All posts by Khabrain News

پاک فوج کے افسران ہمیشہ قوم کے محافظ بن کر میدان میں اترے: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوان و افسران ہمیشہ قوم کے محافظ بن کر میدان میں اترے ہیں۔
شہباز شریف لسبیلہ بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کے گھر گئے، وزیردفاع خواجہ آصف اور وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی ہمراہ تھی۔
وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کے لئے فاتحہ کی اور اُن کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں، پاک فوج کے افسران و جوانوں نے اس وطن کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے کبھی دریغ نہیں کیا، دہشتگردوں کے خلاف جنگ ہو یا کوئی قدرتی آفت، پاک فوج کے جوان و افسران ہمیشہ قوم کے محافظ بن کر میدان میں اترے ہیں، مجھ سمیت پوری قوم اپنے شہداء کی ان قربانیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم اس سے پہلے 14 اگست کو میجر طلحہ منان شہید کے گھر انکے اہلِ خانہ سے تعزیت کیلئے بھی گئے تھے

پنجاب حکومت نے گجرات کو ڈویژن کا درجہ دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت کی طرف سے ضلع گجرات کو ڈویژن کا درجہ دے دیا۔
گجرات ڈویژن کا ہیڈ کوارٹر ضلع گجرات بنایا گیا ہے اور دیگر 2 اضلاع میں منڈی بہاؤالدین اورحافظ آباد شامل ہیں۔ گورنرپنجاب بلیغ الرحمان نے منظوری دے کر نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا آبائی علاقہ گجرات ہے اور وہ پی پی 30 گجرات 3 سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

شہباز گل کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
شہباز گل کے وکلاء نے فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا، وکلا کی جانب سے ریمانڈ کے خلاف درخواست دائر کی گئی جس میں استدعا کی گئی کہ دوبارہ ریمانڈ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے پولیس کی نظرثانی درخواست پر آج فیصلہ سناتے ہوئے شہباز گل کا مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ دیا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ مطمئن ہیں شہباز گل سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی اس لیے کیس کی تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید 48 گھنٹوں کے لیے شہباز گل کو پولیس کے حوالے کیا جائے۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ تفتیشی افسر حراست میں لینے کے بعد شہباز گل کا فوری طبی معائنہ کرائے اور طبی معائنہ کی رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے جمع کرائی جائے،شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے۔

شہباز گل کو اغوا، تشدد کیا گیا، یہ میرے خلاف سازش کا حصہ ہے: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنما شہباز گل کو دوبارہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مجھے ٹارگٹ کرنے کی سازش کا حصہ ہے اس میں ان سے زبردستی جھوٹا بیان لیا جائے گا۔
سابق وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ شہباز گل کو جسمانی ریمانڈ پر دوبارہ پولیس کے حوالے کرنے پر انہیں تشویش ہے۔
ان کا کہنا تھا اغوا کرکے بعد نامعلوم مقام پر اور پھر پولیس سٹیشن میں ہونے ہونے والے تشدد کے بعد شہباز گل کی ذہنی اور جسمانی صحت ٹھیک نہیں۔ یہ مجھے ٹارگٹ کرنے کی سازش کا حصہ ہے جس میں شہباز گل سے زبردستی جھوٹا بیان لیا جائے گا جس طرح سوشل میڈیا ایکٹوسٹس سے لیا گیا۔ یہ بالکل قابل قبول نہیں۔‘
عمران خان نے مزید کہا کہ ہم نہ صرف شہباز گل کے خلاف ہونے والے تشدد بلکہ اس طرح کے غیرقانونی اور غیرآئینی کارروائیوں کے خلاف تمام سیاسی اور قانونی اقدامات اٹھائیں گے۔

بلین ٹری منصوبہ، پنجاب، کے پی میں 10 کروڑ پودے لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین کی ہدایت پر پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 10کروڑ پودے لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا، چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا۔
عوام کے نام خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ موسم برسات میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 10 کروڑ پودے لگائے جائیں گے، جشن آزادی کے موقع پر 14 لاکھ پودے لگائے گئے، رواں سال پاکستان پر موسمیاتی تبدیلی کے بڑے منفی اثرات پڑے ہیں، مارچ اور اپریل کے مہینوں کے دوران پاکستان میں دنیا کے مقابلے سب سے زیادہ گرمی پڑی۔
انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت کی وجہ سے پاکستان کے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات بڑھے، اس سال پاکستان میں بارشیں وقت سے پہلے آگئیں اور سیلابوں کا موجب بنیں، موسمیاتی تبدیلی کی بدولت شمالی علاقہ جات میں 3 جگہ گلیشئرز ٹوٹ چکے تھے، گلیشئرز ٹوٹنے کی وجہ سے سیلاب آئے اور علاقوں میں شدید تباہی رونما ہوئی۔

فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات: عمران خان کا جواب دینے سے انکار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو فارن فنڈنگ کیس کے نوٹس پر جواب دینے سے انکار کردیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ایف آئی اے کو اپنے تحریری جواب میں لکھا کہ میں آپکو جوابدہ ہوں نہ ہی معلومات فراہم کرنے کا پابند البتہ دو دن میں نوٹس واپس نہ لیا تو قانون کے تحت آپ کے خلاف کارروائی کروں گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تفصیلات اور دستاویزات طلب کرنا ایف آئی اے کے زیر اثر ہونے کا مظہر ہے، الیکشن کمشن نے فیصلہ نہیں دیا بلکہ رپورٹ جاری کی جبکہ ایف آئی اے کے پاس پولیٹیکل پارٹیز آرڈر2002 کے تحت کارروائی کرنے کا اختیار نہیں، پی ٹی آئی کو جاری کیا گیا نوٹس ایف آئی اے ایکٹ سے بھی متصادم ہے۔
قبل ازیں گزشتہ دنوں ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل نے عمران خان سے بینک اکاﺅنٹس سے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں، جس پر عمران خان اور پی ٹی آئی کی طرف سے سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان نے ایف آئی اے کو جواب بھجوایا۔
دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کا دائرہ کار امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں متعلقہ تحقیقاتی اداروں کے ذریعے بھی وہاں کی کمپنیز و شخصیات کے بارے میں معلومات جمع کی جائیں گی۔

عالمی برادری طالبان حکومت کو اعتماد دیں اور تعلقات بحال کریں، چین

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ طالبان کے ساتھ بات چیت کا آغاز کریں تاکہ افغانستان کی نئی حکومت کو اعتماد ملے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے اقوام متحدہ میں مندوب ژانگ جون نے افغانستان میں طالبان کی حکومت کے قیام کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر کہا ہے کہ عالمی برادری نئی انتظامیہ کو اعتماد اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے تعلقات بحال کرے۔
چین کے اقوام میں مندوب ژانگ جون نے مزید کہا کہ افغانستان کی سابق قیادت کو بھی اپنے تجربات سے ملک کو فائدہ پہنچانا چاہیئے۔ حکومت ختم ہوجانے سے ان کی ذمہ داریاں ختم نہیں ہوجاتیں۔
چینی مندوب نے امریکا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ منجمد افغان فنڈز کو فی الفور ملک کے مرکزی بینک کے حوالے کردینا چاہیئے۔ کسی بھی ملک کے پاس افغانستان کے اثاثے منجمد کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
خیال رہے کہ چین نے گزشتہ برس اگست میں قائم ہونے والی طالبان حکومت کو تاحال تسلیم نہیں کیا ہے تاہم چین کے ان کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال ہیں۔

ترکی کے شام کی سرحدی چوکیوں پر فضائی حملے؛ 17 افراد ہلاک

انقرہ: (ویب ڈیسک) شام کی سرحدی چوکیوں پر ترک فضائیہ کے طیاروں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں کرد جنگجوؤں سمیت 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی اور شام کے علاقے کوبان میں امریکی حمایت یافتہ کرد جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ترکی فوج نے سرحدی چوکیوں پر سلسلہ وار فضائی حملے کیے جس میں شامی فوجی اہلکار اور کرد جنگجو سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے۔
ترک وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی کرد علیحدگی پسند جماعت سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے جنگجوؤں کے ہماری سرزمین پر حملے جواب میں کی جس میں ایک ترک فوجی شہید بھی ہوا تھا۔
شام میں انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والی تنظیم ‘سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس’ نے ترک فوج کے حملے میں 17 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 3 شامی فوجی بھی شامل ہیں جب کہ زیادہ تعداد کرد جنگجوؤں کی ہے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شامی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمارے مسلح افواج کی نگرانی والے کسی بھی فوجی چوکی پر کسی بھی حملے کا تمام محاذوں پر براہ راست اور فوراً جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ترکی اور شام کے کرد جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں جب کہ دو سال قبل کردوں کے علاقوں میں ترک فوجیوں نے آپریشن کلین اپ کا بھی آغاز کیا تھا جو تاحال جاری ہے۔

طالبان سے باغی ہونیوالے کمانڈر مولوی مہدی مجاہد مارے گئے

ہرات: (ویب ڈیسک) طالبان سے باغی ہونے والے کمانڈر مولوی مہدی مجاہد آپریشن میں مارے گئے۔
طالبان حکام کے مطابق مولوی مہدی مجاہد کو ہرات میں آپریشن کے دوران مارا گیا، مولوی مہدی ہرات کے راستے ایران بھاگنے کی کوشش کر رہے تھے۔
افغان میڈیا کے مطابق چند ماہ پہلے مولوی مہدی مجاہد طالبان سے اختلافات کے باعث باغی ہوگئے تھے، سابق طالبان کمانڈر بامیان کی ہزارہ برادری سے تعلق رکھتے تھے۔

ون ڈے رینکنگ: بابر اعظم کی حکمرانی بدستور برقرار

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ون ڈے رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی حکمرانی بدستور برقرار ہے۔
گزشتہ روز نیدر لینڈز کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں 74رنز کی اننگز کھیلنے والے بابر اعظم کی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن مستحکم ہو گئی ہے اور وہ 891 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔
امام الحق کا بھی ون ڈے رینکنگ میں دوسرا نمبر برقرار ہے جبکہ فخر زمان بھی بدستور 11ویں نمبر پر موجود ہیں، ون ڈے باؤلرز میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کا پہلا نمبر ہے جبکہ بھارت کے جسپریت بمراہ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں، پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی 2 درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے جوش ہیزل وڈ تیسرے اور افغانستان کے مجیب الرحمان چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔
بنگلا دیش کے شکیب الحسن ون ڈے آل راؤنڈرز میں پہلے نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی 20 بیٹرز کی رینکنگ میں بھی پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ دوسرے نمبر پر بھارت کے سوریا کمار یادیو موجود ہیں، محمد رضوان کا تیسرا نمبر ہے۔