All posts by Khabrain News

کراچی سمیت ملک میں آٹا پھر مہنگا، قیمت 120 سے 125 روپے کلو تک پہنچ گئی

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی سمیت ملک بھر آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا جس کے بعد آٹے کی فی کلو قیمت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
کراچی میں چکی کا آٹا 120 سے125 روپے کلو فروخت ہونے لگا ہے جبکہ پنجاب میں گندم کی امدادی قیمت کے اعلان پر آٹا مزید مہنگا ہوگیا، مارکیٹ میں سرکاری آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا دوسری جانب ملز مالکان نے 15 کلو آٹے کا تھیلا 100 روپے مہنگا کر دیا۔ایک ہفتے میں15 کلو تھیلے کی قیمت 250 روپے اضافے کے بعد 1300 سے 1550 روپے ہو گئی ہے۔
دوسری جانب پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں آٹا مزید مہنگا ہو گیا ہے، صوبے میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 50 روپے مہنگی ہونے کے بعد 2100 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ادھرکوئٹہ میں 20کلو آٹے کا تھیلا100روپے سستا ہو کر 2500 روپے کا ہوگیا ہے، شہر میں ایک ہفتے کے دوران آٹے کی قیمتوں میں 350 روپے کا اضافہ ہوا اور آٹا ڈیلرز نے آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

برطانیہ میں مہنگائی 14 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

برطانیہ : (ویب ڈیسک) برطانیہ میں مہنگائی 14 سال کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق اشیائے خورد ونوش کی بڑھتی قیمتوں سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے، دودھ،پنیر اورانڈوں کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہری پریشان ہوگئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یوکرین جنگ کے باعث اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا البتہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے افراط زر کی شرح میں قدرے کمی آئی ہے۔
برطانوی سینٹرل بینک کا کہنا ہے کہ اس سال افراط زرکی شرح 13 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، افراط زر پر قابو پانے کے لیے شرح سود میں اضافے کی توقع ہے۔

کم عمر لڑکی کا مبینہ اغوا کیس : عدالت نے ملزم ظہیرکی ضمانت منظورکرلی

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی کی ماتحت عدالت نے کم عمر لڑکی کے مبینہ اغوا سے متعلق کیس میں تین درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
عدالت نے ملزم ظہیر احمدکی مغویہ سے ملاقات اور مغویہ کا بیان قلم بندکرنےکی درخواستیں مستردکرتے ہوئے ملزم ظہیر اور شبیرکی ضمانت منظورکرلی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت نے کراچی کی کم عمر لڑکی کے مبینہ اغوا سے متعلق کیس میں عدالت نے 3 درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
عدالت نے ملزم ظہیر احمد کی مغویہ سے ملاقات کی درخواست مستردکرتے ہوئے کہا کہ ملزم کے وکیل مغویہ سے ملاقات کا مقصد بتانے میں ناکام رہے ہیں اس حوالے سے 27 جولائی کو عدالت اس حوالے سے واضح احکامات جاری کرچکی ہے لہٰذا ملزم ظہیر کی مغویہ سے ملاقات کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔
عدالت نے ملزمان ظہیر اور شبیر کی 2 ،2 لاکھ روپے میں ضمانت منظور کرلی، عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ ضمانت منظور کرنےکا مقصدملزمان کو فائدہ دینا نہیں ہے اور ملزمان کو ضمانت دیے جانے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ انہیں کیس سے بری کیا جائے، اگر پراسیکیویشن چاہے تو ملزمان کو ضمانت دینےکے فیصلے کو چیلنج کرسکتی ہے۔
عدالت نے فیصلے میں مغویہ کا ضابطہ فوجداری کی سیکشن 164 کے تحت بیان ریکارڈ کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئےکہا کہ انویسٹی گیشن کے دوران اور کیس کا ٹرائل شروع ہونے سے پہلے 164 کا بیان ریکارڈہوسکتا ہے، ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے مغویہ رضاکارانہ طور پر اپنا 164 کا بیان ریکارڈ کراچکی ہے، کیس کا حتمی چالان بھی جمع ہوچکا، اب دوسری دفعہ مغویہ کا 164 کا بیان ریکارڈ کرنے کا کوئی مقصد نہیں ہے۔

سیلاب زدگان کی مدد نہیں، صرف فوٹو سیشن کروایا جا رہا ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اپنے کارکنوں کی لاشیں ملنے کے باوجود بھی حکمرانوں کی سیاسی لاش کے ساتھ کھڑی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز معاف کرتا ہے اور وزیر توانائی مؤخرکرتا ہے، صدر سیاسی مفاہمت کراتے ہیں یا ڈی چوک پر فیصلہ ہونا ہے، سیلاب زدگان کی مدد نہیں، صرف فوٹو کھنچوائی جارہی ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ گردشی قرضہ 23 کھرب روپے ہوگیا ہے، لاپتا شہری کی بازیابی ہو یا پیناڈول گولی کی دستیابی، ہائیکورٹ سے ملتی ہے، اقوام متحدہ کی160ملین کی امداد اونٹ کےمنہ میں زیرہ ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی ہی پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، مذہبی منافرت پھیلانے والے اورعمران کو دیوار سے لگانے والےعوام میں جانے کے قابل نہیں ہیں۔

امریکا کا ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا، نئی امریکی پابندیوں کی زد میں آنے والوں میں 10 ایرانی شہری اور کمپنیاں شامل ہیں۔
امریکا کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ پابندی کا شکارہونے والے مبینہ طور پر سائبر حملوں میں شامل تھے، امریکی پابندیوں میں ایرانی ڈرونز کی تحقیق، ترقی اور پیداوار میں شامل کئی کمپنیوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی واشنگٹن تہران پر متعدد پابندیاں عائد کرچکا ہے، امریکا نے روس کو ڈرون طیارے فراہم کرنے کی پاداش میں ایران پر نئی پابندیاں عائد کی تھیں، جس میں بالخصوص ایرانی پاسداران انقلاب کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
امریکی وزارت خزانہ نے ایک بیان میں واضح کیا تھا کہ امریکا، یوکرین میں فوجی آپریشن میں روس کو جنگی ڈرون فراہم کرنے میں ملوث ہونے پر ایرانی پاسداران انقلاب اور متعدد ایرانی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرے گا۔

خواتین کو دھوکا دینے کا بیان، سوشل میڈیا صارفین نے اشنا شاہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) اشنا شاہ کو خواتین کو دھوکا دینے سے متعلق ٹویٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے آڑے ہاتھوں لے لیا۔
اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والی اشنا شاہ کو آج کل ایک نئی مشکل کا سامنا ہے، اپنے ٹویٹ میں اشنا شاہ نے میل فرینڈ کو تنبیہ کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پر پوسٹ کئے گئے اپنے پیغام میں میل فرینڈ کی کلاس لیتے ہوئے اشنا شاہ نے کہا ہے کہ ڈئیر مین اگر فیمیل فرینڈ آپ کی بیہودہ باتوں پر ردعمل نہیں دے رہی تو آپ کو سمجھ لینا چاہیئے، ایسا نہ ہو آپ کی یہ حرکت مزید پریشانی کا سبب بنے۔
اداکارہ کے ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اشنا شاہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اشنا شاہ کی طرف سے کئے جانے والے ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ڈئیر مین اور ڈئیر وومین سمیت مخلتف موضوعات پر ایک نئی بحث شروع ہوگئی۔

وزیراعظم کاازبکستان کا دورہ،شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کریں گے

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف آج شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے لیےازبکستان کا دورہ کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے لیے آج ازبکستان روانہ ہو رہا ہوں۔عالمی اقتصادی بحران نے رکن ممالک کے درمیان مزید تعاون کی ضرورت کو جنم دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ایس سی او کا ویژن دنیا کی 40 فیصد آبادی کی امنگوں کی نمائندگی کرتا ہے۔پاکستان شنگھائی اسپرٹ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ باہمی احترام اور اعتماد مشترکہ ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہو سکتا ہے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے پاس صلاحیت ہے کہ وہ آگے بڑھنے کا راستہ نکالے۔

ملک بھر میں سیلاب سے اموات کی تعداد ایک ہزار 486 ہوگئی

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) ملک بھر میں سیلاب سے اموات کی تعداد ایک ہزار 486 ہوگئى۔
ملک میں بارشوں اور سیلاب کے باعث نقصانات پر این ڈی ایم اے نے تازہ رپورٹ جاری کردی۔گزشتہ 24گھنٹے میں بارشوں اور سیلاب سے مزيد 5 افراد جاں بحق ہوئے۔
خيبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلا ب سے 2 اور بلوچستان میں 3 اموات ہوئیں۔ملک بھر میں سیلا ب سے جاں بحق افراد کی تعداد ایک ہزار 486 ہوگئى ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلا ب سے سندھ میں638 افراد جاں بحق ہو چکے۔خيبرپختونخوا میں اموات کی تعداد305 تک جا پہنچی ہے۔بلوچستان میں 281 اور پنجاب میں 191 افراد سیلاب کے باعث لقمہ اجل بنے۔
رپورٹ کے مطابق سیلاب کے باعث گلگت بلتستان میں 22 اورآزاد کشمیر میں48 افرادجاں بحق ہوئے۔ملک بھر میں زخمى افراد کی مجموعی تعداد 12 ہزار 749 ہو گئى۔
این دی ایم اے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 12ہزار718 کلو ميٹر سڑک بارشوں اور سيلاب سے متاثر ہو چکیں۔ملک بھر میں 9 لاکھ 18 ہزار 473 مويشيوں کو نقصان پہنچا۔
ملک بهر میں 80 اضلاع بارشوں اور سيلاب سے تاحال متاثر ہيں۔ جبکہ مجموعی طور پر 3 کروڑ 30 لاکھ 46 ہزار 329 افراد بارشوں سے متاثر ہوئے۔

سکھیکی: ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق

سکھیکی : (ویب ڈیسک) سکھیکی کے انٹرچینج کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے المناک حادثے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
موٹروے ایم ٹو سکھیکی انٹر چینج کے قریب ٹرک اور کار میں تصادم کے باعث حادثہ پیش آیا، حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہوگئے۔
شیخوپورہ کے رہائشی سرگودھا میں جنازہ میں شامل ہونے کے بعد واپس گھر جارہے تھے کہ سکھیکی انٹرچینج کے قریب کار کا ٹائر پھٹ گیا اور کار بے قابو ہو کر ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے سکھیکی میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی اور ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سابق آئی سی سی امپائر اور فرسٹ کلاس کرکٹر اسد رؤف انتقال کر گئے

لاہور : (ویب ڈیسک) آئی سی سی کے ایلیٹ پینل کے سابق امپائر اور پاکستان کے فرسٹ کلاس کرکٹر اسد رؤف دل کا دورہ پڑنے سے 66 سال کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔
اسد رؤف کے بھائی طاہر رؤف نے افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسد رؤف بدھ کی رات لاہور میں اپنی دکان سے واپس آتے ہی دل کا دورہ پڑنے سے وفات پاگئے ہیں۔
سابق امپائر اسد رؤف نیشنل بینک آف پاکستان اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے سابق فرسٹ کلاس کھلاڑی تھے اور انہوں نے 71 فرسٹ کلاس اور 40 لسٹ اے میچز کھیلے۔
امپائر کے طور پر ان کا کیریئر 1998 میں شروع ہوا جب انہوں نے اپنا فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا اور 2000 میں وہ اپنے پہلے ون ڈے میں امپائرنگ کی انہیں 2004 میں او ڈی آئی پینل میں شامل کیا گیا اور اگلے سال اپنے پہلے ٹیسٹ میں امپائرنگ کی، اپریل 2006 میں انہیں آئی سی سی ایلیٹ پینل میں مقرر کیا گیا۔
یاد رہے کہ اسد رؤف نے آئی سی سی میں ٹاپ امپائر رہتے ہوئے 170 انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کی تھی، انہوں نے 49 ٹیسٹ، 90 ایک روزہ اور 23 ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں امپائر کی حیثیت سے کام کیا۔