گا، آج مذاکرات کیلئے کیوں بھیک مانگ رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کارکن جیلوں میں ہیں لیکن عمران خان کو کوئی پروا نہیں، وہ کارکنوں کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں، عمران خان کو عدلیہ سے ریلیف مل رہا ہے، ایسا تحفظ آج تک کسی کو نہیں ملا، کہا گیاعمران خان صاحب مذمت کر لیجئے گا، ملزم آپ کے سامنے کھڑا ہے پھر بھی ضمانت دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹل ہل حملے کے ماسٹرمائنڈ کو 18سال قید سنائی گئی ہے، جناح ہاؤس پرحملہ کرنے والوں کو سزا کیوں نہیں ہوسکتی، 9مئی کو حکومت اور اداروں نے صبر کا مظاہرہ کیا، عمران خان اپنے خاندان کیلئے این آراو مانگ رہے ہیں، حکومت نے ان لوگوں کےنام ای سی ایل پرڈال دیئے ہیں، ان کو ملک سے فرارہونے کا موقع نہیں دیں گے۔

محکمہ موسمیات کی کراچی سمیت ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی

کراچی: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کی جانب سے آج کراچی، حیدر آباد سمیت سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں بارشوں کی پیشوگئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر میں آج سے بدھ تک بارشوں کے طویل سلسلے کا امکان ہے۔ مختلف علاقوں میں آندھی اور ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں آج بھی تیز ہوائیں چلتی رہیں گی جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 28.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سندھ کی بات کی جائے تو حیدرآباد، ٹنڈو اللہ یار، جامشورو، مٹیاری، دادو، میرپورخاص، عمر کوٹ، تھرپارکر اور سانگھڑ سمیت مخلتف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ ژوب، بارکھان، قلعہ سیف اللہ، قلات، لسبیلہ، خضدار میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔