لاہور : (ویب ڈیسک) وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے لیجنڈ گلوکارہ نیرہ نور کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ گلوکارہ نیرہ نور کا انتقال موسیقی کی دنیا کے لیے ایک نا قابل تلافی نقصان ہے۔
وزیر اعظم نے لکھا نیرہ نور اپنی آواز میں ترنم اور سوز کی وجہ سے خاص پہچان رکھتی تھیں، غزل ہو یا گیت، نیرہ نور نے جو بھی گایا کمال گایا۔شہباز شریف نے کہا نیرہ نور کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہوگا، اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ مرحومہ کو جنت میں جگہ عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ بلبل پاکستان کے نام سے مشہور پاکستان کی لیجنڈ گلوکار نیرہ نور 71 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئیں۔نیرہ نور کے خاندانی ذرائع کے مطابق وہ پچھلے چند روز سے بیمار تھیں اور کراچی میں ہی زیرعلاج تھیں۔
نیرہ نور کی نماز جنازہ آج 4 بجے مسجد و امام بارگاہ یثرب ڈیفنس کراچی میں ادا کی جائےگی اور تدفین ڈیفنس فیز 8 کے قبرستان میں کی جائےگی۔
All posts by Khabrain News
پاکستان کے 5 بڑے ریلوے اسٹیشنز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ
لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان ریلوے نے ملک کے پانچ بڑے اسٹیشنز کو جدید خطوط پر استوار کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں اجلاس ہوا جس میں 5 بڑے ریلوے اسٹیشنز کو جدید خطوط پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کراچی، لاہور، فیصل آباد، پشاور اور کوئٹہ ریلوے اسٹیشنز کو کمرشل حب بنایا جائے گا۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے تمام پاور وینز کی نومبر تک مکمل فٹ حالت میں دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔
وفاقی وزیر نے انتظامیہ کو گوادر آفس میں فوری عملہ بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام سنگل ڈیزل جنٹریٹر سیٹ ڈبل کیے جائیں اور ریلوے اسٹیشنوں پر صفائی کے انتظامات کو بھی بہتر بنایا جائے۔
وزیراعظم کا بجلی کے بلوں کے ذریعے فکسڈ ٹیکس کی وصولی فوری معطل کرنے کا حکم
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے بلوں کے ذریعے فکسڈ ٹیکس کی وصولی کو فوری معطل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت لاہور میں اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی صورت حال اور تاجروں کے مسائل اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے بلوں کے ذریعے فکسڈ ٹیکس کی وصولی کو فوری معطل کرنے کا حکم جاری کیا اور دکانداروں پر مقررہ حد سے زائد فکسڈ ٹیکس لاگو کرنے کی تحقیقات کا بھی حکم دیا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو تاجروں کی مشاورت سے نیا لائحہ عمل مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
چھوٹے انسان کو بڑا عہدہ مل جائے تو اسکی اوقات نہیں بدلتی، خواجہ آصف کی عمران خان پر تنقید
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر سخت تنقید کی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا چھوٹے انسان کو بڑا عہدہ مل جائے تو اس کی اوقات نہیں بدلتی، یہ شخص وزیراعظم رہا ہے، اپنے محسنوں سے لے کر سرکاری افسروں اور خواتین تک کو گالیاں اور دھمکیاں دیتا ہے۔
گزشتہ سالوں کے مقابلے میں 400 گنا زیادہ بارشیں ہوئیں: وزیراعلیٰ سندھ
کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ سندھ میں سیلاب سے متاثرہ 60 فیصد خاندانوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 25 ہزار روپے کی رقم دی جائے گی۔
مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کی تاریخ میں شدید ترین بارشیں ہوئی ہیں جو کہ گزشتہ سالوں کے مقابلے میں 400 گنا زیادہ ہیں۔انہوں نے کہا بارشوں سے 177 اموات رپورٹ ہوئیں، پورے سندھ کے30 اضلاع بارش کی لپیٹ میں آئے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرہ 60 فیصد خاندانوں کو 25 ہزار روپے کی امدادی رقم دی جائے گی۔
انہوں نے کہا بدین کے ساتھ حیدرآباد کو بھی آفت زدہ قرار دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن پیر تک جاری ہو جائے گا۔
الیکشن سے متعلق مراد علی شاہ نے کہا کہ انتخابات کا فیصلہ پہلے بھی الیکشن کمیشن نے کیا تھا۔
یقین ہوگیا سامنے آنے والی تصاویر شہباز گل کی نہیں کسی اور کی ہیں: علی زیدی
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ جو ویڈیو ریلیز کی گئی ہے مجھے تو اس میں یہ سمجھ نہیں آرہا کہ یہ شہباز گل ہیں بھی یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے شہباز گل کی تصاویر ریلیز کی ہیں وہ بے وقوف لوگ ہیں، مجھے یقین ہوگیا ہے کہ یہ کسی اور کی تصویر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر شہباز گل پر تشدد نہیں کیا گیا تو پھر عمران خان سے ملاقات کروانے میں مسئلہ کیا ہے؟دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار نے ایک بار پھر اصرار کیا کہ شہباز گل کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شہباز گل کی ویڈیو چلوائی تھی جس میں انہیں پولیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے اور ٹھیک ٹھاک چلتے پھرتے دکھایا گیا تھا۔
ادھر گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر شہباز گل کی صحت ٹھیک ہے اور ان کی تصاویر سامنے آئی ہیں تو یہ بہت اچھی بات ہے۔
اسلامی نظام ہی عورتوں کے تمام حقوق اور عزت کا ضامن ہے، سراج الحق
لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلامی نظام ہی عورتوں کے تمام حقوق اور عزت کا ضامن ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے دعوؤں کے باوجود کبھی خواتین کو ان کے حقوق نہیں دیئے لیکن اسلامی نظام ہی عورتوں کے تمام حقوق اور عزت کا ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ عورت جتنی مظلوم آج ہے پہلے نہ تھی جبکہ سرمایہ دارانہ نظام نے عورت کو حقوق سے محروم رکھا ہوا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک میں خاندانی نظام کو تباہ کرنے کی سازش کی گئی۔ خواتین کو وراثت میں حصہ نہیں ملتا جبکہ جاگیرداروں اور وڈیروں نے عورت کو باندی بننے پر مجبور کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری مہنگائی اور بدامنی کی لہر سے کروڑوں خواتین متاثر ہیں، غربت کی وجہ سے لوگوں کے پاس بچیوں کو اسکولوں میں بھیجنے کے وسائل نہیں ہیں۔
بجلی 4 روپے 69پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہونے کا امکان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بجلی صارفین کے لیے ایک اور بری خبر آ گئی۔بجلی 4 روپے 69پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نےبجلی مہنگی کرنے کیلئے درخواست نیپرا میں دائر کردی۔بجلی قیمت میں اضافہ کی درخواست جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔
قیمت میں اضافے سے صارفین پر 65 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر 31 اگست کو سماعت کرے گی۔
سی پی پی اے کے مطابق جولائی میں پانی سے 35.17 فیصد کوئلے سے 12.74 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ڈیزل سے 1.46اور فرنس آئل سے 6.42 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ڈیزل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 27 روپے 88 پیسے فی یونٹ رہی ۔
فرنس آئل سے 35 روپے 69 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔مقامی گیس سے 10.36 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 14.98 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 28 روپے 28 پیسے فی یونٹ رہی۔
جوہری ایندھن سے 14.20 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔جوہری ایندھن سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 1 روپے فی یونٹ رہی۔
دھمکیاں دینے والے کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا، اسلام آباد پولیس
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ دھمکیاں دینے والے کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی پولیس اپنی ذمہ داریاں تندہی سے جاری رکھے گی اور دھمکیاں دینے والے کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس عوام اور ملک کے لیے اپنے کام کو سنجیدگی سے لیتی ہے اور ہم ہر حال میں قوم کی خدمت کا حلف اٹھائے ہوئے ہیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ پولیس جوان پوری ذمہ داری سے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور ہم کسی قسم کی بدنظمی کا مظاہرہ نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے آئی جی، ڈی آئی جی اسلام آباد اور خاتون مجسٹریٹ کے خلاف کیس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی کو نہیں چھوڑیں گے ان پر کیس کریں گے، مجسٹریٹ صاحبہ آپ بھی تیار ہوجائیں آپ کے خلاف بھی کیس کریں گے۔
پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان آخری ون ڈے میچ آج کھیلا جائے گا
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج کھیلا جائے گا۔ پاکستان دو میچ جیت کر پہلے ہی سیریز اپنے نام کر چکا ہے.
پاکستان اور نیدر لینڈز آج ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں آمنےسامنے ہوں گے۔ پاکستان کو سیریز میں پہلے ہی 0-2 کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان آج تیسرا میچ جیت کر نیدر لینڈز کے خلاف سیریز میں کلین سوئپ کی کوشش کرےگی۔
پاکستان کی ٹیم میں آج کے میچ کے لیے دو تبدیلیوں کا بھی امکان ہے۔عبداللّٰہ شفیق اور فاسٹ بالر شاہنواز دھانی کو کھیلنے کا موقع دیا جا سکتا ہے