All posts by Khabrain News

افغانستان میں بم دھماکے سے 7 افراد جاں بحق، 9 زخمی

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کے شہر ہرات میں بم دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے۔
مقامی حکام کے مطابق دھماکہ شام کے وقت ہرات شہر کے 12ویں سکیورٹی ڈسٹرکٹ میں ہوا جس میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ مرنے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔
زخمیوں کو شہر کے مرکزی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، دھماکے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

وزیراعظم شکایات کے ازالے کیلئے آج عوام سے ٹیلی فون پر براہ راست بات کریں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان آج ایک بار پھر عوام کے سوالوں کے جواب دیں گے، وہ ٹیلی فون کے ذریعے عوامی شکایات سنیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے عوام سے براہ راست رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آج ساڑھے تین بجے” آپ کا وزیراعظم “پروگرام میں شرکت کریں گے، عمران خان،شہریوں کےسوالوں کا براہ راست جواب دیں گے،جبکہ شکایات اور تجاویز سنیں گے۔
وزیر اعظم اپنی حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی شہریوں کو آگاہ کریں گے۔

کورونا سے مزید 20 افراد جاں بحق، 7 ہزار 586 نئے کیسز رپورٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا سے اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا، گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 20 افراد جاں بحق اور 7 ہزار 586 وبا میں مبتلا ہو گئے۔ این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 97 ہو گئی ہے جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 70ہزار 263 ہے۔ ملک میں 13لاکھ 67 ہزار 605 افراد کورونا سے متاثر ہوئے، 12 لاکھ 68 ہزار 245 صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 ہزار 586 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 13 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ گذشتہ روز 58 ہزار 334 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جبکہ ملک بھر میں تاحال 2 کروڑ 45 لاکھ 32 ہزار 952 کوروناٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا سے متاثرایک ہزار 83 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ کورونا سے متاثر افراد کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ سندھ میں 5 لاکھ 23 ہزار 774، پنجاب میں 4 لاکھ 62 ہزار 323،خیبرپختونخواایک لاکھ 84 ہزار 455 اوربلوچستان میں 33 ہزار 910 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں ایک لاکھ 17 ہزار 436،گلگت بلتستان میں 10 ہزار 489 کیسز، آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 35 ہزار 218 ہوگئی ہے۔

کوہاٹ میں مارٹرگولہ پھٹنے سے 4 افراد جاں بحق

کوہاٹ: (ویب ڈیسک) خبیرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں مارٹرگولہ پھٹنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ کوہاٹ کے علاقےگلوتنگی میں پیش آیا جہاں مارٹرگولہ پھٹنے سے ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جان کی بازی ہارگئے۔ واقعے میں ایک بچہ بھی شدید زخمی ہوا، زخمی اور لاشوں کو قریبی سرکاری ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ دھماکا خانہ بدوشوں کی جھونپڑی میں ہوا، بم ڈسپوزل سکواڈ بھی طلب کیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

بڑھتے کورونا کیسز کے بعد این سی او سی نے گائیڈ لائنز جاری کردیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔
این سی او سی نے گائیڈ لائنز میں کہا ہے کہ کورونا کے پھیلاو کو روکنا اور صحت کے شعبے پر دباؤ کرنے کے لیے گائیڈ لائنز موثر ثابت ہوں گی، ایسے افراد جن کا ٹمپریچر 37.5 سینٹی گریڈ یا زائد ہو، کورونا ٹیسٹ مثبت ہو تو گائیڈ لائنز پر عمل پیرا کریں، کورونا کے مریض اور علامات کا شکار افراد 5 دن قرنطینہ کریں۔
گائیڈ لائنز کے مطابق کورونا کے شکار افراد، گھر سے نکلنے میں گریز کریں۔ دوسروں سے جتنا ممکن ہو فاصلہ رکھیں، بیمار ہوں تو گھر پر رہیں، ڈاکٹر سے فون پر بات کریں، فون یا ای میل کے ذریعے دوسروں کے ساتھ رابطے میں رہیں، بخار، کھانسی، سانس لینے میں دشواری تو ڈاکٹرکو بتاہیں، گھر میں سینے میں مسلسل درد، ہونٹ یا چہرہ نیلا ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
این سی او سی کے مطابق بیمار شخص، گھر میں دوسروں سے فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے الگ کمرے میں رہیں، گھر میں رہتے ہوئے کئی ہفتوں کی ادویات اور سامان تک رسائی کو ممکن بنایا جائے، بیمار کی کئیر کرنے والے افراد،غیر ضرروی مہمانوں سے اجتناب کریں، بیمار شخص اور اس کی کئیر کرنے والے ماسک کا استعمال کریں۔
گائیڈ لائنز کے مطابق کورونا مثبت کیسز والے افراد 5 دن قرنطینہ کریں، ماسک پہنیں، کورونا مریض کو کھانا کمرے میں دیا جائے، بہتر ہے مریض سے رابطہ ہونے کی صورت میں پانچواں دن کورونا ٹیسٹ کروائیں، غیرویکسین شدہ ،چھ ماہ ویکسین مکمل ہوئے بغیر بوسٹر والے افراد کورونا مریض سے ملنے کی صورت میں 10 دن قرنطینہ کریں، بوسٹر شدہ شخص کو مریض سے رابطے میں پر قرنطینہ کی ضرورت نہیں تاہم 10 دن ماسک کا استعمال کریں۔
دوسری طرف وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ امریکا میں روزانہ کورونا سے 2 ہزار سے زائد اموات ہو رہی ہے، جب آپ اومی کرون سے متعلق سنیں کہ یہ معمولی ہے تو یہاں بتا دیں کہ یہ مہلک وباء پھر بھی آپ کو مار سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی تحقیق بتاتی ہے کورونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون سے بوسٹر ویکسین موثر بچاؤ ہے، ویکسی نیشن کے 6 ماہ مکمل ہو گئے ہیں تو بوسٹر ویکسین لگوائیں۔

عالمی معاشی تنظیموں نے ملکی کامیاب معاشی اصلاحات کو تسلیم کیا: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلومبرگ اور اکانومسٹ جیسی عالمی معاشی تنظیموں نے ملکی کامیاب معاشی اصلاحات کو تسلیم کیا ہے۔
وزیراعظم کا شوکت ترین سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، کورونا میں مبتلا ہونے کے باعث عمران خان نے وزیر خزانہ کی خیریت دریافت کی اور عالمی سطح پر اجناس کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم کا ٹیکس وصولی، برآمدات اور ترسیلات زر پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا ہوئے ہیں اور فی کس آمدنی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلومبرگ اور دی اکانومسٹ جیسی بین الاقوامی معاشی تنظیموں نے پاکستان کی کامیاب معاشی اصلاحات اور اقدامات کو تسلیم کیا ہے۔ ہم نے اقدامات کورونا کے دوران ملازمتوں اور زندگیوں کو بچانے کے لیے کیے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزیر خزانہ شہری، نچلے اور متوسط طبقے کی آبادی کی معاشی بہتری کے لیے اقدامات شروع کریں، یہ طبقہ مہنگائی سے متاثر ہوا ہے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ مقامی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں دسمبر سے کم ہو رہی ہیں۔
جس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پرامید ہیں کہ جیسے ہی بین الاقوامی قیمتیں کم ہوں گی درآمدی اشیا پر دباؤ بھی کم ہو جائے گا۔

ارباز سے شادی فلمی کیریئر میں کبھی رکاوٹ ثابت نہیں ہوئی، ملائکہ اروڑا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کی معروف اداکارہ ملائکہ اروڑا کا کہنا ہے کہ اداکار ارباز خان سے شادی فلمی کیریئر میں کبھی رکاوٹ ثابت نہیں ہوئی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ملائکہ اروڑا اور ارباز خان نے 1998ء میں شادی کی تاہم دونوں نے 2017ء میں علیحدگی کا اعلان کیا۔ ملائکہ اروڑا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں شادی سے متعلق گفتگو کی ہے۔
ملائکہ اروڑا نے انٹرویو میں کہا کہ ارباز خان سے شادی کرنے اور اس کے فوری بعد فلم نگری میں قدم رکھنے سے کوئی رکاوٹ آڑے نہیں آئی بلکہ اس سے میری زندگی میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے پرکشش شخصیت ہونے کے باوجود شادی کی اور بچے کو بھی جنم دیا، میں نے شادی اور حاملہ ہونے کے تصورات کی تعریفِ نو کی اور اسے دلکش بنایا۔
ملائکہ اروڑا نے کہا کہ شادی کیریئر میں رکاوٹ نہیں بنی اس بات کو مختلف طریقوں سے ثابت کیا، میں نے شادی کے فوراً بعد بچے کو جنم دینے کا ارادہ کیا، میرا یہی خیال تھا کہ کیریئر پر کوئی فرق پڑے گا، لوگوں نے بہت باتیں کیں لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ ملائکہ اروڑا نے ارباز خان سے علیحدگی سے ایک سال قبل ہی اداکار ارجن کپور سے قریبی تعلق قائم کیا جو اب تک برقرار ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ملائکہ اروڑا اور ارباز خان کے درمیان علیحدگی کی وجہ ارجن کپور ہی ہیں۔

ناروے میں مغربی ممالک سے مذاکرات جنگ کی فضا کو تبدیل کرسکتے ہیں، طالبان

کابل: (ویب ڈیسک) طالبان نے ناروے میں متوقع مذاکرات کے حوالے سے امید ظاہر کی ہے کہ یورپی سرزمین پر طالبان کی پہلی باضابطہ بات چیت شمالی اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) فورسز کے خلاف دو دہائیوں کی شورش کے بعد ’جنگ کی فضا کو تبدیل کرنے‘ میں مدد کرے گی۔
غیرملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ’امارت اسلامیہ نے مغربی دنیا کے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور ہم تمام بشمول یورپی اور عمومی طور پر مغرب ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو سفارت کاری کے ذریعے مضبوط کرنے کی امید رکھتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ طالبان نے جنگ کی فضا کو پرامن ماحول میں بدلنا چاہتے ہیں۔ طالبان اور مغربی حکام کے مطابق اوسلو میں مذاکرات کا عمل شروع ہوگا جس میں انسانی حقوق سمیت امدادی سرگرمیوں سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔
طالبان کے وفد کی سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افغانوں سے بھی ملاقات متوقع ہے، جن میں خواتین رہنما اور صحافی بھی شامل ہیں۔

اومیکرون کا خوف؛ امریکا نے چین کی پروازوں پر پابندی عائد کردی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے بھی چین سے آنے والی 44 پروازیں 2 ماہ کے لیے معطل کردیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے کورونا کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے چین سے آنے والی پروازوں پر 30 جنوری سے پابندی عائد کردی۔
امریکی حکام کے مطابق چین سے آنے والی 44 پروازوں پر عائد پابندی 29 مارچ تک برقرار رہے گی۔
امریکا نے چینی پروازوں کی معطلی کا فیصلہ چین کی 4 فضائی کمپنیوں کی جانب سے امریکا کے لیے پروازوں پر پابندی عائد کرنے کے بعد کیا۔
اس سے قبل چین بھی چند مریضوں میں کورونا کی تصدیق کے بعد متحدہ عرب امارات کی 20 اور امریکا کی 10 پروازوں پر 31 دسمبر سے پابندی عائد کر چکا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں اومیکرون کے کیسز میں اضافے کے بعد سے دنیا بھر میں نرم کی گئیں کورونا پابندیوں کا دوبارہ نفاذ کیا جا رہا ہے۔

محمد حسنین کا بولنگ ایکشن کلیئر ہے، سرفراز احمد

کراچی: (ویب ڈیسک) ایچ بی ایل پی ایس ایل کی فرنچائز کوئٹہ گليڈی ايٹرزکےکپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ محمد حسنین کا بولنگ ایکشن بالکل کلیئر ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل سیون میں اچھی سے اچھی کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں گلیڈی ایٹرز کی پرفارمنس توقعات کے مطابق نہیں رہی البتہ اس بار ٹیم بہت زیادہ پُراعتماد ہے، ہمیں توقع ہے کہ ایونٹ میں اچھا کمبینیشن بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ سر ووین رچرڈ کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں بڑا اہم کردار رہا ، شاہد آفریدی کا ٹیم سے منسلک ہونا خوش آئند ہے کیونکہ اُن کی آمد سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوگا۔
گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے کہا کہ محمد حسنین کا بولنگ ایکشن کلیئر ہے، امید ہے وہ کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی پیش کرے گا۔
سرفراز احمد نے بتایا کہ جیمز فاکلنر کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی ہے، وہ پی ایس ایل کے لیے آرہے ہیں جبکہ لیوک ووڈ آئسولیشن مکمل ہونے کے بعد پاکستان آئیں گے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان نے مزید کہا کہ ہمیں کرکٹ کے ساتھ کورونا سے بھی لڑنا ہے، کھلاڑی 2 سال سے ببل میں ہیں اور پی سی بی نے بھی اس بار زیادہ اچھے انتظامات کیے ہیں۔