All posts by Khabrain News

آنکھوں سے درست ترین حیاتیاتی عمر معلوم کی جاسکتی ہے

لندن: (ویب ڈیسک)
آنکھیں جسم کی کھڑکیاں ہوتی ہیں اور ساتھ ہی جسمانی کیفیات بھی بتاسکتی ہیں۔ اب معلوم ہوا ہے کہ آنکھوں کے تفصیلی معائنے سے نہ صرف درست حیاتیاتی (بائیلوجیکل) عمر معلوم کی جاسکتی ہے بلکہ قبل ازوقت موت کا اندازہ بھی لگایا جاسکتا ہے۔
عمرگزرنے کے ساتھ ہی بیماریاں اور جسمانی تبدیلیاں آگھیرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عین یکساں عمر والے دو افراد میں بھی یہ یہ کیفیات مختلف ہوسکتی ہیں۔ اس طرح ماہ وسال کی بجائے اگردرست جسمانی حیات معلوم کی جائے تو وہ اصل عمر سے زائد ہوسکتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بیماریاں اور جسمانی تبدیلیاں اصل عمر سے بڑھ کربھی ہوسکتی ہیں۔
یعنی اگر کسی شخص کو 40 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑا اور قلب کو نقصان پہنچا ہے تو اب دل کی عمر اصل عمر سے زیادہ ہوسکتی ہے کیونکہ مرض نے دل کو مزید بوڑھا کردیا ہے۔ جسم میں بعض کیمیکل، بایومارکر، جینیاتی کیفیات، دماغی صلاحیت، امنیاتی نظام اور بلڈ پریشر سے بھی بدن کی حیاتیاتی عمر معلوم کی جاسکتی ہے۔ ساتھ میں یہ بھی معلوم کیا جاسکتا ہے کہ یہ کیفیات کس قدر جان لیوا بھی ہوسکتی ہیں۔
برٹش جرنل آف اوپتھیلمولوجی میں شائع رپورٹ میں سائنسدانوں نے 40 سے 69 سال تک کے47 ہزار افراد کی آنکھوں میں پچھلے گہرے ترین حصے ’فیونڈس‘ کی 80 ہزار تصاویر لی ہیں۔ ان تمام تصاویر کو مشین لرننگ الگورتھم سے گزارا گیا جس سے مزید انکشاف سامنے آئے۔
اس سافٹ ویئر نے اصل عمر کے مقابلے میں ریٹینا کی حیاتیاتی عمر کا درست اندازہ پیش کیا۔ 51 فیصد افراد کے ریٹینا کی عمر کا فرق 3 سال، 28 فیصد کا 5 سال اور چار فیصد افراد میں 10 برس کا فرق سامنے آیا ۔ یوں ان سارے لوگوں کی آنکھوں کی حیاتیاتی عمر خود ان کی عمر سے زائد تھی۔
ان میں سے بڑی عمر کے 49 تا 67 فیصد افراد دل یا کینسر کے امراض سے ہٹ کر بھی قبل ازوقت موت کے دہانے پر تھے۔ یعنی آنکھو کا بڑھاپا موت کے خطرے کو دو سے تین فیصد تک بڑھا سکتا ہے اور اس کی ایک طرح سے پیشگوی بھی کی جاسکتی ہے۔ تاہم اب ماہرین اس کی دیگر وجوہ معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
تاہم ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ آنکھیں بدن کا روزن ہوتی ہیں اور ان سے بہت ساری طبی کیفیات معلوم کی جاسکتی ہیں۔

پی اے سی کی3 برس میں 5لاکھ37 ہزار 510 ملین کی وصولیاں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)
پارلیمان کی پبلک اکاونٹس کمیٹی نے تین برس میں 537,510.06 ملین روپے کی وصولیاں کی ہیں۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ آڈیٹر جنرل پاکستان کے دفتر کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے دسمبر 2018سے دسمبر 2021 تک کی مدت کے دوران 537,510.06 ملین روپے کی فقید المثال وصولیاں کی ہیں۔
چیئر مین پی اے سی رانا تنویر حسین نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی اس غیر معمولی کامیابی کو سراہتے ہوئے کمیٹی کے اراکین کی کاوشوں اور عملہ کی کارکردگی کی تعریف کی۔
انھوں نے کہا ہے کہ ایک غیر جانبدار اور غیر سیاسی احتسابی عمل ہی اس قوم کو متحد اور پارلیمنٹ پر عوامی اعتماد کو بحال کر سکتا ہے۔

غیرضروری مقدمے بازی پر ایف بی آر کو 20 ہزار روپے جرمانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)
سپریم کورٹ نے ایف بی آر کی جانب سے غیر ضروری مقدمہ بازی کو وقت کا ضیاع قرار دیتے ہوئے 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے دو صفحات پر مشتمل فیصلہ میں قرار دیا کہ ایف بی آر کی جانب سے کی جانے والی بے وقت قانونی چارہ جوئی سے ٹریبونل، عدالت عالیہ،عدالت عظمی کا وقت ضائع ہوتا ہے،ایف بی آر ٹیکس دہندگان کیساتھ قانون کے مطابق شفاف انداز میں معاملات چلائے۔ قانون کے مطابق ٹیکس ادا کرنے والوں کو جو قانونی حق ملتا ہے ایف بی آر اسکوروک نہیں سکتا۔ فضول قانونی چارہ جوئی سے ایف بی آر کے وسائل غیر ضروری طور پر ضائع نہیں ہونے چاہئیں۔
سپریم کورٹ نے فیصلہ نجی کمپنی کی خلاف ایف بی آر کی اپیل میں جاری کیا جس میں قانون کے سیکشن 66 اے کے مطابق چار سال بعد کمپنی کو نوٹس کردیا جا نا تھا تاہم ایف بی آر نے گیارہ سال بعد نوٹس جاری کیا۔ سپریم کورٹ نے ایف بی آر کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا۔

لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے تین افراد شدید زخمی، ہسپتال منتقل

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں خستہ مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتل کر دیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ افسوس ناک واقعہ لاہور کے علاقے میاں میر کالونی میں پیش آیا، خستہ حال چھت دھماکے سے نیچے جا گری ۔ گھر میں موجود 3 افراد ٹی آر اور گارڈر کے نیچے دب کر شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اہلکار اطلاع ملنے پرجائے حادثہ پر پہنچے اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا۔ریسکیو ذرائع نے زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں کچھ روز سے بارش وقفے وقفے سے جاری ہے، ابتدائی اندازوں کے مطابق گھر کی چھت بارش کے باعث گری۔

جنوبی وزیرستان میں فورسز کا آپریشن، بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد

راولپنڈی: (ویب ڈیسک)
سکیورٹی فورسزنے جنوبی وزیرستان میں آپریشن کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، دہشت گردوں کے ٹھکانے سے آئی ای ڈی تیار کرنے والا مواد بھی برآمد ہوا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق برآمدہونے والے اسلحے میں سب مشین گنز، آر پی جی سیون، دستی بم اور بڑی تعداد میں گولیاں شامل ہیں۔

ملک میں دوسرے روز بھی بارش، برفباری جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں دوسرے روز بھی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے نظام زندگی شدید متاثر ہو رہا ہے۔
پنجاب کے علاقے اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، اٹک، میانوالی، دینہ، ساہیوال، لاہور، فیصل آباد، منڈی بہاؤ الدین، جہلم، جڑانوالہ سمیت بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
مری میں بھی آج مسلسل دوسرے روز بھی برفباری ہو رہی ہے اور اب تک ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ برفباری کے باعث مری کے دیہی علاقوں کا شہر سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے جبکہ محکمہ ہائی وے کی جانب سے مختلف مقامات سے برف ہٹانے کا کام بھی جاری ہے۔
بلوچستان کے علاقوں چمن، مستونگ، لورالائی، کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش اور برفباری نے نظام زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع سوات، کالام، ناران، کاغان سمیت دیگر علاقوں میں برفباری جبکہ پشاور، کامرہ، مردان سمیت دیگر علاقوں میں بارش جاری ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی زمین نے سفید چادر اوڑ لی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مزید ایک دو روز تک بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا۔

کراچی میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بڑھتے کورونا کیسز کے باعث اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔
کراچی کے علاقے ضلع وسطی کے چار سب ڈویژن میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے، ضلع وسطی میں اومی کرون کے 106 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
گلبرگ، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی اور لیاقت آباد کی متعدد یونین کونسلوں میں بھی مائیکرو لاک ڈاؤن 5 فروری تک نافذ کیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
اسمارٹ لاک ڈاؤن میں نقل و حرکت پر پابندی عائد ہو گی اور متاثرہ علاقے میں ہوم ڈیلیوری کی اجازت بھی نہیں ہو گی۔
واضح رہے کہ آج بھی ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی رہی اور کورونا وائرس سے مزید 20 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 97 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 7 ہزار 586 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 67 ہزار 605 ہو گئی۔

کیرن یوتھ سنو فیسٹیول کی رنگارنگ تقریبات کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاک فوج کے زیراہتمام وادی نیلم کے سیاحتی مقام کیرن میں تین روزہ یوتھ سنو فیسٹیول کی رنگارنگ تقریبات کاسلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے، موسیقی شو، کھیلوں کے مقابلہ جات میں نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔
نیلم یوتھ سنو فیسٹیول میں مختلف گیمز میں فٹ بال، رسہ کشی، والی بال، بیڈمنٹن اور کرکٹ کے علاوہ کلچرل شو کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر سیاحتی مقام کیرن کو پاکستانی و کشمیری جھنڈوں سے سجا دیا گیا ہے۔ شرکاء فیسٹیول شدید سردی میں تقریب کے دوران قومی ترانوں اور گیت پر کھل اٹھے۔ پاکستان و کشمیر زندہ باد، افواج پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضاء گونج اٹھی۔
شہریوں نے یوتھ اور پاک فوج کے تعاون سے لگائے جانیوالے سنو فیسٹیول کو سراہا۔ شدید سردی میں شہری میلے کے رنگوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ کلچرل شو کی تقریب میں قومی کرکٹر شاہین شاہ آفریدی نے ویڈیو کال کے ذریعے شرکاء کوسلام پیش کرتے ہوئے جلد وادی نیلم آنے کا پیغام دیا۔
تقریب کی صدارت کمانڈنگ آفیسر دودھنیال کررہے تھے جبکہ لوکل کمانڈنگ افسران بھی فیسٹیول کی نگرانی کرتے رہے۔ کھیلوں کے مقابلوں میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالوں کو کمانڈنگ افسر نے نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔

انڈر 19 ورلڈ کپ کے گروپ میچز مکمل ، پاکستان نے پاپوا نیو گنی کو شکست دیدی

لاہور: (ویب ڈیسک) انڈر 19 ورلڈ کپ کے گروپ میچز مکمل ہوگئے، پاکستان نے آخری راؤنڈ میچ میں پاپوا نیو گنی کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ویسٹ انڈیز کے شہر پورٹ آف سپین میں کھیلےگئے میچ میں پاپوا نیو گنی کے بیٹرز پاکستان کے بولرز کے سامنے بے بس دکھائی دیئے، پوری ٹیم پچاس رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد شہزاد نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، جواب میں پاکستان انڈر 19 نے اکاون رنز کا ہدف بارہویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، شاندار کارکردگی پر محمد شہزاد مین آف دی میچ قرار دیے گئے۔

شام میں 4 سال قبل ڈیم حملے میں امریکی افواج ملوث تھیں، امریکی اخبار کا انکشاف

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ شام میں چار سال قبل ڈیم پر حملے میں امریکی افواج ملوث تھیں، واشنگٹن نے لاکھوں افراد کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا تھا۔
نیو یارک ٹائمز کے مطابق امریکی افواج نے شام کے شمالی علاقے رقہ میں ایسے ڈیم کو تباہ کیا جو نو اسٹرائیک لسٹ پر موجود تھا، ٹاسک فورس نائن نے اس وقت امریکی فوج کے پاس موجود سب سے بڑے، 2ہزار پاؤنڈ وزنی بم کے ذریعہ ڈیم کے پانچ منزلہ ٹاور کو تباہ کیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیم کا بند ٹوٹتا تو لاکھوں افراد متاثر ہوتے، ہزاروں سیلاب میں مر سکتے تھے، پینٹاگون نے اس وقت حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔