All posts by Khabrain News

منی لانڈرنگ کیس، خصوصی عدالت نے سلیمان شہباز کی بے گناہی کی رپورٹ مسترد کر دی

لاہور: (ویب ڈیسک) منی لانڈرنگ کیس میں سلیمان شہباز کو بے گناہ کرنے کی ایف آئی اے کی رپورٹ سپیشل کورٹ نے مسترد کر دی۔
خصوصی عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ سلیمان شہباز اور طاہر نقوی بطور ملزم آئندہ سماعت پر پیش ہوں، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف کچھ نہیں لکھ رہے کیونکہ انہیں پچھلے جج اعجاز اعوان بری کر چکے ہیں۔
تحریری حکم نامے میں سپیشل سینٹرل عدالت نے سلیمان شہباز، طاہر نقوی کو آئندہ سماعت پر بطور ملزم طلب کیا، دونوں کو 50،50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی، سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کے خلاف مواد موجود ہے، متعلقہ افسران ضروری دستاویزات عدالت میں پیش کریں۔
تحریری فیصلے میں سلیمان شہباز سمیت دیگر ملزمان کے وکلاء کو بریت کی درخواستوں پر دلائل دینے کا کہا گیا ہے، ضمنی چالان میں ایف آئی اے نے سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کو ملزم قرار نہیں دیا تھا۔

سعودی سفیر نواف سعید المالکی کی گورنر ہاؤس سندھ آمد، غلاف کعبہ کا حصہ پیش کیا

کراچی: (ویب ڈیسک) سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے گورنر ہاؤس سندھ کا دورہ کیا اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کو غلاف کعبہ کا حصہ پیش کیا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اس قیمتی اور متبرک تحفے پر سعودی عرب کے سفیر کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ خادم حرمین الشریفین کی جانب سے اس مقدس تحفے پر ان کا انتہائی مشکور ہوں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کا گورنر ہاؤس میں استقبال کر کے خوشی ہوئی، دونوں ممالک کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں، دعا ہے کہ مستقبل میں یہ تعلقات دونوں ممالک کے لوگوں کو فائدہ پہنچاتے ہوئے مزید فروغ پائیں۔

 

بجلی بریک ڈاؤن کی تحقیقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے معاملے پر نیپرا نے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔
ذرائع کے مطابق نیپرا کے سینئر ایڈوائزر کی سربراہی میں کمیٹی تحقیقات کرے گی، تحقیقاتی کمیٹی میں 3 تکنیکی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، کمیٹی ایک ماہ میں چیئرمین نیپرا کو رپورٹ پیش کرے گی۔
قائمہ کمیٹی برائے توانائی کی ہدایت پر کمیٹی قائم کی گئی ہے، کمیٹی بریک ڈاؤن کے ذمہ داروں کا تعین کرے گی، تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی عمل میں لائے جانے کا امکان ہے۔

آڈیو لیک تحقیقات مکمل، ایف آئی اے نے شوکت ترین کی گرفتاری کیلئے اجازت مانگ لی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شوکت ترین کی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزراء خزانہ کے ساتھ لیک آڈیو کے معاملے کی ایف آئی اے نے تحقیقات مکمل کر لیں۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات کے بعد شوکت ترین کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، ایف آئی اے نے شوکت ترین کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے اجازت مانگ لی ہے، سابق وفاقی وزیر خزانہ کی گرفتاری کیلئے وزارت داخلہ سے اجازت مانگی گئی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق شوکت ترین کی گفتگو آئی ایم ایف سے ڈیل کو نقصان پہنچانے کیلئے تھی، وہ قومی مفادات اور سکیورٹی کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے، واضح رہے وفاقی حکومت نے شوکت ترین کی لیک آڈیو پر تحقیقات کیلئے معاملہ ایف آئی اے کو بھجوایا تھا۔

2018ء والی سلیکشن کمیٹی ٹوٹ گئی، اب عمران خان کی کہانی ختم: مریم نواز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ جب ملک نااہلوں کے پاس ہوتا ہے تو نواز شریف کو آواز لگاتے ہیں اور جب ملک ٹھیک ہو جاتا ہے تو پھر نکال دیتے ہیں۔
اسلام آباد میں پارٹی کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سب کو نوازشریف کا سلام، آج صرف کارکنوں سے ملنے آئی ہوں، لندن میں نواز شریف نے کہا تنظیمی کنونشن کرو، مخالفین کو لگا مہنگائی ہے رسپانس نہیں ملے گا، آج وہ دوربین لگا کر بیٹھے ہیں، عوام بیوقوف نہیں سب پتا ہے مہنگائی کو لانے والا کون ہے، گھڑی چور کو چھوڑیں گے نہیں اس پر بات کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں نیب کے انتقام کو بھگتا، نالائقی، نااہلی کی وجہ سے راول فلائی اوور نہیں بنا سکا، شہباز شریف نے فلائی اوور کو مکمل کیا، شہباز سپیڈ کی وجہ سے منصوبے مکمل ہوئے، موازنہ ہو گا تو شہباز شریف کے 10 اور عمران خان کے خیبرپختونخوا کے 10 سال سے ہو گا، جب معیشت ہچکولے کھاتی ہے تو نواز شریف کو ٹھیک کرنے کیلئے لاتے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار آئی ایم ایف سے معاہدہ کر رہے ہیں، شہباز شریف، اسحاق ڈار مذاکرات کرنے کے بجائے جو چھپ کر بیٹھا ہے اس کو آئی ایم ایف کے سامنے بٹھاتے، خود تو آرام سے زمان پارک کے بنکر میں بیٹھ گیا، نواز شریف نے آئی ایم ایف معاہدہ پورا کیا تھا لیکن آٹے، چینی کی قیمت نہیں بڑھنے دی، یہ وہی بے حس حکمران تھا جو کہتا تھا پیاز کی قیمتیں کم کرنے نہیں آیا۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا بنی گالہ، زمان پارک کا کچن کوئی اور چلاتا ہے، عوام اپنے کچن کو خون پسینے کی کمائی سے چلاتے ہیں، اس مجرم کو عوام کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، خدا کو گواہ بنا کر کہتی ہوں شہبازشریف، اسحاق ڈار صبح فجر کے بعد کام شروع کرتے ہیں، جو یہ گند مچا کر گیا جلد ٹھیک نہیں ہو گا، یہ اگلے 5 سال پر نظر رکھ کر بیٹھا ہے، اس نے گزشتہ 4 سالوں میں ملک کا بیڑہ غرق کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اس کو اگر اگلے 5 سال مل جاتے تو ملک کا کیا حال ہوتا؟ آج ایوان صدر کی ملاقات کو مان گیا ہے، رات کو چھپ چھپ کر ملتا ہے، اسٹیبلشمنٹ کو کہہ رہا ہے تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی، اس کا رونا دھونا جاری ہے اس کو تالی بجانے کیلئے دوسرا ہاتھ نہیں مل رہا، اب یہ تالی نہیں بجے گی، کہتا ہے مسلم لیگ الیکشن سے ڈر رہی ہے، سلیکشن والے الیکشن سے ڈرتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ سن لو 2018 کی تمہاری سلیکشن کمیٹی اب ٹوٹ گئی ہے، سلیکٹرز گھر چلے گئے اب تمہیں فکر ہونی چاہیے، پرسوں سن رہی تھی کہہ رہے تھے عمران کا گھر جانا ضروری تھا، اب آپ کی کہانی ختم، سلیکشن اور بابا رحمتے ختم، وہ قوم کیلئے بابا زحمت بن گیا، بابا رحمتے نے اس کو سرٹیفکیٹ دیئے تھے، تحفے بیچ کر کھا گیا، جتنے مرضی پلاسٹر چڑھاؤ گھڑی چوری، اولاد کا بھی حساب دینا پڑے گا۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کارکنوں کا جذبہ دیکھ کر میرا جذبہ کوہ ہمالیہ جیسا بلند ہو جاتا ہے، اس دفعہ اسلام آباد کی سیٹ جیت کر دکھانی ہے، ہم نے کمر باندھ لی ہے، نعرے، جھوٹ، پروپگنڈا اور گالی گلوچ کی سیاست چھوڑو، آپ کا مستقبل اس جماعت سے وابستہ ہونا چاہیے جس نے لیپ ٹاپ، سکالر شپس دیئے۔

اس بار عوام کی نہیں، شہباز شریف کی قربانی چاہئے، سراج الحق

وزیر آباد: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ شہباز شریف صاحب قوم مقروض ہے کیا ایسے میں 85 وزیر چاہئیں، اس بار عوام کی نہیں شہباز شریف کی قربانی چاہئے۔
جماعت اسلامی کا مہنگائی کے خلاف مارچ وزیر آباد پہنچ گیا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اللہ والا چوک کے قریب خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت آئے گی تو یہ وزیروں کی فوج ظفر موج نہیں ہو گی، ہمارے ججوں کے پاس انگریزوں کی کتاب نہیں قرآن مجید ہو گا، ہم نوجوانوں کو بے روزگاری الاؤنس دیں گے، پروٹوکول کلچر ختم کریں گے سودی حکومت ختم ہو گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی ملک کی معاشی ابتری کے ذمہ دار ہیں، اللہ نہیں چاہتا اس کا بندہ کفار کے آگے ہاتھ پھیلائے، آج 23 کروڑ عوام کا پاکستان ہے، ان کی قسمت کے فیصلے اسلام آباد نہیں واشنگٹن میں ہوتے ہیں، گندم یہاں کی، چاول، آلو، ٹماٹر یہاں کا لیکن اس کی قیمت کا فیصلہ یہاں نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ حکمران آنیاں جانیاں کرتے ہیں، یہ چابی پر چلتے ہیں، چابی دینے والا امریکہ ہے، اتنا زیادہ قرضہ ان کی پالیسیوں کی وجہ سے چڑھ چکا ہے، عوام پر قرضہ چڑھتا چلا جا رہا ہے صرف ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے۔ یہاں 80 ملین ایکڑ زمین ہے اس کے باوجود چاول، دال، آٹا کی قیمتیں آسمان سے بات کر رہی ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کے کتے، بلیوں کے لئے خوراک فرانس سے آتی ہے، عوام کے بچے بھوکے سوتے ہیں، عوام بچوں کو کھلائیں گے یا پڑھائیں گے؟ یہ مہنگائی اور بیروزگاری ان کی وجہ سے ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انہوں نے آپ کے ملک کو دو لخت کیا ہے بیروزگاری ان کی وجہ سے آئی ہے، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی لڑائی صرف کرسی لئے ہے، یہ اپنی پراپرٹیز میں اضافہ کرتے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ انہوں نے اداروں، بینکوں کو یرغمال بنایا، امریکہ کی یہ غلامی کرتے ہیں، اپنے گلے بچائیے اس بار عوام کو قربانی نہیں دینی چاہئے، ہم آئی ایم ایف کی غلامی نہیں مانتے۔

بھارت کا ایک اور فالس فلیگ آپریشن کا منصوبہ ناکام

لاہور : (ویب ڈیسک) جنگی جنون میں مُبتلا بھارت کو ایک اور شرمندگی کا سامنا۔
طاقت کے نشے میں چور ہندوستان ایک مرتبہ پھر خطے کے امن کو تباہ کرنے کے درپے۔
پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ایک اور بھارتی فالس فلیگ آپریشن کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔
خُفیہ اطلاعات کے مطابق مُودی سرکار14فروری کو پلوامہ حملے کی چوتھی برسی پر اُسی طرز کا ایک اور ڈرامہ رچانے جا رہی ہے۔
منصوبے کے مطابق14فروری کو کشمیر کے جنوبی اضلاع میں بارُود سے لیس دھماکہ خیز گاڑی کے طرز کا حملہ کیا جانا ہے۔
پلوامہ، کلگام، انتناگ اور شوپیاں میں فوجی اہداف پر خود کش حملہ کئے جانے کی قوی اطلاعات ہیں۔
خُفیہ اطلاعات کے مطابق کسی نوجوان سے خود کش حملہ کروا کر الزام پاکستان اورISIپر تھوپنا ہے۔
انتخابات کا وقت آتے ہی مُودی سرکار پاکستان کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئی۔
بھارت کی 9ریاستوں میں اس سال انتخابات ہونا ہیں جو2024کے بھارتی لوک سبھا انتخابات میں فیصلہ کُن اہمیت کے حامل ہیں۔
مُودی سرکار فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے پاکستان مخالف جذبات اُبھار کر الیکشن جیتنا چاہتی ہے، چاہے اس مقصد کے حصول کے لئے مُودی سرکار کو کتنے ہی فوجی کیوں نہ مروانا پڑیں۔
بھارتی فوج کے جوان مُودی سرکار کے اقتدار کی حوس کا ایندھن بنیں گے۔
باراک اوباما نے اپنی کتابThe Promised Landمیں لکھا تھا کہ پاکستان مخالف جذبات پر ہندوستان انتخابات جیتتا ہے۔
جنوری2022میں کانگریس رہنما اُدت راج نے نریندر مُودی پر پلوامہ حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا۔
16جنوری2021کوThe Wireکی رپورٹ میں ارناب گوسوامی کی لیک واٹس ایپ چیٹ کے مطابق پلوامہ حملے میں مُودی سرکار خود ملوث تھے۔
27اکتوبر2022کو بھارتی وزیر دفاع نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے زور پر ختم کرنے کا بیان دیا تھا۔
یکم نومبر2022کو لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا نے بیان دیا کہ بھارتی فوج آزاد کشمیر پر حملہ کرنے کے لئے تیار ہے۔
حالیہ اشتعال انگیز بیانات اور اقدامات کا مقصد جنگ کا ماحول بنا کر خطے کا امن داؤ پر لگانا ہے۔
مُودی سرکار فالس فلیگ آپریشن کو جواز بنا کر جنگ بندی معاہدہ ختم کرنا چاہتا ہے۔
اسی لئے پاکستان کو نشانہ بنانے کی غرض سے کسی بھی فالس فلیگ آپریشن کا سہارا لیاجا سکتا ہے۔

شام میں پہلے جنگ اوراب زلزلہ ، 5.3 ملین افراد بےگھر

بیروت : (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے خبردار کیا ہے کہ شام میں آنیوالے تباہ کن زلزلے سے 5.3 ملین افراد بے گھر ہو سکتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شام میں یو این ایچ سی آر کے نمائندے سیوانکا دھانپالا نے جمعے کو جنیوا میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہمارا ابتدائی تخمینہ ہے کہ زلزلے سے متاثر ہونے والے 5.37 ملین افراد کو شام میں پناہ کی ضرورت ہے ، یہ ان لوگوں کی بہت بڑی تعداد ہے جو پہلے ہی بڑے پیمانے پر نقل مکانی کرچکی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یو این ایچ سی آر ضرورت مندوں کے لیے پناہ گاہ اور امداد جیسے خیمے، پلاسٹک کی چادر، تھرمل کمبل، چٹائیاں اور موسم سرما کے کپڑے فراہم کرنے پر توجہ دے رہا ہے۔
شام میں بے گھر ہونے والوں میں یہ اضافہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب شام پہلے ہی طویل عرصے سے خانہ جنگی کا شکار ہے۔
6 فروری کے زلزلے سے پہلے بھی شام کے اندر 2011ء سے جنگ کے باعث تقریباً 6.8 ملین افراد بے گھر ہوئے تھے۔
نمائندہ یواین ایچ سی آر نے مزید کہا کہ زلزلے سے قبل حکومت کے زیر قبضہ علاقوں سے اپوزیشن کے زیر قبضہ شمال مغربی شام میں کچھ سامان پہنچایا گیا تھا ، انہیں امید ہے کہ شامی حکومت کے ساتھ ایک معاہدہ طے پا جائے گا جس سے ملک کے شمال مغرب تک تیزی اور باقاعدگی سے امدادی سامان کی رسائی کی راہ ممکن ہوگی ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ضمن میں عالمی ادارہ صحت کے ایک اہلکار نے جمعہ کے روز کہا کہ تباہ کن زلزلہ شام میں فراموش ہونیوالے بحران کو دوبارہ منظر عام پر لے آیا ہے ۔
عالمی ادارہ صحت نے بڑی تعداد میں متاثرہ علاقوں میں سامان بھیجنے کے لیے تیار رہنے پر زور دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ لاجسٹک رکاوٹوں کی وجہ سے شام میں زلزلہ زدہ علاقوں تک سامان کی ترسیل میں رکاوٹیں ہیں۔
اس سے قبل شام کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی گیئر پیڈرسن نے ملک میں آنیوالے تباہ کن زلزلے کے بعد فوری امداد کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے شامی حکومت اور اپوزیشن سے سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈالنے کا مطالبہ کیا تھا ۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے سے ہلاکتیں23 ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں ، تباہ حال عمارتوں کے ملبے سے لاشوں اور زخمی افراد کو نکالنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

اذان کے احترام میں خاموشی ، بھارتی اداکار نے مداحوں کے دل جیت لیے

ممبئی : (ویب ڈیسک) بھارت کے معروف ٹی وی اداکار کرن کندرا نے اذان کے احترام میں کچھ لمحوں کیلئے پریس کانفرنس روک دی ، ان کے اس اقدام کو مداحوں کی جانب سے بے حد سراہاجارہا ہے ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر بھارتی ٹی وی اداکار کرن کندرا کی کچھ روز پہلے کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکار اپنے نئے ڈرامے کی تشہیر کیلئے پریس کانفرنس کر رہے تھے کہ اچانک اذان کی آواز سن کروہ میڈیا کو اذان کے احترام میں 2 منٹ کیلئے خاموشی اختیار کرنے کو کہہ کانفرنس روک دیتے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اداکار کرن کندرا کے اذان کے احترام میں خاموشی اختیار کرنے کے عمل کو خوب سراہا جارہا ہے ، ایک صارف نے لکھا کہ “بھارت میں ایسے بھی لوگ ہیں جو دوسرے مذہب کا احترام کرتے ہیں، دل جیت لیا “۔
ایک خاتون صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر سب اسی طرح دوسرے مذاہب کی عزت کریں تو دنیا امن کا گہوارہ بن جائے ، ایک صارف نے کہا کہ اس بندے کی عزت اب ہم پر فرض ہے “۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایک بار اداکار سلمان خان نے بھی ریئلٹی شو کی افتتاحی تقریب کے دوران اذان کی آواز پرخاموشی اختیار کر لی تھی جس پر انہیں سوشل میڈیا پر خوب سراہا گیا تھا۔

بجلی صارفین پر اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری، نیپرا میں درخواست جمع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈز(آئی ایم ایف) کے مطالبے پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا، بجلی کے صارفین پر 17 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریوں کا آغاز ہو چکا ہے۔
بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا میں درخواست جمع کرا دی، اضافہ بجلی کے بلوں میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں لیا جائے گا صارفین سے اکتوبر تا دسمبر 2022 کے ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 17 ارب روپے وصول کیے جائیں گے۔
کیپسٹی چارجز کی مد میں 6 ارب 19 کروڑ روپے وصول کئے جائینگے، بجلی چوری اور لائن لاسز کے 2 ارب روپے بھی صارفین سے وصول کئے جائیں گے، پاور پلانٹس کی مرمت کا بوجھ بھی صارفین پر ڈالا جائے گا۔
بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر نیپرا اتھارٹی 22 فروری کو سماعت کرے گی۔