All posts by Khabrain News

روپےکی قدر میں گراوٹ، ڈالر آج بھی مہنگا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹربینک میں آج بھی روپےکے مقابلے میں ڈالرکی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔
انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر 50 پیسے مہنگا ہوکر 218.38 روپےکا ہے، انٹربینک میں گذشتہ روز کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 217.88 روپے تھا۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1.50 روپے مہنگا ہوکر 222 روپےکا ہے۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز بھی روپےکے مقابلے میں ڈالرکی قدر میں اضافہ ہوا تھا جس سے ڈالرکا بھاؤ کم ہونےکی لہر پندرہویں روز ٹوٹ گئی تھی۔

سنسنی خیز میچ کے بعد سری لنکا کی فتح، پاکستان ویمنز ایشیا کپ سے باہر

سلہٹ: (ویب ڈیسک) ویمنز ایشیاکپ ٹی 20 کے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔
سری لنکن ویمنز ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز سکور کیے جب کہ پاکستان کو ایک رن سے شکست ہوئی۔
پاکستانی باؤلر نشرح سندھو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ سعدیہ اقبال، ندا ڈار اور ایمن انور نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکن ویمن کھلاڑی ہرشیتھا سماراوکرما 35 رنز بنا کرنمایاں رہیں، انوشکا سنجیوانی نے 26 اور نیلکشی ڈو سلوا نے 14 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں کپتان بسمہ معروف اور آل راؤنڈر ندا ڈار نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا مگر قسمت نے ساتھ نہ دیا اور کپتان بسمہ 42 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں جبکہ ندا ڈار نے آخر تک میچ جتوانے کی کوشش کی مگر بدقسمتی سے پاکستان ایک رن سے شکست کے بعد ایشیا کپ سے باہر ہو گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے تھائی لینڈ کو 74 رنز سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

بڑا ڈاکو ہی بڑا حکمران، انصاف اور قانون غریب کیلئے ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پوری امید ہے اس اتوار کے بعد عمران خان لانگ مارچ کی کال دے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید نے لکھا کہ آج عمران خان کو جلسے میں کہا ہے کہ آر کرو یا پار، اب یا کبھی نہیں اور دیر نہ کرو، جب انصاف مرجاتا ہے تو انتقام جنم پاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آل شریف نے انصاف کو نیلام گھر میں سجا دیا ہے، حکومت نے اپنے کیسز ختم کرا کے اپنی سیاسی قبر کھو دی ہے، چوروں کے کیسز کے پیچھے بڑے فیس اور دستانے پہنے ہوئے ہاتھ ہیں جوڈیل اورڈھیل کروا رہے ہیں
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ بڑا ڈاکو ہی بڑا حکمران ہے، انصاف اور قانون غریب کیلئے ہے، پاکستان میں آل شریف کی منی لانڈرنگ کے آگے انصاف بھی شرمندہ ہے، شریف خاندان کے کنفرم کیسز میں بریت کی وجہ سےعمران خان کی کال کو ایندھن ملے گا۔

بجلی بریک ڈاون: انکوائری کے لیے4 رکنی کمیٹی قائم

کراچی: (ویب ڈیسک) این ٹی ڈی سی کے سسٹم میں بجلی کا بریک ڈاون کے معاملے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی قائم کردی۔
بجلی بریک ڈاون کیسے ہوا؟ معاملے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔کمیٹی کے سربراہ جی ایم ٹیکنیکل ہونگے۔
کمیٹی میں جی ایم نارتھ، چیف انجینئر، ایس جی نارتھ، اور چیف انجنیئر آپریشن شامل ہیں۔کمیٹی معاملے کی انکوائرہی کرکے چار دن میں رپورٹ جمع کرائے گی۔
ذرائع کے مطابق نیشنل گرڈ میں خرابی کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی بند ہوئی جب کہ سندھ میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل گرڈ میں خلل سے 6 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکلی ہے جس کی بحالی کے لیے آپریشن جاری ہے۔

سرکاری ملازمین نے اسلام آباد کی سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں سرکاری ملازمین نے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کر دیا۔
وفاقی دارالحکومت میں سرکاری ملازمین نے ایک بار پھر مطالبات کے حق میں احتجاج شروع کر دیا اور سرکاری ملازمین نے مطالبات تسلیم کروانے کے لیے سڑکوں پر نکلنے کا بھی اعلان کر دیا۔
سرکاری ملازمین کیو بلاک کے باہر جمع ہو گئے اور پارلیمنٹ ہاؤس تک مارچ کرنے کا اعلان کیا۔ سرکاری ملازمین نے ایگزیکٹیو الاؤنس صوبوں کی طرز پر اپ گریڈیشن کا مطالبہ کر دیا۔
احتجاج کرنے والے ملازمین نے کہا کہ ہاؤس رینٹ، میڈیکل اور کنوینس الاؤنس میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے اور تمام ڈیلی ویجز کنٹریکٹ، ایڈہاک، پی ایم پیکج ملازمین کو مستقل کیا جائے۔

لانگ مارچ رکوانے کی حکمت عملی، عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کا ممکنہ لانگ مارچ رکوانے کے لئے حکومت متحرک ہوگئی، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائرکر دی گئی۔
وفاقی حکومت نے عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی استدعا کر دی، استدعا میں کہا گیا ہے کہ 25 مئی کے عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کاروائی کی جائے، سپریم کورٹ کے 25 مئی کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی کی گئی تھی، عمران خان نے ایچ نائن گراونڈ جانے کے بجائے ورکرز کو ڈی چوک کال دی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی ورکرز نے ریڈ زون میں سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا، پولیس اور خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹس سے واضح ہے کہ عدالتی احکامات کی توہین کی گئی، سپریم کورٹ نے 25 مئی کو فیصلہ دیا تھا جس پر عمران خان نے عمل نہیں کیا، اب پھر عمران خان اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔
لانگ مارچ کو کامیاب کرنے کے لئے کارکنوں کو جہاد جیسے لفظ استعمال کرکے اکسا رہے ہیں، عدالت کے 25 مئی والے فیصلے پرعمل کرنے پر توہین عدالت کی کاروائی کی جائے، عمران خان نے جان بوجھ کر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی، عمران خان اور ان کے پارٹی رہنما عدلیہ اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کا ٹرینڈ چلا رہے ہیں۔
عمران خان کی آج سے نہیں بلکہ اداروں کو بدنام کرنے کی ایک تاریخ ہے، عمران خان آئینی طریقے سے آنے والی حکومت کو دھمکیاں دے رہے۔ ہیں۔

بجلی بریک ڈاؤن حادثہ تھا یا فنی خرابی، جلد معلوم کر لیں گے، خرم دستگیر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی بریک ڈاؤن حادثہ تھا یا فنی خرابی، جلد معلوم کر لیں گے۔
وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 500 کے وی لائن میں فنی خرابی آئی ہے تاہم لائنز میں خرابی کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات ہوں گی۔ جنوبی حصوں میں بریک ڈاون کے باعث سسٹم سے بجلی باہر گئی۔
انہوں نے کہا کہ پاور پلانٹس بند ہونے سے 8 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم سے باہر نکلی اور 4 ہزارسے زائد میگاواٹ بجلی واپس لائے ہیں۔ ملتان، فیصل آباد کو بجلی سپلائی بحال ہے اور کوشش ہے جلد تمام متاثرہ شہروں میں بھی بجلی سپلائی بحال کریں۔
خرم دستگیر نے کہا کہ کوئٹہ، کراچی اور حیدرآباد میں بجلی کی بحالی ترجیح ہے اور تکنیکی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو وزارت توانائی کو بریک ڈاؤن سے متعلق شام کو رپورٹ دے گی اور انکوائری سے پتہ چلے گا کہ بیک وقت 2 لائنوں میں خرابی کیسے آئی۔
انہوں نے کہا کہ بریک ڈاؤن سے ملک کا شمالی حصہ محفوظ ہے اور جہاں جہاں ٹرپنگ ہوئی وہاں پلانٹس کو دوبارہ بحال کر رہے ہیں۔ شام تک ہم بریک ڈاؤن کے چیلنج سے نمٹ لیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کے جنوب سے ٹرپنگ کا سلسلہ شروع ہوا اور بریک ڈاؤن حادثہ تھا یا فنی خرابی یہ جلد معلوم کریں گے۔ لاپرواہی پر تادیبی کارروائی بھی مدنظر رکھی جائےگی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی بریک ڈاؤن کا یہ دوسرا واقعہ ہے تاہم اب سیپکو کو جزوی طور پر بحال کیا گیا اور کراچی کے بجلی نظام میں کوئی خرابی نہیں ہے۔

ویمن ایشیا کپ سیمی فائنل:سری لنکا کا پاکستان کو جیت کے لیے123 رنز کا ہدف

لاہور: (ویب ڈیسک) ویمن ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے123 رنز کا ہدف دے دیا۔
ویمن ایشیا کپ کے سیمی فائنل میںسری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 123 رنز کا ہدف دے دیا۔ پاکستانی بالر نشرہ سندھو کی تباہ کن بالنگ نے سری لنکن بیٹرز کو ٹکنے نہ دیا۔
نشرہ سندھو نے 3 سری لنکن پلیئرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نداڈار،سعدیہ اقبال، ایمن انور نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔،
سری لنکا کی ہرشتا نے سب سے 35 رنز بنائے۔انوشکا نے 26 جبکہ نیلاکشی نے 14 رنز بنائے۔

کیا اب ملک جعلی آڈیو یا وڈیو کے سر پے چلانا ہے؟حماد اظہر

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف حماد اظہر کا کہنا ہے کہ کیا اب ملک جعلی آڈیو یا وڈیو کے سر پے چلانا ہے؟
حماد اظہر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مریم نواز لندن میں سیر کر رہی ہے،، اسحاق ڈار وزیر خزانہ بن گیا، شہباز اور حمزہ کا کیس بھی ختم ہو گیا۔ لیکن حامد زمان، سینٹر سیف اللہ اور عاظم سواتی جیل میں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ کر کہ کیا اب ملک جعلی آڈیو یا وڈیو کے سر پے چلانا ہے؟ بات بہت آگے جا چکی ہے۔

سی ای او کے الیکٹرک کے وارنٹ جاری

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے سی ای او کے الیکٹرک کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
سندھ ہائی کورٹ نے ایڈیشنل آئی جی کو وارنٹ کی ایک گھنٹے میں تعمیل کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو کہیں سی ای او کے الیکٹرک کو ایک گھنٹے میں لے آئیں۔ سی ای او کےالیکٹرک کے 50 ہزار کے عوض وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے۔
لوڈ شیڈنگ کے باعث عدالت میں اندھیرا ہونے کی وجہ سے رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کو طلب کیا گیا۔ جسٹس صلاح الدین پنہور نے استفسار کیا کہ کیا آپ کے پاس متبادل ذرائع نہیں؟
رجسٹر سندھ ہائی کورٹ نے جواب دیا کہ ہمارے پاس متبادل جنریٹر موجود ہے لیکن جنریٹر سے مرکزی عمارت کو بجلی دی جاتی ہے۔
عدالت نے رجسٹرار سے سوال کیا کہ کیا آپ نے سولر سسٹم کا انتظام نہیں کیا؟ جس پر رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ نے جواب دیا کہ ہمارے پاس سولر سسٹم موجود نہیں ہے۔
جسٹس صلاح الدین پنہور نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ پرانے دور میں رہ رہے ہیں۔ ہمارا کام ڈسٹرب ہو رہا ہے یہ بوجھ تو آپ پر پڑے گا۔ آپ سولر سسٹم لگائیں، اس پر غور کریں، فائدہ ہو گا۔
انہوں نے تجویز دی کہ پارکنگ ایریا میں شیڈ لگائے جا سکتے ہیں، نیچے گاڑیاں کھڑی ہوں گی اور اوپر سولر سسٹم چل سکتا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے کے الیکٹرک کے سی ای او کے وارنٹ جاری کیے ہیں، معاملے کو دیکھیں اور ایڈووکیٹ جنرل سے بات کریں۔