All posts by Khabrain News

بینظیر، نواز شریف اور عمران خان کو وزیر اعظم میں نے بنوایا، گورنرپنجاب

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کے 3 وزیراعظم میں نے بنوائے، بینظیر بھٹو، نواز شریف اور عمران خان کو وزیر اعظم میں نے بنوایا۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نظام ناکام نہیں ہوا لوگ ناکام ہوئے ہیں، جی ایس پی پلس ناکام ہوجاتا تو ہماری مشکلات میں اضافہ ہوجاتا، اس کے لئے میں نےبہت محنت کی، ہمیں بین الاقوامی دنیا کو مطمئن کرنا بے انتہا ضروری ہے۔ میں پارٹی کو دو لاکھ پونڈ جمع کرکے دیتا تھا، انڈین لابی کا مقابلہ کرنا بے حد ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے انوسٹی گیشن کے نظام ٹھیک ہوئے بغیر کچھ ٹھیک نہیں ہوسکتا، جب ریاست کمزور ہوجائے اور لوگ مضبوط ہو جائیں تو ملک کے ایسے حالات ہوتے ہیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ الیکشن اور خانیوال کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے پہلے سے پارٹی کو بتادیا تھا ہم ہاریں گے، پنجاب میں پیپلز پارٹی تحریک انصاف کے ووٹ کو نقصان پہنچا رہی ہے اور پہنچایا بھی ہے، شہباز شریف سے میری لڑائی صاف پانی کے معاملے پر ہوئی، اگر شہباز سے میری لڑائی نہ ہوتی تو شائد میں ن لیگ نہ توڑتا، 1999ء میں نواز شریف، شہباز شریف کو امریکا ، برطانیہ اور پرویز مشرف نہیں چاہتے تھے کہ وہ انگلینڈ جائیں، ان دونوں بھائیوں کے ویزے میں نے لگوائے۔
چودھری سرور کا کہنا تھا کہ اس ملک کے 3 وزیراعظم میں نے بنوائے، بینظیر، نواز شریف اور عمران خان کو وزیر اعظم میں نے بنوایا، یورپ بھی میری سیاسی بصیرت کا قائل ہے، نظام کبھی ناکام نہیں ہوتا لوگ ناکام ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے خال میں آرمی چیف توسیع لینے کی خواہش نہیں ہے، اگر پارٹی کل کو مجھ سے پوچھے تو رائے دوں گا، حالات کو بہتر کرنے کے لئے وقت چاہیے ہوتا ہے، ہمیں بھی پھر مزید پانچ سال دے دیئے جائیں، ملک میں کسی پارٹی میں جمہوریت نہیں ہے، لوگ کہتے ہیں میں سچ برطانیہ میں بولتا ہوں، میں پاکستان میں بھی جھوٹ نہیں بولتا۔

امریکہ، روس مذاکرات میں یوکرین کے معاملے پر کشیدگی کم کرنے پر اتفاق

جنیوا: (ویب ڈیسک) امریکہ اور روس کے اعلی سفارت کاروں نے یوکرین کے معاملے پر تنا ﺅکم کرنے کے لیے کام کرنے پر اتفاق کرلیا، امریکہ کی جانب سے روسی سلامتی کے مطالبات پر تحریری جواب دینے کا وعدہ اور دونوں ممالک کے صدور کے درمیان ملاقات کے امکان کوبھی رد نہیں کیا گیاہے ۔
غیر ملک خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے جنیوا میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے 90 منٹ کی ملاقات میں روسی حملے کی صورت میں سخت مغربی انتقامی کارروائیوں کی تجدید کی ۔انٹونی بلنکن نے اعلی سطح کی بات چیت کو بے خوف اور غیر مناظرانہ قرار دیا جبکہ سرگئی لاروف نے مذاکرات کے دوران سرد جنگ کے سابق دشمنوں کے درمیان درجہ حرارت میں کمی کی امید بھی ظاہر کی۔روس نے یوکرین پر حملہ کرنے کے منصوبے سے انکار کیالیکن ساتھ ہی یوکرین کی سرحد پر اپنے ہزاروں فوجیوں کو تعینات کردیا اور سلامتی کی ضمانت کا مطالبہ کیا جس میں نیٹو میں شامل ہونے پر یوکرین پر مکمل پابندی شامل ہے۔
انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ واشنگٹن، اگلے ہفتے روس کے ساتھ تحریری خیالات کا تبادلہ کرے گا جس میں وہ اپنی پوزیشن بھی واضح کرے گا، ہمیں آج کسی بڑی پیش رفت کی توقع نہیں تھی لیکن مجھے یقین ہے کہ اب ہم ایک دوسرے کے تحفظات اور ایک دوسرے کے موقف کو سمجھنے کے حوالے سے واضح راستے پر گامزن ہیں، ہم توقع کرتے ہیں کہ روس کے ساتھ اپنے تحفظات اور خیالات کو اگلے ہفتے تحریری طور پر مزید تفصیل سے شیئر کریں گے اور اس کے بعد ہم نے مزید بات چیت پر اتفاق کیا ہے۔
صحافیوں سے الگ بات کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ انہیں اگلے ہفتے تحریری جواب دینے کا وعدہ کیا گیا ہے، انٹونی بلنکن نے اتفاق کیا کہ ہمیں معقول مذاکرات کی ضرورت ہے اور مجھے امید ہے کہ جذبات میں کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ دونوں کے درمیان ایک اور ملاقات ہو سکتی ہے لیکن اس بارے میں بات کرنا ابھی قبل از وقت ہے کہ صدر امریکی جو بائیڈن اور ان کے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن کے درمیان ایک اور ملاقات ہو سکتی ہے جیسی گزشتہ جون میں جنیوا میں ہوئی تھی۔انٹونی بلنکن نے جو بائیڈن کے دو بار ٹیلی فون پر پیوٹن کو یوکرین پر حملے کے نتائج سے خبردار کرنے کے بعد بھی دونوں صدور کے درمیان تازہ بات چیت کو مسترد نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم اور روسی حکام یہ نتیجہ اخذ کرتے ہیں کہ معاملات کو حل کرنے کا بہترین طریقہ ان کے درمیان مزید بات چیت ہے تو ہم یقینی طور پر ایسا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

جعلسازی کی دفعات کے تحت سابق سینیٹر میاں عتیق گرفتار

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق سینیٹر میاں عتیق کو جعلسازی کی دفعات کے تحت راولپنڈی میں درج مقدمہ میں لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔
سابق سینیٹر میاں عتیق اور ان کے ساتھیوں کے خلاف گزشتہ سال جون میں ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر دفعہ 471 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ میاں عتیق پر مقدمہ میں جعلی پراپرٹی دستاویز پیش کرنے کا الزام ہے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق میاں عتیق اور دیگر الزام علیہان مقدمہ میں اشتہاری ہیں، میاں عتیق کو لاہور میں قلعہ گجر سنگھ پولیس نے گرفتار کرکے راولپنڈی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

کراچی: شرپسندوں نے گرین لائن بس پر پتھر برسا دیے

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کا پہلا ماس ٹرانزٹ منصوبہ شرپسندوں کے نشانے پر آ گیا، گرین لائن پر پتھر برسا دیے گئے۔
نامعلوم افراد کی جانب سے گرین لائن بس پر پتھر برسانے کے واقعات نمائش سے سرجانی کے درمیان 4 مختلف مقامات پر رونما ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعات پر ضلع وسطی انتظامیہ کی جانب سے پولیس کو نامعلوم شرپسندوں کے خلاف درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔
گرین لائن بس پر پتھر برسانے کے معاملے پر پولیس حکام سر جوڑ کر بیٹھ گئے اور ان واقعات پر مختلف پہلوؤں سے غور کرنا شروع کر دیا ہے۔
پتھر برسانے کے واقعات نے گرین لائن منصوبے کی سیکیورٹی پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
گرین لائن منصوبے میں نصب نو سو کیمروں، ڈھائی سو سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کا دعوی بھی کھوکلا نکلا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پتھراؤ سے بس کے سائڈ گلاس اور دیگر شیشے ٹوٹے ہیں۔ پیڈ اسٹرین برج سے کیے جانے والے پتھراؤ سے بسوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم ان واقعات میں مسافرمحفوظ رہے۔

امریکی حکام سے مذاکرات کیلئے افغان طالبان کا وفد ناروے روانہ

کابل: (ویب ڈیسک) امریکا حکام سے مذاکرات کیلئے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کی قیادت میں طالبان وفد ناروے روانہ ہوگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کا وفد اوسلو میں امریکی حکام سے ملاقاتیں کرےگا، افغان طالبان ناروے کےحکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے، افغان طالبان کاوفد چار روزہ دورے پرناروے گیا ہے،افغان طالبان وفد کےناروے میں قیام میں توسیع کا بھی امکان ہے۔

پی ڈی ایم اجلاس: قومی اسمبلی، سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد لانے پر مشاورت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے سینیر رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد لانے پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مولانا عبدالغفورحیدری، میر کبیر شاہی، احسن اقبال، حافظ عبدالکریم، سکندر شیر پاؤ شریک ہوئے۔
اجلاس میں لانگ مارچ کی تیاری اور خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے پر غور اور پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی رپورٹ اور الیکشن کمیشن کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں منی بجٹ،ا سٹیٹ بینک ترمیمی بل اور ای وی ایم مشین کے استعمال کا معاملہ بھی زیر بحث آیا جب کہ صدارتی نظام پر چھیڑی جانے والی بحث پر سفارشات تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ہم کام کرتے ہیں اور ہمارے کام بولتے ہیں،عثمان بزدار

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ترقی کے سفر میں اب ہر شہر اور ہر گاؤں شریک ہے، ہم کام کرتے ہیں اور ہمارے کام بولتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے سابق صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا گیلانی کی ملاقات ہوئی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور اورترقیاتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سید علی رضا گیلانی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے دیپالپور کو ضلع بنانے کی درخواست کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس تجویز پر ہمدردانہ غور کا وعدہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔

لاہور دھماکا: حکومت کا جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلیے امداد کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے لاہور کے علاقے انارکلی بازار میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے امداد کا اعلان کردیا۔
لاہور کے علاقے انارکلی بازار میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ اور زخمی افراد کے لیے ایک لاکھ روپے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے دھماکے کے شدید زخمی افراد کے لیے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا۔
وفاقی وزیر حماد اظہر، وزیر بلدیات محمود الرشید، ڈپٹی کمشنر لاہور نے میو اسپتال کا دورہ کیا اور شدید 5 زخمی افراد کو فی کس 5 لاکھ روپے کے چیک دیے۔
وزرا کی جانب سے تین معمولی زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے گئے، تین جاں بحق افراد کے لواحقین میں فی کس دس لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ جو زخمی گھر جاچکے ہیں انہیں گھر جاکر چیک تقسیم کیے جائیں گے۔
واضح رہے انارکلی بازار میں دو روز قبل ہونے والے دھماکے میں تین افراد جاں بحق جبکہ 26 زخمی ہوئے تھے، دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دو مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کیا ہے جبکہ واقعے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پی ٹی آئی نے احمد جواد کی پارٹی رکنیت ختم کر دی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے احمد جواد کی پارٹی رکنیت ختم کر دی۔
پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق احمد جواد کی پارٹی رکنیت قیادت کے خلاف بے بنیاد الزامات پر ختم کی گئی ہے۔ تحریک انصاف کی قائم کمیٹی نظم و احتساب نے احمد جواد کی پارٹی رکنیت ختم کی ہے۔
پی ٹی آئی اعلامیے میں کہا گیا کہ احمد جواد کو صفائی کا موقع دیا، انہیں 12 اور 19 جنوری کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کیے۔ احمد جواد نے صفائی پیش کرنے کے بجائے الزامات کی نئی فہرست بھجوائی۔
پی ٹی آئی اعلامیے میں کہا گیا کہ شواہد اور احمد جواد کے تحریری جواب کی روشنی میں پارٹی رکنیت ختم کرنےکافیصلہ کیا گیا۔ قائمہ کمیٹی نظم و احتساب کی 2 رکنی ذیلی کمیٹی نے اس حوالے سے تحریری فیصلہ جاری کیا ہے۔

سندھ میں انسداد پولیو مہم کاآغاز 24 جنوری سے ہوگا

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ میں انسداد پولیو مہم کاآغاز 24 جنوری سے ہوگا، 20اضلاع میں 58 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ترجمان ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق کراچی میں 20 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو مہم 30 جنوری تک جاری رہے گی۔
ترجمان ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق سندھ میں جولائی 2020 سے اب تک پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔