All posts by Khabrain News

‘پہلی بار عمران خان اور عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دیا’

لاہور : (ویب ڈیسک) ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے جنوبی پنجاب کی عوام کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا ڈسا ہوا قرار دے دیا۔
سابقہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا تھا کہ ن لیگ جنوبی پنجاب صوبے پر منافقت کا مظاہرہ کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی عوام کو لولی پاپ دیتی آئی ہیں، اسی لیے دونوں جماعتیں جنوبی پنجاب کی محرومی میں شریک ہیں۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ پہلی بار عمران خان اور عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دیا، پی ٹی آئی نے بلاتفریق ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا اور اب جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں سے جنوبی پنجاب کی تقدیر بدل رہے ہیں کیوں کہ جنوبی پنجاب کا مختص بجٹ صرف جنوبی پنجاب پر ہی خرچ ہورہا ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ جنوبی پنجاب کے عوام کےلیے حکومت کا تحفہ اور پنجاب حکومت کی طرف سے جنوبی پنجاب صوبہ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
حسان خاور نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کیے گئے ہر وعدے کو عملی جامہ پہنارہی ہے اگر ن لیگ اور پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی عوام سےمخلص ہیں تو پی ٹی آئی کا ساتھ دیں۔

رضوان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر قرار

کراچی: (ویب ڈیسک)
پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے ہیں۔
آئی سی سی نے محمد رضوان کو گزشتہ سال 1326 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے پر سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔
محمد رضوان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈبل خوشی اس بات کی ہے کہ یہ ایوارڈ پاکستان کو ملا ہے، دنیا کی ٹاپ ٹیمز میں پاکستان کا نام آنا خوشی کی بات ہے، کریڈیٹ ٹیم مینجمنٹ، ساتھی کرکٹرز اور اینالسٹس کو بھی جاتا ہے، سب کی محنت کی وجہ سے آج دنیا بھر میں پاکستان ٹیم کا نام ہے۔
آئی سی سی ویمنز ایسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر آسٹریا کی آندریا مائی زبیدہ قرار پائیں جبکہ آئی سی سی ایسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ عمان کے ذیشان مقصود کے نام رہا۔

کیٹی بندر کے قریب کشتیاں سمندر میں ڈوب گئیں، پاک بحریہ نے 12 افراد کو بچا لیا

کراچی: (ویب ڈیسک) کیٹی بندر کے قریب ڈوبنے والی کشتیوں کے لئے میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا آپریشن جاری ہے، 12 افراد کو بچا لیا گیا، 2 لاشیں بھی نکال لی گئیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیوی کی تیز رفتار کشتیاں اور ہیلی کاپٹرز سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیلئے اطلاع ملتے ہی روانہ کئے گئے۔ حادثے کا شکار ہونیوالی کشتیوں میں کل 24 افراد سوار تھے۔ ریسکیو آپریشن کے ذریعے 12 افراد کو بحفاظت سمندر سے نکالا جا چکا ہے تاہم 10 افراد تا حال لاپتہ ہیں جبکہ 2 افراد کی لاشیں سمندر سے برآمد ہوئی ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

وزیراعظم نے “افغانوں کی زندگیاں بچاو” مہم کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)
وزیراعظم عمران خان نے “افغانوں کی زندگیاں بچاؤ” مہم کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کردی.
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں “افغانوں کی زندگیاں بچاؤ” مہم کی تصویر شیئر کی ہے، اور کہا ہے کہ میں اس مہم میں اپنی آواز بھی شامل کروں گا۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ لوگ افغانستان میں پھیلنے والے انسانی بحران کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی بین الاقوامی مہم میں شامل ہوں، افغانستان میں لاکھوں افغانوں، خاص طور پر بچوں کو فاقہ کشی کا خطرہ لاحق ہے۔

اداکارہ حنا الطاف کے والد کا انتقال ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک)
معروف پاکستانی اداکارہ و میزبان حنا الطاف کے والد کا انتقال ہوگیا۔
حنا الطاف نے یہ افسوسناک خبر گزشتہ روز اپنی انسٹا اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’’سب سے مضبوط شخصیت جنہیں میں اپنی زندگی میں جانتی تھی میرے والد اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ براہ مہربانی انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں‘‘۔
اداکارہ نے اپنے والد کی کوئی تصویر تو شیئر نہیں کی۔ تاہم ان کی شادی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں نکاح کے موقع پر ان کے والد ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ حنا الطاف نے اداکار آغا علی کے ساتھ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران 2020 میں شادی کی تھی۔

موٹروے اسلام آباد سیکشن پر منشیات اسمگلرز کی گاڑی کو حادثہ، ملزمان فرار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)
موٹروے ایم ون پشاور اسلام آباد سیکشن پر حادثے کی شکار گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی۔
موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون پشاور اسلام آباد سیکشن پر منشیات اسمگلرز کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا، تاہم ملزمان گاڑی چھوڑ کر فرار ہوجانے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس موقع پر پہنچی اور گاڑی کی تلاشی لی تو اس میں سے 66 کلوگرام منشیات برآمد ہوئی، جس میں 36 کلو گرام چرس اور 30 کلو گرام افیون شامل ہے، موٹر وے پولیس نے منشیات اور گاڑی قبضے میں لے کر مقامی تھانہ اکبر پورہ کے حوالے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا حصہ بننے والے غیرملکی کھلاڑی پاکستان پہنچ گئے

کراچی: (ویب ڈیسک)
پاکستان سپرلیگ 7 کا حصہ بننے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل7 کے لیے کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، کوئٹہ گلیڈایٹرز کے ترجمان نے بتایا کہ فرنچائز کے تمام مقامی کھلاڑی بائیو سیکیورببل کا حصہ بن گئے ہیں جبکہ غیر ملکی کھلاڑی انگلینڈ کے وال اسمڈ اور آسٹریلیا کے جیمز فاکلنر بھی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان گلیڈی ایٹرز کے مطابق بگ بیش اور ایشز سیریز میں شریک کھلاڑی آئندہ چند روز میں کراچی پہنچ جائیں گے جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں مصروف انگلینڈ کے جیمز ونز اور جیسن روئے کے حوالے سے امید ہے کہ وہ لیگ کے دوران ٹیم کا حصہ بن جائیں گے۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے ملتان سلطانز کے رائلے روسو اور نمیبیا کے ڈیوڈ ویزے بھی گزشتہ روز کراچی پہنچ چکے ہیں۔

ماہرہ خان نے’’بول‘‘ فلم سائن کرنے سے پہلے مجھ سے مشورہ لیا تھا، شمعون عباسی

کراچی: (ویب ڈیسک)
معروف پاکستانی اداکار و پروڈیوسر شمعون عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ ماہرہ خان نے اپنی پہلی فلم’’بول‘‘ سائن کرنے سے پہلے مجھ سے مشورہ لیاتھا۔
شمعون عباسی حال ہی میں ایک آن لائن شو میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے شوبز کے متعدد فنکاروں کو مشورے دئیے۔ شمعون عباسی نے شو میں اپنی سابق بیوی حمائمہ ملک کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا حمائمہ ملک ایک بلند سوچ اور بلند نظریہ رکھنے والی خاتون ہیں۔ انہوں نے حمائمہ کو کام پر توجہ مرکوز رکھنے کا مشورہ دیا۔
شمعون عباسی نے اداکار شان کے سینما میں بھارتی فلموں پر پابندی لگنے کے مطالبے پر کہا کہ وہ شان کی اس بات سے اتفاق نہیں کرتے کیونکہ اگر آپ سینما میں بھارتی فلموں پر پابندی لگائیں تو پھر ان کے نعم البدل میں لوگوں کو اپنی فلمیں دکھائیں تاکہ سینما چلتے رہیں کیونکہ سینما ایک بہت بڑی انڈسٹری ہے۔ آرٹ کی کوئی سرحد کوئی تفریق نہیں ہوتی لہذا دونوں ممالک کے درمیان آرٹ کی تفریق کو ختم کریں۔
شو کے دوران شمعون عباسی نے بتایا کہ ہمایوں سعید کو شوبز انڈسٹری میں بریک انہوں نے دیا تھا۔ شمعون عباسی نے بتایا کہ ہمایوں سعید پہلی دفعہ میری ٹیلی فلم سے اسکرین پر لوگوں کے سامنے آئے۔
مہوش حیات کو تمغہ امتیاز ملنے کے بارے میں شمعون عباسی نے کہا کہ انہیں تمغہ امتیاز اداکاری پر نہیں بلکہ پرسنالٹی (شخصیت) پر ملا ہے۔
اداکار شمعون عباسی نے شو میں انکشاف کیا کہ ماہرہ خان نے اپنی پہلی فلم ’’بول‘‘ سائن کرنے سے پہلے مجھ سے مشورہ لیا تھا کہ مجھے یہ فلم کرنی چاہئے یا نہیں۔
انہوں نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں اُس وقت شائستہ واحدی کے مارننگ شو میں تھے۔ فلم ’’بول‘‘ کے حوالے سے حمائمہ کو بھی فون آیا تھا۔ بریک کے دوران ماہرہ خان نے کہا کہ مجھے بھی فون آیا ہے تو کیا میں یہ فلم کروں یا نہیں کیونکہ مجھے فلموں کے بارے میں کچھ نہیں پتہ میں تو وی جے ہوں۔
لہذا میں نے ماہرہ خان کو کہا کہ آپ یہ فلم اس لیے کریں کیونکہ شعیب منصور جیسا نام ہے ہی نہیں پاکستان میں وہ جو بھی آپ سے کروائیں گے بہتر ہی کروائیں گے۔ اس کے بعد ماہرہ خان کی ’’بول‘‘ کے ذریعے فلموں میں انٹری ہوئی۔
شمعون عباسی نے بتایا کہ خلیل الرحمان قمر بھارتی پائلٹ ابھی نندن پر فلم بنا رہے ہیں اور اس فلم کے لیے انہوں نے مجھے پیشکش کی تھی لیکن میں نے منع کردیا جس پر خلیل الرحمان قمر نے کہا میں آپ کا بھائی ہوں کیا میں آپ کے پیر پکڑوں آپ کے پاس آکر کہ آپ یہ فلم کرلیں۔ انہوں نے اتنی بڑی بات کردی جس پر میں نے خلیل صاحب کو کہا آپ بڑی شخصیت ہیں۔ یہ خلیل صاحب کا پیار ہے کہ جس طرح انہوں نے مجھ سے بات کی۔

چین نے دنیا کا سب سے بڑا ’روبوٹ بیل‘ تیار کرلیا

بیجنگ: (ویب ڈیسک)
چینی انجینئروں نے دنیا کا سب سے بڑا چوپایہ روبوٹ تیار کرلیا ہے جسے انہوں نے ’مکینیکل یاک‘ (روبوٹ بیل) کا نام دیا ہے۔
چین سے شائع ہونے والے انگریزی اخبار ’گلوبل ٹائمز‘ اور چینی سرکاری ٹی وی کے مطابق، یہ روبوٹ فوجی مقاصد کےلیے تیار کیا گیا ہے جو ایسے دشوار گزار اور خطرناک علاقوں میں دشمن کی نگرانی کرسکے گا جہاں پہنچنا اور پہرہ دینا فوجیوں کےلیے جان جوکھم میں ڈالنے کے مترادف ہوتا ہے۔
خبروں میں اس روبوٹ کے وزن سے متعلق تو نہیں بتایا گیا لیکن اتنا ضرور معلوم ہوا ہے کہ اس کی اونچائی ایک عام انسان کے مقابلے میں نصف ہے جبکہ لمبائی تقریباً انسان جتنی ہے۔
یہ چار پیروں پر آگے اور پیچھے چلنے کے علاوہ دائیں بائیں بھی گھوم سکتا ہے اور اپنا رُخ بدل سکتا ہے۔
یہ خود پر 160 کلوگرام وزنی سامان لاد کر 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتا ہے؛ یعنی اس کا ایک مقصد دشوار گزار علاقوں میں فوجی سامانِ رسد پہنچانا بھی ہوگا۔
’مکینیکل یاک‘ کے بارے میں چینی میڈیا کی جانب سے ٹوئٹر پر بھی ایک مختصر ویڈیو رکھی گئی ہے:
اس ویڈیو میں یہ امریکی کمپنی ’بوسٹن ڈائنامکس‘ کے تیار کردہ روبوٹ کتے ’بِگ ڈاگ‘ جیسا دکھائی دے رہا ہے تاہم چین نے وضاحت کی ہے کہ ’مکینیکل یاک‘ مقامی مہارت استعمال کرتے ہوئے ’آزادانہ طور پر‘ بنایا گیا ہے۔
یہ مصنوعی ذہانت والے سافٹ ویئر کے علاوہ کئی طرح کے حساسیوں (سینسرز) سے بھی لیس ہے جبکہ بدلتے ماحول اور حالات میں لڑکھڑائے بغیر چلتے رہنے کےلیے اس میں جوڑوں کے 12 ماڈیول بھی نصب ہیں جو اس کی حرکت کو ہموار رکھتے ہیں۔
اپنی انہی صلاحیتوں کی بدولت یہ روبوٹ ناہموار چٹانوں، سیڑھیوں، کیچڑ سے بھرے راستوں، ریگستانوں اور برف سے لدے میدانوں تک میں آسانی سے دوڑ سکتا ہے جبکہ فوجیوں کےلیے غذا اور اسلحہ لے جانے کے علاوہ، انسانوں کےلیے ناقابلِ برداشت ماحول میں نگرانی جیسے کام بھی کرسکتا ہے۔
چینی سرکاری ٹی وی کے مطابق، چین میں اسی طرح کا ایک اور منصوبہ ’گیڈا‘ (Geda) کے نام سے جاری ہے جس میں کتوں جیسے چوپایہ روبوٹ بنائے گئے ہیں۔ ایسا ہر روبوٹ صرف 32 کلوگرام وزنی ہے لیکن 40 کلوگرام تک سامان کا بوجھ اٹھا سکتا ہے۔
’گیڈا‘ روبوٹس کو اس قابل بھی بنایا گیا ہے کہ صوتی احکامات سمجھ کر، ان پر خودکار انداز میں عمل بھی کرسکیں۔
اندازہ ہے کہ ’مکینیکل یاک‘ میں بھی یہی ٹیکنالوجی مزید بہتر کرکے استعمال کی گئی ہے۔
مغربی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ چین 2025 تک روبوٹکس کے میدان میں ساری دنیا بالخصوص امریکا پر سبقت حاصل کرنا چاہتا ہے؛ اور اس طرح کے منصوبے انہی کوششوں کا تسلسل ہیں۔

پینشن وصول کرنے کیلئے مردہ شخص پوسٹ آفس پہنچ گیا

کارلو: (ویب ڈیسک)
آئر لینڈ کی پولیس ایک عجیب و غریب واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہے جس میں ایک مُردہ شخص کو اُس کی پینشن وصول کرنے کیلئے پوسٹ آفس میں باقاعدہ لایا گیا۔
آئرش ٹائمز کے مطابق آئرلینڈ کے قصبے کارلو میں 2 نوجوان ایک بوڑھے مرد کے بےجان جسم کو سہارا دیے ہوئے مقامی پوسٹ آفس میں داخل ہوئے۔ عملے کی جانب سے جب استفسار کیا گیا تو دونوں نوجوان بھاگ کھڑے ہوئے اور 60 سال کے لگ بھگ شخص کو وہیں چھوڑ گئے جو کہ بعد میں پتہ چلا کہ مُردہ تھا۔
آئرلینڈ کی نیشنل پولیس فورس کا کہنا ہے کہ ابھی تحقیقات کا مرکز بوڑھے شخص کی موت ہے۔ لاش کو آٹوپسی کیلئے بھیجا جائے گا تاکہ پتہ لگایا جاسکے آدمی کی موت کیسے ہوئی۔ مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا جاسکتا۔
آئرش ٹائمز کے مطابق جو دو نوجوانوں لاش کو لائے تھے اُن میں سے ایک نے پوسٹ آفس کے کاؤنٹر پر کسی کی پینشن وصول کرنے کے بارے میں پوچھا تھا جس پر جواب دیا گیا تھا کہ جس کی پینشن ہے اُسے موجود ہونا لازمی ہے، بعد میں دونوں نوجوان پینشن کے حقدار شخص کی لاش پوسٹ آفس لے آئے۔