All posts by Khabrain News

وزارت خزانہ حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات آج ہونگے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت خزانہ حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات آج بھی ہوں گے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ اور سیکرٹری خزانہ آئی ایم ایف حکام کے ساتھ مذاکرات کریں گے، مذاکرات میں آئی ایم ایف وفد کو گیس کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر بریف کیا جائے گا۔
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ معاشی ٹیم کی آئی ایم ایف وفد کے ساتھ ایم ای ایف پی مسودہ پر بھی بات چیت ہوگی، ایم ای ایف کا مسودہ فائنل کر کے آئی ایم ایف کو واپس بھیجا جائے گا، قومی امکان ہے آج ایم ای ایف پی کا مسودہ آئی ایم ایف کے ساتھ آج دوبارہ شیئر کیا جائے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ایم ای ایف مسودہ ایکسچینج کے بعد بھی ورچوئلی مذاکرات جاری رہیں گے، حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کل بھی ہوں گے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کا مشن 10 روزہ مذاکرات کے بعد 10 فروری کی صبح پاکستان سے واشنگٹن روانہ ہوا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ کا لال حویلی میں شیخ رشید کا دفتر ڈی سیل کرنے کا حکم

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے متروکہ وقف املاک کی جانب سے لال حویلی میں سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کے دفتر کو ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس وقاص رؤف نے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی ہمشیرہ عابدہ شمیم کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے وکیل سردار عبد الرازق عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ پراپرٹی 156 ڈی بھی لال حویلی کا حصہ ہے، اس جگہ شیخ رشید کا سیاسی دفتر قائم ہے، محکمہ متروکہ وقف املاک نے 30 جنوری کو لال حویلی اور ملحقہ پراپرٹیز کو غیر قانونی طور پر سیل کیا تھا۔
وکیل سردار عبدالرازق نے کہا کہ محکمہ نے بد نیتی سے پراپرٹی کو ڈی سیل نہیں کیا تھا، عدالت سے رجوع کرنے پر ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے پراپرٹی ڈی سیل کر دی تھی، لیکن شیخ رشید کا دفتر تاحال سیل ہے۔
عدالت نے متروکہ وقف املاک کو شیخ رشید کا دفتر ڈی سیل کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

نئے نیب قانون میں کچھ کوتاہیاں ہیں جسے ہم دیکھ رہے ہیں: چیف جسٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا ہے کہ نئے نیب قانون میں کچھ کوتاہیاں ہیں جسے ہم دیکھ رہے ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے فاضل بینچ نے کرپشن کے ملزم نواب خان کی ضمانت منسوخ کرنے کے لیے نیب کی درخواست پر سماعت کی۔
نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ نیب آرڈیننس میں ترامیم کے بعد 23 کروڑ کی کرپشن کا کیس ہمارے دائرہ اختیار سے نکل گیا، دائرہ اختیار سے نکلنے پر ضمانت منسوخی کی درخواست غیر موثر ہوگئی۔
چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ صرف 23 کروڑ روپے کی کرپشن ہے 50 کروڑ کی نہیں؟ کیا نیب کے دائرہ اختیار سے نکلنے والے مقدمات ختم ہوگئے؟
جواب میں نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب مقدمات واپس نہیں لے رہا مگر عدالتیں کیسز واپس کررہی ہیں۔
چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے استفسار کیا کہ کیا نئے قانون میں یہ نہیں لکھا کہ مقدمات کہاں بھیجنے ہیں؟
دوران سماعت چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیئے کہ نئے نیب قانون میں کچھ کوتاہیاں ہیں جسے ہم دیکھ رہے ہیں۔
بعدازاں سپریم کورٹ نے ملزم کی ضمانت منسوخی کی درخواست غیر مؤثر ہونے پر خارج کردی۔

کے پی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کا معاملہ، الیکشن کمیشن اور گورنر سے جواب طلب

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا (کے پی) اسمبلی کے بروقت انتخابات کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن اور گورنر سے تحریری جواب طلب کر لیا۔
پشاور ہائی کورٹ میں کے پی اسمبلی کے بروقت انتخابات کے لیے پی ٹی آئی کی درخواست کی سماعت ہوئی، پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی، اسد قیصر، شبلی فراز اور شاہ فرمان عدالت میں پیش ہوئے۔
صوبائی ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ چیف سیکرٹری نے آج جواب جمع کیا ہے، عدالت نے کہا گورنر نے جواب جمع نہیں کیا، گورنر ہمیں بتا دیں کہ کیوں ابھی تک تاریخ نہیں دی، ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق گورنر کے پاس تاریخ دینے کا ابھی وقت ہے۔
عدالت نےکہا کہ اس پر بعد میں بات ہو گی، پہلے تحریری جواب دیں کہ خط کے جواب میں گورنر نے تاریخ نہیں دی، الیکشن کمیشن کو اگر تاریخ نہیں ملی تو کیا لائحہ عمل ہو گا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو بھی تحریری جواب جمع کرانےکی ہدایت کردی۔
دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ عدالت میں پیش کیا، وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ،گورنر اور صدر کے خطوط ریکارڈ پر موجود ہیں، گورنر بہانے بنا کر تاریخ نہیں دینا چاہتے ہیں۔
عدالت نے الیکشن کمیشن اور گورنر سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔

لاہور ماسٹر پلان 2050ء کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کے حکم میں توسیع

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے ماسٹر پلان 2050ء کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کے حکم میں توسیع کر دی۔
لاہور ہائی کورٹ میں لاہور ماسٹر پلان 2050ء کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، اس موقع پر ڈی جی ایل ڈی اے عامر احمد خان سمیت دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے لاہور ماسٹر پلان کا ازسرِ نو جائزہ لینے کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کر دی۔
دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ یہ 2050ء تک کا پلان ہے جو شہریوں پر اثر انداز ہوگا، افسوس کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ کھیت کھلیان ختم کر کے راتوں رات سوسائٹیاں بنا دی جاتی ہیں، شاندار سبز کھیتوں کو ختم کر کے ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنائی جا رہی ہیں، کسانوں سے زمینیں چھین کر معیشت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ پہلے کہتا تھا کہ یہ ہمارے مستقبل کا معاملہ ہے، آج جو آلودگی کی صورتِ حال ہے اس سے ہماری اور بچوں کی بقاء خطرے میں پڑ گئی ہے، ہم سب کو اس معاملے کا جائزہ لینا ہوگا، شہر جا کر دیکھیں اس کی اس وقت حالت کیا ہے، شہریوں کے بنیادی حقوق کا معاملہ سیاسی حکومت اور ایل ڈی اے پر نہیں چھوڑ سکتے۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ ایسے ماحول میں ہماری زندگی کا گزارا کرنا مشکل ہو گیا ہے، مجھے دخل اندازی کرنے کا شوق نہیں مگر دل دکھتا ہے۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

مشکل وقت میں دنیا کا ساتھ دینا ہماری بہترین خارجہ پالیسی کا ثبوت ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں دنیا کا ساتھ دینا ہماری بہترین خارجہ پالیسی کا ثبوت ہے۔
فارن سروسز اکیڈمی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نقصانات کا سامنا ہوا، موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مؤقف پر پوری دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ہر فورم پر آواز اٹھائی، جنیوا ریزیلئنٹ کانفرنس کے موقع پر دنیا نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا، حالیہ سیلاب میں امریکا اور چین نے ہماری بھرپور مدد کی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک خارجہ پالیسی ملکی مفاد کے مطابق مرتب کرتے ہیں، پاکستان بین الاقوامی برادری کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے، خطے میں علاقائی امن کے قیام کیلئے اقدامات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے۔

توہین الیکشن کمیشن کیس: اسد عمر نے اپنا جواب جمع کرا دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں اپنا جواب جمع کرا دیا۔
اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، اسدعمر اور فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس پر جواب جمع کروا دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ ہمارے حلقے میں انتخابات ہو رہے ہیں، میں اور فواد چودھری دونوں الیکشن لڑ رہے ہیں، مناسب ہوگا کہ الیکشن کے بعد کی تاریخ دیں، آئندہ سماعت پر اعتراضات پر دلائل دوں گا۔
وکیل فیصل چودھری نے مزید کہا کہ میں کوشش کروں گا کہ آئندہ سماعت پر حاضر ہوسکوں، انتخابی مہم کے لیے وقت بھی کم ملا ہے۔
الیکشن کمیشن نے مزید سماعت 28 فروری تک ملتوی کر دی۔

نازیبا ویڈیو وائرل کیس میں دانیہ کی ضمانت منظور

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے سابق رکن قومی اسمبلی مرحوم عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کے کیس میں ضمانت منظور کرلی۔
سندھ ہائیکورٹ میں دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جس میں ملزمہ دانیہ کے وکیل لیاقت گبول ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ دانیہ کے خلاف کوئی شواہد نہیں ہیں، ایف آئی اے نے ناقص تفتیش کی ہے۔عدالت نے دانیہ کے وکیل کے دلائل پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزمہ کی درخواست ضمانت منظور کرلی اور دانیہ کو 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
اس سے قبل سیشن عدالت نے ملزمہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔
واضح رہے کہ دانیہ پر عامر لیاقت کی نجی ویڈیوز وائرل کرنے کا الزام ہے جس پر مرحوم کی بیٹی دعا عامر نے مقدمہ درج کروایا تھا۔
عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس میں دانیہ شاہ عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں، انہیں دسمبر 2022 میں ایف آئی اے نےگرفتار کیا تھا۔

پی ایس ایل 8 کے فائنل کے وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت کیا ہے؟

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 میں لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے میچز کی ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچز کی ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آج سے شروع ہوگی۔
لاہور میں 19 مارچ کو ہونے والے فائنل کے وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 7 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ پریمیئم ٹکٹ 4 ہزار اور فرسٹ کلاس 2500، 1200 روپے کا ہوگا۔
دوسری جانب ویمن کے نمائشی میچز سپر ویمن اور ایمیزونز کے درمیان کھیلے جائیں گے، ویمن میچز بھی پی ایس ایل کے میچز کی ٹکٹ پر ہی دیکھے جا سکیں گے۔
خیال رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن کل سے ملتان میں شروع ہوچکا جس کے افتتاحی میچ میں لاہور نے ملتان کو ایک رن سے شکست دی۔

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئے۔
وزیر اعظم اور کابینہ ارکان کو لانے والے خصوصی طیارے نے فیصل بیس پر لینڈ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کراچی میں پاکستان نیوی کے زیر اہتمام 8 ویں امن مشق کا جائزہ لیں گے جہاں وہ تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
واضح رہے اسلام آباد میں آج وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے۔